سبق نمبر 29
یہوواہ نے یشوع کو چُنا
موسیٰ نے کئی سال تک بنیاِسرائیل کی پیشوائی کی۔ اب اُن کی زندگی ختم ہونے والی تھی۔ یہوواہ نے اُن سے کہا: ”تُم بنیاِسرائیل کو وعدہ کیے ہوئے ملک میں نہیں لے کر جاؤ گے۔ لیکن مَیں تمہیں وہ ملک دیکھنے کا موقع دوں گا۔“ پھر موسیٰ نے یہوواہ سے درخواست کی کہ وہ اُن کے بعد بنیاِسرائیل کی پیشوائی کرنے کے لیے کسی کو چُنے۔ یہوواہ نے موسیٰ سے کہا: ”یشوع کے پاس جاؤ اور اُسے بتاؤ کہ وہ بنیاِسرائیل کی پیشوائی کرے گا۔“
موسیٰ نے پوری قوم کو بتایا کہ ”میری زندگی کا کچھ ہی وقت رہ گیا ہے اور یہوواہ نے یشوع کو چُنا ہے تاکہ وہ میرے بعد آپ کو وعدہ کیے ہوئے ملک میں لے جائیں۔“ موسیٰ نے یشوع سے کہا: ”گھبرائیں نہیں! یہوواہ آپ کی مدد کرے گا۔“ اِس کے کچھ ہی وقت بعد موسیٰ کوہِنبو پر گئے جہاں سے یہوواہ نے اُنہیں وہ ملک دِکھایا جسے دینے کا وعدہ اُس نے اَبراہام، اِضحاق اور یعقوب سے کِیا تھا۔ جب موسیٰ فوت ہوئے تو اُس وقت اُن کی عمر 120 سال تھی۔
یہوواہ نے یشوع سے کہا: ”دریائےاُردن پار کرو اور ملک کنعان جاؤ۔ جیسے مَیں نے موسیٰ کی مدد کی ویسے مَیں تمہاری بھی مدد کروں گا۔ ہر روز میری شریعت پڑھنا۔ گھبراؤ نہیں؛ دلیر بنو۔ جاؤ اور وہ کرو جو مَیں نے کرنے کو کہا ہے۔“
یشوع نے دو جاسوسوں کو شہر یریحو بھیجا۔ اگلے سبق میں ہم دیکھیں گے کہ وہاں اَور کیا کچھ ہوا۔ جب وہ جاسوس واپس آئے تو اُنہوں نے بتایا کہ یہ ملک کنعان جانے کا سب سے اچھا وقت ہے۔ اگلے دن یشوع نے بنیاِسرائیل سے کہا کہ وہ اپنا سامان باندھ لیں۔ جن کاہنوں نے عہد کا صندوق اُٹھایا ہوا تھا، یشوع نے اُن سے کہا کہ وہ سب سے آگے دریائےاُردن کی طرف جائیں۔ دریائےاُردن کا پانی تیزی سے بہہ رہا تھا۔ لیکن جیسے ہی کاہنوں کے پاؤں پانی پر پڑے، دریا کا بہاؤ رُک گیا اور اُس جگہ سے پانی اُتر گیا۔ وہ کاہن تب تک دریا کے بیچ زمین پر کھڑے رہے جب تک کہ پوری قوم نے دریا پار نہ کر لیا۔ آپ کے خیال میں کیا یہ معجزہ دیکھ کر بنیاِسرائیل کو وہ معجزہ یاد آیا ہوگا جو یہوواہ نے بحیرۂاحمر پر کِیا تھا؟
اب کئی سالوں بعد بنیاِسرائیل وعدہ کیے ہوئے ملک پہنچ گئے تھے۔ اب وہ اپنے گھر اور شہر بنا سکتے تھے؛ کھیتیباڑی کر سکتے تھے اور انگور اور دوسرے پھلوں کے باغ لگا سکتے تھے۔ یہ ایک ایسا ملک تھا جہاں دودھ اور شہد بہتا تھا۔
”یہوواہ ہمیشہ تمہاری رہنمائی کرے گا اور سُوکھی زمین میں بھی تمہارا خیال رکھے گا۔“—یسعیاہ 58:11