وہ گواہی دینے سے نہ جھجکے
۱ ہمارا نام، یہوواہ کے گواہ، ہماری شناخت کراتا اور جو کام ہم کرتے ہیں اسکی توضیح کرتا ہے۔ ہم اپنے خدا، یہوواہ کے فضائل کی گواہی دیتے ہیں۔ (یسعیاہ ۴۳:۱۰، ۱۲) ہر ایک کو اس گواہی دینے میں ضرور حصہ لینا چاہئے، اگر اسے کلیسیا کا رکن بننا ہے۔ گواہی دینے کا کام بنیادی طور پر ہماری اعلانیہ خدمتگزاری کے ذریعے کیا جاتا ہے، جس میں گھرباگھر جانا، گلی کوچوں میں کام کرنا، واپسی ملاقاتیں کرنا، اور بائبل مطالعے کرنا شامل ہوتا ہے۔ ہم سب کو واجب طور پر بھرپور حصہ لینے کیلئے آگے بڑھنے کی تاکید کی جاتی ہے۔—۱-کرنتھیوں ۱۵:۵۸۔
۲ تاہم، کلیسیا کے بعض ارکان، جتنا وہ کر سکتے ہیں اس میں محدود ہیں۔ تشویشناک علالت یا کمزوری انکو محدود رکھ سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ مخالف رشتہدار ناگزیر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ ایک نوجوان شخص پر بےایمان ماں یا باپ کی طرف سے پابندی لگ سکتی ہے۔ آمدورفت سے عاری الگ تھلگ علاقوں میں رہنے والے افراد محسوس کر سکتے ہیں کہ گواہی دینا تقریباً ناممکن ہے۔ جبلی شرمیلاپن بزدل اشخاص کے ہچکچانے کا سبب بن سکتا ہے۔ بعض پبلشر جو خود کو ان یا اس طرح کے حالات میں پاتے ہیں محسوس کر سکتے ہیں کہ وہ بطور مسیحیوں کے پورے نہیں اتر رہے کیونکہ جو کچھ وہ کرنے کے قابل ہیں وہ اس سے بہت کم ہے جو دوسرے کر رہے ہیں اور اس سے بھی کم ہے جو واقعی وہ کرنا چاہتے ہیں۔ انکے پاس اپنی کوششوں کو حقیر جاننے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ (گلتیوں ۶:۴) وہ اس بات کو جان کر تسلی پا سکتے ہیں کہ یہوواہ اس وقت خوش ہوتا ہے جب وہ خود کو کسی بھی صورتحال میں پا کر اپنی مقدور بھر کوشش کرتے ہیں۔—لوقا ۲۱:۱-۴۔
۳ حصہ لینے کا طریقہ تلاش کرنا: ایسے ہزاروں تجربات بیان کئے گئے ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کس طرح افراد نے مشکل حالات میں رکاوٹوں کو اجازت نہ دی کہ انکو گواہی دینے سے روکیں۔ اپنی پیشقدمی کرنے سے، انہوں نے غیررسمی گواہی دینے کیلئے کئی قسم کے طریقے ایجاد کر لئے ہیں۔ جو گھر تک ہی محدود تھے انہوں نے بڑا دروازہ کھولنے کی غرض سے گواہی دینے کیلئے ٹیلیفون کا استعمال کیا ہے۔ ہر ملاقاتی کو امکانی سامع خیال کیا گیا ہے۔ حتیکہ مخالفت کرنے والے خاندان میں ایک بیوی جو شاید گھر میں گواہی دینے کے قابل نہ ہو وہ بھی پڑوسیوں یا دیگر جن سے وہ روزمرہ کے معمول میں ملتی ہے بات کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھاتی ہے۔
۴ ہو سکتا ہے کہ ایک نوجوان شخص کو بےایمان ماں یا باپ نے ہمارے اعلانیہ گواہی کے کام میں حصہ لینے سے منع کیا ہو۔ اس کو ناقابل تسخیر رکاوٹ کے طور پر قبول کر لینے کی بجائے، ہو سکتا ہے کہ وہ ہمجماعتوں اور اساتذہ کو اپنا ذاتی ”علاقہ“ خیال کرے اور عمدہ گواہی دینے کے قابل ہو اور شاید بائبل مطالعے بھی کرائے۔ الگ تھلگ مقامات میں رہنے والے بہتیرے خطوط لکھنے کے ذریعے حصہ لینے کے قابل ہوئے ہیں۔ مسیحی جوش سے تحریک پانے والے ”خداوند یسوع مسیح کے پہچاننے میں بیکار اور بےپھل“ ہونے سے بچنے کیلئے ہمیشہ کوئی نہ کوئی طریقہ تلاش کر لیں گے۔—۲-پطرس ۱:۸۔
۵ جب گواہی کے کام میں ہماری شرکت کی بات آتی ہے تو یہوواہ نے سب کیلئے یکساں معیار قائم کیا ہے، یعنی، ہمیں ”جی“ سے کرنے والا ہونا چاہئے۔ (کلسیوں ۳:۲۳) اگرچہ وقت کی مقدار جو ہم صرف کرتے اور جو کچھ ہم سرانجام دیتے ہیں اس میں فرق ہوگا، تاہم، بنیادی محرک وہی ہے—حقیقی محبت جو ”پورے دل“ سے نکلتی ہے۔ (۱-تواریخ ۲۸:۹، ۱-کرنتھیوں ۱۶:۱۴) اگر ہم اپنی بہترین کوشش کر رہے ہیں تو ہمارے پاس یہ محسوس کرنے کی کبھی کوئی وجہ نہیں ہوگی کہ ہم میں ایمان کی کمی واقع ہو رہی ہے یا ہم کلیسیا کے ارکان کے طور پر بیکار ہیں کیونکہ جسقدر جو ہم کرنے کے قابل ہیں وہ تھوڑی ہے۔ پولس کی طرح، ہم حقگوئی سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم ”جو جو باتیں فائدہ کی ہیں انکے بیان کرنے اور علانیہ سکھانے سے نہ جھجکے۔“—اعمال ۲۰:۲۰۔