کون ہمارے پیغام کو سنیگا؟
۱ انسانی تاریخ میں پہلے کی نسبت، آجکل لوگوں کے پاس بہت زیادہ معلومات ہیں، جس میں سے زیادہتر بیہودہ اور گمراہکُن ہے۔ نتیجے کے طور پر، بہتیرے جکڑا ہوا محسوس کرتے ہیں اور اُنہیں خدا کی بادشاہت کی بابت پیغام سننے کیلئے آمادہ کرنا ہمارے لئے ایک چیلنج بن جاتا ہے۔ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ خدا کے کلام کو سننے سے اُن پر کیسا مثبت اثر ہو سکتا ہے۔—لوقا ۱۱:۲۸۔
۲ ہم خوش ہیں کہ دُنیا کے بیشتر حصوں میں، ہزارہا لوگ اس پیغام کو سن رہے ہیں اور گھریلو بائبل مطالعوں کی ہماری پیشکش کو قبول کر رہے ہیں۔ تاہم، دیگر علاقوں میں، جوابیعمل اتنا زیادہ نہیں ہے۔ خدمتگزاری کے دوران کی جانے والی ہماری بیشتر ملاقاتوں کے نتائج مثبت نہیں ہوتے اور شاید ہم سوچیں کہ کون ہمارے پیغام کو سنیگا۔
۳ ہمیں بےحوصلہ ہونے سے خبردار رہنا چاہئے۔ پولس نے بیان کِیا: ”جو کوئی خداوند [یہوواہ، اینڈبلیو] کا نام لیگا نجات پائیگا۔ مگر . . . اُس سے دُعا کیونکر کریں . . . جسکا ذکر اُنہوں نے سنا نہیں . . . اور بغیر منادی کرنے والے کے کیونکر سنیں؟ . . . چنانچہ لکھا ہے کہ کیا ہی خوشنما ہیں اُنکے قدم جو اچھی چیزوں کی خوشخبری دیتے ہیں۔“ (رومیوں ۱۰:۱۳-۱۵) اگر ہم مستعدی سے بادشاہتی بیج بوتے ہیں تو خدا اسے خلوصدل لوگوں کے اندر بڑھنے دیگا۔—۱-کرنتھیوں ۳:۶۔
۴ بنیادی چیز باقاعدہ واپسی ملاقاتیں کرنا ہے: ایسے علاقوں میں جہاں محسوس ہوتا ہے کہ بہت کم لوگ ہمارے پیغام کو سنتے ہیں وہاں ہمیں جو بھی دلچسپی حاصل ہوتی ہے اُسی کو بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، خواہ ہم لٹریچر پیش کریں یا نہ کریں۔ یہ نتیجہ اخذ کرنے میں کیوں عجلت سے کام لیں کہ کوئی بھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی؟ جب ہم بیج بوتے ہیں تو ہم نہیں جانتے کہ یہ کہاں بارور ہوگا۔ (واعظ ۱۱:۶) اگر ہم صحائف میں سے مختصراً کوئی چیز بتانے کیلئے تیاری کیساتھ واپس جاتے ہیں تو ممکن ہے کہ ہم ایک شخص کے دل تک پہنچنے کے قابل ہو سکیں گے۔ ہم اشتہار چھوڑ سکتے ہیں یا تازہترین رسالے پیش کر سکتے ہیں۔ انجامکار ہم بائبل مطالعہ کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ ہم یہ دیکھ کر بیحد خوش ہونگے کہ کیسے یہوواہ ہماری کاوشوں کو برکت دیتا ہے۔—زبور ۱۲۶:۵، ۶۔
۵ ایک عورت کے پاس جس نے کچھ دلچسپی ظاہر کی تھی ایک اشتہار چھوڑا گیا۔ اگلے دو ماہ تک وہ گھر پر نہ مل سکی اور اسکے بعد اُسکے پاس باتچیت کیلئے وقت نہیں تھا۔ ایک بار پھر وہی اشتہار اُسکے پاس چھوڑا گیا۔ اُس سے گھر پر ملاقات کرنے کیلئے پبلشر کی متواتر کوششوں کے باوجود، اس سے رابطہ کرنے میں مزید تین مہینے لگ گئے اور معلوم ہوا کہ وہ بیمار ہے۔ بہن اگلے ہفتے دوبارہ گئی اور اشتہار کے متعلق مختصر سی گفتگو کی۔ جب بہن ایک ہفتے بعد واپس گئی تو خاتون نے بادشاہتی پیغام میں حقیقی دلچسپی ظاہر کی۔ اُس کی زندگی میں حالات کی تبدیلی نے اُسے اُسکی روحانی ضروریات سے آگاہ کر دیا۔ ایک بائبل مطالعہ شروع ہو گیا اور اسکے بعد اُس نے ہر ہفتے گرمجوشی سے مطالعہ کِیا۔
۶ کوئی بھی چیز جسے ہم بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، خواہ وہ پھول، سبزیاں یا بادشاہتی پیغام میں دلچسپی ہی کیوں نہ ہو اس کے لئے کاشتکاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کیلئے وقت، قوت، فکرمندی کا میلان اور ہمت نہ ہارنے کا عزم درکار ہوتا ہے۔ گزشتہ سال، ایک ملین لوگوں کی ایک تہائی سے زیادہ نے جس میں بادشاہتی بیج نے جڑ پکڑی تھی بپتسمہ لیا! اگر ہم منادی کرتے رہتے ہیں تو یقیناً ہمیں اَور بہت سے ایسے لوگ ملیں گے جو ہمارے پیغام کو سنیں گے۔—مقابلہ کریں گلتیوں ۶:۹۔