آپ بےحسی کیلئے کیسا ردِعمل دکھاتے ہیں؟
۱ بےحسی کا مطلب احساس یا جذبے کی کمی، دلچسپی یا فکرمندی کا فقدان ہے۔ ہمیں خدمتگزاری میں، جن رویوں کا سامنا ہوتا ہے، یہ اُن میں سب سے عام اور مشکل ہے۔ آپ اِس کیلئے کیسا ردِعمل دکھاتے ہیں؟ کیا یہ آپکے خدمتگزاری میں سُست پڑ جانے کا مؤجب بنا ہے؟ آپ اِس پر کیسے قابو پا سکتے ہیں تاکہ بادشاہتی پیغام کیساتھ لوگوں تک پہنچ سکیں؟
۲ پہلے اِس بات کا تعیّن کریں کہ آپ کے علاقے میں لوگ بےحس کیوں ہیں۔ کیا اِسکی یہ وجہ ہے کہ وہ اپنے سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے مایوس ہیں؟ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ جن مسائل کا اُنہیں سامنا ہے، اُنکا کوئی حل نہیں ہے؟ کیا وہ بہتر چیز کے وعدوں کی بابت مُتشکِک ہیں؟ کیا وہ روحانی معاملات کی بابت سوچنے کے لئے آمادہ نہیں ہیں جبتککہ وہ فوری اور قطعی فوائد کو نہ دیکھ سکیں؟
۳ بادشاہتی اُمید کو نمایاں کریں: ایسا کوئی بھی مسئلہ نہیں جسے بادشاہت حل نہیں کرے گی۔ لہٰذا جب بھی ممکن ہو، ہمیں کلیدی صحیفائی بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے بادشاہتی وعدوں کی بابت باتچیت کرنی چاہئے اگرچہ بائبل آیات دکھانا ناممکن یا غیرعملی ہو۔ (عبر ۴:۱۲) تاہم، ہم گفتگو کو اِس مرحلے تک کیسے پہنچا سکتے ہیں؟
۴ لوگوں کو ہماری ملاقات کے مقصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اُنہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم پڑوسی کیلئے محبت اور معاشرے کیلئے فکرمندی کے باعث یہاں ہیں۔ ہم خوب غوروفکر کے بعد تیار کِیا گیا کوئی سوال پوچھ سکتے ہیں جیسےکہ ”آپ کے خیال میں [معاشرے کو متاثر کرنے والے اس مسئلے کا] حل کیا ہے؟“ اگر ایک پیشکش کام نہ کرے تو دوسری آزمائیں۔
۵ ایک بہت متموّل علاقے میں اصحابِخانہ بادشاہتی پیغام کے لئے بہت سردمہر تھے لہٰذا پبلشروں نے ایسا تعارف تلاش کرنے کی کوشش کی جو دلچسپی اُبھار سکتا تھا۔ علم کی کتاب کو نمایاں کرتے ہوئے ایک جوڑے نے یہ تعارف آزمایا: ”کیا آپ سمجھتے ہیں کہ آج کی دُنیا میں کامیاب ہونے کیلئے اچھی تعلیم اہم ہے؟ کیا آپ متفق ہیں کہ جامع تعلیم میں بائبل کی تعلیم بھی شامل ہو گی؟“ ایک سہپہر اُنہوں نے تین کتابیں پیش کیں، ایک کتاب ایسی خاتون کو پیش کی گئی جس نے بعدازاں کہا کہ اُس نے علم کی ساری کتاب پڑھ لی تھی اور وہ بائبل مطالعہ کرنے کیلئے آمادہ تھی۔
۶ جب آپ بےحسی کا سامنا کرتے ہیں تو مختلف پیشکشیں آزمائیں، خیالافروز سوال پوچھیں اور خدا کے کلام کی قوت کو کام میں لائیں۔ اِس طرح آپ دوسروں کی مدد کرنے کے قابل ہونگے کہ ہماری طرح وہ بھی شاندار بادشاہتی اُمید رکھیں۔