نوجوانو—آپ کے روحانی نشانے کیا ہیں؟
۱ یہوواہ جانتا ہے کہ خوشی کے لئے بامقصد کام اور قابلِحصول نشانے کتنے اہم ہیں۔ (دیکھیں پیدایش ۱:۲۸؛ ۲:۱۵، ۱۹۔) آجکل، یہوواہ نے اپنے لوگوں کو منادی کرنے اور تعلیم دینے کا کام سونپ رکھا ہے۔ نیز ہمارے سامنے فردوس میں ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کا حتمی نشانہ بھی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اگر ہمیں اپنی توانائیوں اور وسائل کو غلط کاموں کی نذر ہونے سے بچانا ہے تو ہمیں ترقیپسندانہ روحانی نشانے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔—۱-کرنتھیوں ۹:۲۶۔
۲ نوجوان لوگوں کے لئے حقیقتپسندانہ نشانے: نوجوانوں کو اپنے سامنے ایسے تھیوکریٹک نشانے ضرور رکھنے چاہئیں جو اُن کی ذاتی لیاقتوں کے مطابق قابلِرسائی ہوں۔ (۱-تیمتھیس ۴:۱۵) بعض چھوٹے بچوں نے پڑھنا سیکھنے سے بھی پہلے بائبل کی کتابوں کو زبانی یاد کرنے کے نشانے کو حاصل کر لیا ہے۔ خاندانی مطالعہ کے ذریعے، بچے اجلاسوں کیلئے تیاری کرنا سیکھتے ہیں تاکہ وہ پُرمعنی تبصرے کرنے اور تھیوکریٹک منسٹری سکول میں نام درج کرانے کے نشانے حاصل کر سکیں۔ جب بچے اپنے والدین کے ہمراہ میدانی خدمت میں جاتے ہیں تو وہ گواہی دینے میں حصہ لینا سیکھ جاتے ہیں اور یوں وہ غیربپتسمہیافتہ پبلشر بننے کے نشانے کی طرف بڑھتے ہیں۔ والدین کو اپنے بچوں کے سامنے مخصوصیت اور بپتسمے کا نشانہ رکھنا چاہئے۔
۳ اگر آپ نوعمر ہیں تو آپ کے روحانی نشانوں میں کیا کچھ شامل ہے؟ زندگی میں واقعی اہم نشانوں پر توجہ مرکوز رکھنے سے اب ”اپنے خالق کو یاد“ کریں۔ (واعظ ۱۲:۱؛ زبور ۷۱:۱۷) جن مہینوں کے دوران آپ کو سکول سے چھٹیاں ہوتی ہیں ان کے دوران امدادی پائنیر خدمت کیوں نہ کی جائے؟ کیا آپ نے ریگولر پائنیر کے طور پر کُلوقتی خدمت اختیار کرنے کی بابت سوچا ہے؟ ایک نئی زبان سیکھنا کیسا رہے گا تاکہ مستقبل میں آپ اپنے علاقے میں یا کہیں اَور دوسری زبان والے گروپ یا کلیسیا کی مدد کر سکیں؟ بہتیرے لوگ جو اب بیتایل میں یا سفری نگہبانوں یا مشنریوں کے طور پر خدمت کر رہے ہیں اُنہوں نے خاص کُلوقتی خدمت کو اُس وقت اپنی خدمت کا نشانہ بنایا تھا جبکہ وہ ابھی سکول میں ہی تھے۔ کیوں نہ آپ بھی ایسا ہی کریں؟
۴ بچپن ہی سے یسوع کے نمونے کی نقل کرنے کی کوشش کریں۔ ۱۲ سال کی چھوٹی عمر میں بھی، اس نے روحانی معاملات کی بابت بِلاجھجک باتچیت کی۔ (لوقا ۲:۴۲-۴۹، ۵۲) اپنے لئے ذاتی مطالعے، بائبل کی روزانہ پڑھائی اور اجلاسوں پر اور خدمت میں پُختہ مسیحیوں کیساتھ باقاعدہ رفاقت رکھنے والے مفید نشانے قائم کرنا یسوع کی طرح خدا کی بادشاہت کی بابت دوسرے لوگوں کو تعلیم دینے کی مہارت پیدا کرنے میں آپکی مدد کریگا۔