سبق نمبر 30
راحب نے جاسوسوں کو چھپایا
جب بنیاِسرائیل کے جاسوس شہر یریحو گئے تو وہ راحب نام کی ایک عورت کے گھر ٹھہرے۔ یریحو کے بادشاہ کو یہ پتہ چل گیا۔ اِس لیے اُس نے فوجیوں کو راحب کے گھر بھیجا۔ راحب نے جاسوسوں کو چھت پر چھپا دیا اور فوجیوں کو دوسری طرف بھیج دیا۔ اُنہوں نے جاسوسوں سے کہا: ”مَیں آپ کی مدد کروں گی کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ یہوواہ آپ کے ساتھ ہے اور وہ آپ کو یہ ملک دے گا۔ لیکن مجھ سے وعدہ کریں کہ آپ میرے گھر والوں کو کچھ نہیں ہونے دیں گے۔“
جاسوسوں نے راحب سے کہا: ”ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جو بھی آپ کے گھر میں ہوگا، اُسے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔“ پھر اُنہوں نے کہا: ”اپنی کھڑکی سے ایک لال رسی باندھ دینا۔ آپ کے گھر والوں کی جان بچ جائے گی۔“
راحب نے جاسوسوں کی مدد کی کہ وہ ایک رسی کے ذریعے اُن کی کھڑکی سے نیچے اُتر جائیں اور اپنی جان بچا لیں۔ وہ جاسوس پہاڑوں میں چلے گئے اور تین دن تک وہاں چھپے رہے۔ اِس کے بعد وہ یشوع کے پاس گئے۔ پھر بنیاِسرائیل نے دریائےاُردن پار کِیا اور ملک فتح کرنے کی تیاری کی۔ شہر یریحو وہ پہلی جگہ تھی جسے اُنہوں نے فتح کِیا۔ یہوواہ نے اُن سے کہا کہ وہ دن میں ایک بار شہر کے اِردگِرد چکر لگائیں اور چھ دن تک ایسا کرتے رہیں۔ پھر یہوواہ کے حکم سے اُنہوں نے ساتویں دن سات بار شہر کے اِردگِرد چکر لگایا۔ کاہنوں نے نرسنگے پھونکے اور فوجی پورے جوش سے چلّانے لگے۔ شہر کی دیواریں گِر گئیں! راحب کا گھر بھی شہر کی دیوار پر تھا لیکن اُن کے گھر کو کچھ نہیں ہوا۔ راحب اور اُن کا گھرانہ بچ گیا کیونکہ اُنہوں نے یہوواہ پر بھروسا کِیا تھا۔
”کیا راحب . . . کو بھی اُن کے کاموں کی وجہ سے نیک قرار نہیں دیا گیا کیونکہ اُنہوں نے جاسوسوں کا خیرمقدم کِیا اور اُنہیں دوسرے راستے سے بھیج دیا؟“—یعقوب 2:25