سوالی بکس
▪ کیا کسی یہوواہ کے گواہ کے لئے مذہبی ادارے کے تحت چلنے والے ہسپتال میں علاج کرانا اور دیکھبھال کے لئے کسی نرسنگ ہوم میں داخل ہونا موزوں ہے؟
بہتیرے مذہبی ادارے ایسے ہسپتال یا نرسنگ ہومز چلاتے ہیں جہاں مریضوں کو عام علاجمعالجے کے لئے یا پھر سنگین بیماری کی صورت میں دیکھبھال کے لئے رکھا جاتا ہے۔ عام طور پر، ایسی سہولیات بڑے بابل یعنی جھوٹے مذہب کو فروغ دینے کے لئے قائم نہیں کی جاتیں۔ (مکا ۱۸:۲، ۴) ہو سکتا ہے کہ اِنہیں ایک ایسے مذہبی ادارے کے طور پر قائم کِیا گیا ہو جس سے کچھ پیسہ کمایا جا سکتا ہے۔ تاہم آجکل، بعض ہسپتالوں کے صرف نام ہی مذہبی ہوتے ہیں جبکہ کچھ ہسپتالوں میں ابھی بھی مذہبی ارکان پر مشتمل سٹاف کام کرتا ہے۔
اگر کسی یہوواہ کے گواہ کو ایسے ہسپتال یا نرسنگ ہوم میں علاج کرانے کی ضرورت پڑتی ہے تو یہ اُس کا ذاتی فیصلہ ہوگا کہ آیا وہ مذہبی ادارے سے تعلق رکھنے والی اِس سہولت سے فائدہ اُٹھانا چاہے گا یا نہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ایک شخص کا ضمیر اُسے ایسی سہولت سے فائدہ اُٹھانے کی اجازت دے جبکہ دوسرے کا ضمیر شاید اُسے ایسا کرنے سے روکے۔ (۱-تیم ۱:۵) اِس کے علاوہ، مختلف طرح کی صورتحال بھی کسی شخص کے فیصلے پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔ لہٰذا اِن باتوں پر توجہ دینا بہت ضروری ہے۔
مثال کے طور پر، ہو سکتا ہے کہ آپ کے گھر کے قریب ایک ہی ہسپتال یا نرسنگ ہوم ہے جس کا نام کسی مذہبی ادارے سے منسلک ہے۔ دوسری صورت یہ بھی ہو سکتی ہے کہ گھر کے قریب کوئی دوسرا ہسپتال تو ہے لیکن شاید وہاں اچھی سہولیات میسر نہیں یا وہاں مناسب دیکھبھال نہیں کی جاتی۔ جبکہ کسی مذہبی ادارے سے وابستہ ہسپتال میں بہتر نگہداشت دستیاب ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ مذہبی نام سے منسلک ہسپتال میں کسی مخصوص علاج کے لئے درکار خاص قسم کا طبّی سازوسامان دستیاب ہے۔ یاپھر یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کا ڈاکٹر یا سرجن صرف اِسی ہسپتال میں بیٹھتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ مذہبی تنظیموں سے وابستہ بعض ہسپتال خون کے استعمال کی بابت آپ کے مسیحی نظریے کا احترام کریں جبکہ پرائیوٹ یا گورنمنٹ ہسپتالوں میں آپ کے نظریے کا لحاظ نہ رکھا جائے۔ لہٰذا، علاج کے لئے کسی بھی ہسپتال میں جانے کا فیصلہ کرتے وقت آپ کو اِن پہلوؤں پر ضرور سوچبچار کر لینی چاہئے۔
پس اگر آپ کسی مذہبی تنظیم سے وابستہ ہسپتال یا نرسنگ ہوم میں علاج کرانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ یہ نظریہ رکھ سکتے ہیں کہ جو بل آپ دیں گے وہ دراصل اُن کی خدمات کے عوض ادا کِیا جائے گا۔ یوں سمجھ لیں کہ اگر کوئی مذہبی تنظیم ایک کاروبار کر رہی ہے اور آپ اُن سے کوئی چیز خریدتے ہیں تو اِس رقم سے آپ جھوٹے مذہب کی حمایت نہیں کر رہے بلکہ صرف کسی چیز یا کام کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔
ایسی صورتحال میں ایک مسیحی کے طور پر آپ کو اِس بات کا یقین کر لینا چاہئے کہ آپ جھوٹے مذہب کے کسی بھی کام میں حصہ نہیں لے رہے۔ اِس کے علاوہ، آپ یہاں کام کرنے والوں یا یہاں پر ملاقات کے لئے آنے والوں کے لئے ”فادر“ یا ”سسٹر“ جیسے مخصوص مذہبی القاب استعمال نہیں کریں گے۔ (متی ۲۳:۹) آپ کو اِس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا کہ آپ یہاں محض علاج کے لئے آئے ہیں۔
ہسپتال میں داخل ہو جانے کے بعد اچھا ہوگا کہ آپ اُنہیں بتا دیں کہ آپ یہوواہ کے گواہ ہیں اور آپ کی خواہش ہے کہ کلیسیا کے مقامی بزرگ آپ سے ملاقات کرتے رہیں۔ یوں جب تک آپ ہسپتال میں ہیں آپ کو موزوں روحانی مدد ملتی رہے گی۔—۱-تھس ۵:۱۴۔
خاندان کے اُن افراد کو جو گواہ ہیں، مقامی بزرگوں اور کلیسیا کے دیگر بہنبھائیوں کو چاہئے کہ وہ مذہبی تنظیموں کے تحت چلنے والے نرسنگ ہومز میں داخل عمررسیدہ بہن بھائیوں کی روحانی ضروریات کا خیال رکھیں۔ اِس سلسلے میں آپ کی مستعد کوشش ایسے عمررسیدہ اشخاص کے لئے حوصلہافزائی کا باعث ہوگی۔ یوں اُنہیں ایسی جگہوں پر منعقد ہونے والی مذہبی رسموں، تہواروں یا دیگر سرگرمیوں میں شریک نہ ہونے میں بھی مدد ملے گی۔
اِن تمام نکات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہر شخص کو ذاتی طور پر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس ہسپتال یا نرسنگ ہوم میں علاج کرائے گا۔—گل ۶:۵۔