ہم کس وجہ سے مُنادی کرتے ہیں؟
۱. محبت اور مُنادی کے کام میں کیا تعلق ہے؟
۱ خدا کی بادشاہت کی مُنادی کرنا دُنیا کے ہر کام سے زیادہ اہم ہے۔ بِلاشُبہ اِس کام کو کرنے سے ہم دو بڑے حکموں پر عمل کرتے ہیں یعنی ہم یہوواہ خدا اور پڑوسی سے محبت ظاہر کرتے ہیں۔ (مر ۱۲:۲۹-۳۱) محبت کی وجہ سے ہم میں جوش کے ساتھ مُنادی کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔—۱-یوح ۵:۳۔
۲. مُنادی کرنے سے ہم یہوواہ خدا کے لئے محبت کیسے ظاہر کرتے ہیں؟
۲ خدا کے لئے محبت: ہم یہوواہ خدا سے بہت گہری محبت کرتے ہیں اور اِس وجہ سے دوسروں کو اُس کے بارے میں سچائی بتانا چاہتے ہیں۔ تقریباً ۶۰۰۰ سال سے شیطان خدا کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہا ہے۔ (۲-کر ۴:۳، ۴) اِس وجہ سے لوگ مانتے ہیں کہ خدا گنہگاروں کو دوزخ میں تڑپاتا ہے؛ خدا تثلیث ہے اور اُسے سمجھنا مشکل ہے اور اُسے انسانوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ بہت سے لوگ تو یہ مانتے ہیں کہ خدا کا کوئی وجود ہی نہیں۔ لیکن ہماری شدید خواہش ہے کہ ہم دوسروں کو اپنے آسمانی باپ کے بارے میں سچائی بتائیں۔ جب ہم پوری لگن سے مُنادی کرتے ہیں تو اِس سے یہوواہ خدا کا دل خوش ہوتا ہے جبکہ شیطان کا دل کڑھتا ہے۔—امثا ۲۷:۱۱؛ عبر ۱۳:۱۵، ۱۶۔
۳. مُنادی کرنے سے ہم لوگوں کے لئے محبت کیسے ظاہر کرتے ہیں؟
۳ پڑوسی کے لئے محبت: جب بھی ہم کسی شخص کو یہوواہ خدا کے بارے میں گواہی دیتے ہیں تو ہم اُس شخص کے لئے محبت ظاہر کرتے ہیں۔ اِس بُرے زمانے میں یہ اشد ضروری ہے کہ ہم لوگوں کو خوشخبری سنائیں۔ آجکل بہت سے لوگ یوناہ نبی کے زمانے کے لوگوں کی طرح ہیں ”جو اپنے دہنے اور بائیں ہاتھ میں امتیاز نہیں کر سکتے۔“ (یوناہ ۴:۱۱) مُنادی کے کام کے ذریعے ہم لوگوں کو یہ سکھاتے ہیں کہ وہ ایک خوشگوار زندگی کیسے گزار سکتے ہیں۔ (یسع ۴۸:۱۷-۱۹) ہمارے کام کی وجہ سے اُن کے دل میں اُمید کی کِرن جاگتی ہے۔ (روم ۱۵:۴) اگر وہ ہمارا پیغام سنتے اور اُس کے مطابق عمل کرتے ہیں تو وہ نجات پا سکتے ہیں۔—روم ۱۰:۱۳، ۱۴۔
۴. یہوواہ خدا کس بات کو کبھی نہیں بھولے گا؟
۴ اچھے بچے بس خاص موقعوں پر ہی اپنے ماںباپ کے لئے محبت نہیں ظاہر کرتے بلکہ وہ ہر وقت ایسا کرتے ہیں۔ اگر ہمارے دل میں یہوواہ خدا اور پڑوسی کے لئے گہری محبت ہوگی تو ہم صرف خاص موقعوں پر ہی نہیں بلکہ ہر وقت لوگوں کو گواہی دینے کے لئے تیار رہیں گے۔ اور ہم بغیر ہمت ہارے مُنادی کرتے رہیں گے۔ (اعما ۵:۴۲) ہمیں یقین ہے کہ یہوواہ خدا ہماری اِس محبت کو کبھی نہیں بھولے گا۔—عبر ۶:۱۰۔