عمدہ چالچلن کے ذریعے گواہی دینا
۱ آج کے اباحتی معاشرے میں، بیشتر نوجوان اندھادھند طریقے سے اپنی زندگیاں منشیات، بداخلاقی، بغاوت اور تشدد میں ضائع کر دیتے ہیں۔ اس کے برعکس، مسیحی کلیسیا میں شائستہ نوجوانوں کے مثالی چالچلن کو دیکھنا تازگیبخش اور واقعی یہوواہ کیلئے جلال کا باعث ہے۔ یہ ایسی پُرزور گواہی کا باعث بنتا ہے جو دوسروں کو سچائی کی طرف راغب کر سکتی ہے۔—۱-پطر ۲:۱۲۔
۲ بہتیرے تجربات ظاہر کرتے ہیں کہ مسیحی نوجوانوں کے عمدہ چالچلن نے مشاہدین پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ ایک سکول ٹیچر نے اپنی طالبہ، ایک نوجوان گواہ کی بابت باتکرتے ہوئے پوری جماعت کو بتایا کہ اِس لڑکی کا خدا، یہوواہ سچا خدا ہے۔ اُس نے یہ بات اس لئے کہی کیونکہ اُس لڑکی کا چالچلن ہمیشہ قابلِاحترام تھا۔ ایک دوسرے ٹیچر نے سوسائٹی کو یہ کہتے ہوئے لکھا: ”مَیں آپ کو اس ضمن میں شاباش دینا چاہونگا کہ آپ کے مذہب میں اتنے مہذب نوجوان ہیں۔ . . . آپ کے نوجوان واقعی ایک مثال ہیں۔ وہ اپنے بزرگوں کا احترام کرتے ہیں، شائستہ ہیں اور حیادار لباس پہنتے ہیں۔ نیز وہ اپنی بائبلوں سے کس قدر واقفیت رکھتے ہیں! واقعی مذہب یہی ہے!“
۳ ایک اَور سکول ٹیچر اپنی کلاس میں سات سالہ گواہ کے عمدہ چالچلن سے بہت متاثر ہوئی۔ لڑکے کی شریفانہ اور خوشگوار شخصیت نے، جس نے اُسے دوسرے لڑکوں سے فرق کر دیا تھا، اُس کا دل موہ لیا۔ وہ اُس کے مذہبی اعتقادات کے سلسلے میں اُس کے سنجیدہ رویے سے بہت متاثر ہوئی—وہ اپنے ایمان کی وجہ سے دوسروں سے فرق ہونے سے شرمندہ نہیں تھا۔ وہ سمجھ سکتی تھی کہ اُس کا ضمیر تربیتیافتہ ہے اور وہ ”نیکوبد میں امتیاز کرنے“ کے قابل ہے۔ (عبر ۵:۱۴) بالآخر، لڑکے کی ماں نے ٹیچر سے ملاقات کی اور ایک بائبل مطالعہ شروع ہو گیا۔ وقت آنے پر، ٹیچر نے بپتسمہ لیا اور بعدازاں ریگولر پائنیر بن گئی!
۴ ایک نوجوان شخص اپنے سکول میں ایک گواہ کے عمدہ چالچلن سے متاثر ہوا۔ وہ واقعی مختلف تھی—نہایت شائستہ، مطالعے کی شائق اور اپنے لباس میں ہمیشہ حیادار؛ دیگر لڑکیوں کے برعکس، اُس نے کبھی لڑکوں سے عشقبازی نہیں کی تھی۔ وہ دیکھ سکتا تھا کہ وہ بائبل اصولوں کے مطابق زندگی بسر کر رہی ہے۔ نوجوان شخص نے اُس سے اُس کے مذہبی اعتقادات کی بابت سوالات پوچھے اور جوکچھ اُس نے سیکھا اُس سے بہت متاثر ہوا۔ اُس نے مطالعہ شروع کر دیا، جلد ہی بپتسمہ لے لیا اور بالآخر پائنیر خدمتگزاری اور بیتایل خدمت میں حصہ لیا۔
۵ اگر آپ دوسروں کو عمدہ گواہی دینے کے خواہشمند جوان مسیحی ہیں تو ہر لحاظ سے اپنے چالچلن پر دھیان دیں۔ دُنیا کے اباحتی رُجحانات، نظریات یا طرزِزندگی کی طرف مائل ہوتے ہوئے کبھی بھی اُس کے آگے نہ جھکیں۔ صرف میدانی خدمتگزاری کے دوران اور کلیسیائی اجلاسوں پر ہی نہیں بلکہ سکول میں اور تفریح کے وقت بھی اپنی گفتگو، لباس اور بناؤسنگھار میں عمدہ نمونہ قائم کریں۔ (۱-تیم ۴:۱۲) آپ کو اُس وقت حقیقی خوشی حاصل ہوگی جب کوئی اس وجہ سے سچائی میں دلچسپی لیتا ہے کہ آپ نے اپنے عمدہ چالچلن کے ذریعے ’اپنی روشنی‘ چمکائی ہے۔—متی ۵:۱۶۔