مسیحیوں کے طور پر زندگی
پولُس نے خدا کا شکر کِیا اور حوصلہ پایا
جب روم کی کلیسیا نے سنا کہ پولُس روم آ رہے ہیں تو کچھ بھائی تقریباً 64 کلومیٹر (40 میل) کا سفر طے کر کے اُن سے ملنے آئے۔ اُن بھائیوں کی بےلوث محبت کا پولُس پر کیا اثر ہوا؟ ”پولُس نے اُن کو دیکھ کر خدا کا شکر کِیا اور حوصلہ پایا۔“ (اعما 28:15) اگرچہ پولُس اُن کلیسیاؤں کی حوصلہافزائی کرنے کی وجہ سے جانے جاتے تھے جن کا وہ دورہ کرتے تھے لیکن اِس موقعے پر جبکہ وہ ایک قیدی تھے، اُنہیں دوسروں سے حوصلہ ملا۔—2-کُر 13:10۔
آجکل حلقے کے نگہبان بہن بھائیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کلیسیاؤں کا دورہ کرتے ہیں۔ خدا کے تمام بندوں کی طرح کبھی کبھی وہ بھی تھک جاتے ہیں، پریشان ہو جاتے ہیں اور بےحوصلہ ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا اگلی بار جب حلقے کے نگہبان اور اُن کی بیوی آپ کی کلیسیا کا دورہ کرنے آئیں تو آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ اُن کی بھی حوصلہافزائی ہو اور آپ کی بھی؟—روم 1:11، 12۔
مُنادی کے لیے منعقد ہونے والے اِجلاسوں میں جائیں۔ جب مبشر حلقے کے نگہبان کے دورے سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کے لیے قربانیاں دیتے ہیں تو حلقے کے نگہبان کی حوصلہافزائی ہوتی ہے۔ (1-تھس 1:2، 3؛ 2:20) اُس مہینے کے دوران مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کے بارے میں سوچیں جس میں حلقے کے نگہبان کا دورہ ہے۔ کیا آپ حلقے کے نگہبان یا اُن کی بیوی کے ساتھ مُنادی کر سکتے ہیں یا شاید اُن میں سے ایک کو اپنے کسی بائبل کورس پر لے جا سکتے ہیں؟ اُنہیں فرق فرق مبشروں کے ساتھ کام کر کے اچھا لگتا ہے۔ اِن میں نئے مبشر بھی شامل ہیں اور وہ بھی جنہیں لگتا ہے کہ وہ مُنادی کے کام کے حوالے سے زیادہ مہارت نہیں رکھتے۔
مہماننوازی کریں۔ کیا آپ حلقے کے نگہبان اور اُن کی بیوی کو اپنے گھر ٹھہرا سکتے ہیں یا اُنہیں کھانے پر بلا سکتے ہیں؟ اِس سے ظاہر ہوگا کہ آپ اُن سے محبت کرتے ہیں۔ وہ یہ توقع نہیں کرتے کہ اُن کے لیے بہت زیادہ اِہتمام کِیا جائے۔—لُو 10:38-42۔
حلقے کے نگہبان کی طرف سے ہدایت اور اِصلاح کو قبول کریں۔ حلقے کے نگہبان بڑے پیار سے ہماری مدد کرتے ہیں کہ ہم اَور بہتر طریقے سے یہوواہ کی خدمت کرنے کے لیے کیا کر سکتے ہیں۔ کبھی کبھار شاید اُنہیں ہماری درستی بھی کرنی پڑے۔ (1-کُر 5:1-5) جب ہم فرمانبرداری اور تابعداری کرتے ہیں تو اُنہیں خوشی ہوتی ہے۔—عبر 13:17۔
شکرگزاری ظاہر کریں۔ حلقے کے نگہبان اور اُن کی بیوی کو بتائیں کہ اُن کی خدمت اور حوصلہافزائی سے آپ کو کیسے فائدہ ہوا ہے۔ آپ اُن کے لیے ایک کارڈ لکھ کر بھی اُن کا شکریہ ادا کر سکتے ہیں۔—کُل 3:15۔