یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م12 1/‏2 ص.‏ 3-‏4
  • ابرہام نبی کی زندگی پر ایک نظر

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • ابرہام نبی کی زندگی پر ایک نظر
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—2012ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • اُن کا پس‌منظر
  • اُن کی زندگی
  • اُن کی مثال
  • ابرہام—‏یہوواہ کے قریبی دوست
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2016ء
  • ابرہام کا ایمان
    پاک کلام کی سچی کہانیاں
  • ابرہام اور سارہ—‏آپ اُنکے ایمان کی نقل کر سکتے ہیں!‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2004ء
  • اَبراہام اور سارہ نے خدا کی بات مانی
    پاک کلام سے آپ کے لیے خاص سبق
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—2012ء
م12 1/‏2 ص.‏ 3-‏4

ابرہام نبی کی زندگی پر ایک نظر

کم ہی لوگ ہیں جنہوں نے دُنیا کے مذاہب پر اِتنا اثر ڈالا جتنا کہ ابرہام نبیa نے ڈالا ہے۔ یہودی، مسلمان اور مسیحی سب اُن کو بلند مرتبہ دیتے ہیں۔ اُن کو ”‏پاک صحیفوں کا ایک مرکزی کردار“‏ اور ”‏ایمان کی اعلیٰ مثال“‏ کہا گیا ہے۔ پاک صحیفوں میں ابرہام کو ”‏اُن سب کا باپ“‏ کہا گیا ہے جو ”‏ایمان لاتے ہیں۔“‏—‏رومیوں ۴:‏۱۱‏۔‏

لوگ ابرہام نبی کو اِتنا بڑا مرتبہ کیوں دیتے ہیں؟ ایک وجہ یہ ہے کہ صرف ابرہام کو خدا کا دوست کہا گیا ہے۔ بائبل کی تین مختلف آیتوں میں اصطلا‌ح خدا کا دوست اُن کے لئے استعمال ہوئی۔—‏۲-‏تواریخ ۲۰:‏۷؛‏ یسعیاہ ۴۱:‏۸؛‏ یعقوب ۲:‏۲۳‏۔‏

دراصل ابرہام نبی ہم جیسے انسان تھے۔ اُنہیں بہت سی ایسی مشکلات کا سامنا تھا جن کا ہمیں بھی سامنا ہوتا ہے۔ اُنہوں نے اُن مشکلات کا مقابلہ کیسے کِیا؟ آئیں، دیکھیں کہ پاک صحیفوں میں اُن کی زندگی کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے۔‏

اُن کا پس‌منظر

ابرہام نبی ۲۰۱۸ قبل‌ازمسیح میں پیدا ہوئے۔ اُن کی پرورش اُور کے شہر میں ہوئی۔ (‏پیدایش ۱۱:‏۲۷-‏۳۱‏)‏ اُور ایک بہت بڑا اور ترقی‌یافتہ شہر تھا۔ وہاں بُت‌پرستی بہت عام تھی۔ ہو سکتا ہے کہ ابرہام کے والد تارح بھی بُتوں کی پرستش کرتے ہوں۔ (‏یشوع ۲۴:‏۲)‏ لیکن ابرہام نے بے‌جان بُتوں کی پرستش کرنے کی بجائے یہوواہ خداb کی عبادت کرنے کا فیصلہ کِیا۔‏

ابرہام نے یہ فیصلہ کیوں کِیا؟ ممکن ہے کہ اُن کی ملاقات خدا کے خادم نوح کے بیٹے سم سے ہوئی ہو۔ ابرہام، سم کی وفات سے ۱۵۰ سال پہلے پیدا ہوئے تھے۔ سم اور اُن کے گھروالے اُس طوفان سے بچ گئے تھے جس کے ذریعے خدا نے نوح کے زمانے میں دُنیا کو تباہ کِیا تھا۔ شاید سم نے ابرہام کو بتایا ہو کہ اُس طوفان سے محفوظ رہنے کے لئے اُنہیں کیا کرنا تھا۔ اور یوں ابرہام کو معلوم ہوا ہو کہ یہوواہ خدا کی عبادت کرنا کتنا اہم ہے۔‏

چاہے ابرہام نے سم سے یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھا ہو یا کسی اَور سے، اُنہوں نے سیکھی ہوئی باتوں کو دل سے قبول کِیا۔ یہوواہ خدا ’‏دلوں کو پرکھتا ہے‘‏ اور اُس نے دیکھا کہ ابرہام کا دل اچھا ہے۔ اُس نے ابرہام کی مدد کی تاکہ وہ اَور بھی اچھے انسان بنیں۔—‏امثال ۱۷:‏۳؛‏ ۲-‏تواریخ ۱۶:‏۹‏۔‏

اُن کی زندگی

ابرہام نبی نے دلچسپ اور بھرپور زندگی گزاری۔ اُن کی زندگی میں مشکلات تو آئیں لیکن اُنہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔ آئیں، کچھ واقعات پر غور کریں جو اُن کی زندگی میں پیش آئے۔‏

▪ جب ابرہام نبی شہر اُور میں رہتے تھے تو خدا نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ اُور کو چھوڑ کر اُس ملک میں چلے جائیں جہاں خدا اُنہیں لے جائے گا۔ حالانکہ ابرہام اور سارہ یہ نہیں جانتے تھے کہ وہ کہاں جا رہے ہیں اور خدا نے اُنہیں اُور سے جانے کے لئے کیوں کہا ہے پھر بھی اُنہوں نے خدا کی بات مانی۔ آخرکار خدا اُنہیں کنعان کے ملک میں لے گیا جہاں اُنہوں نے خانہ‌بدوشی کی زندگی گزاری۔ وہ اپنی موت تک اُس ملک میں پردیسیوں کے طور پر رہے۔—‏اعمال ۷:‏۲، ۳؛‏ عبرانیوں ۱۱:‏۸، ۹،‏ ۱۳‏۔‏

▪ ابرہام اور سارہ کی ابھی اولاد بھی نہیں ہوئی تھی کہ خدا نے ابرہام نبی سے وعدہ کِیا کہ وہ اُنہیں ’‏ایک بڑی قوم بنائے گا۔‘‏ خدا نے اُن سے یہ بھی کہا کہ ”‏زمین کے سب قبیلے تیرے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔“‏ (‏پیدایش ۱۱:‏۳۰؛‏ ۱۲:‏۱-‏۳‏)‏ بعد میں یہوواہ خدا نے ابرہام کے ساتھ اپنے وعدے کو پھر سے دہرایا۔ اُس نے ابرہام کو بتایا کہ اُن کی اولاد آسمان کے ستاروں کی طرح بے‌شمار ہوگی۔—‏پیدایش ۱۵:‏۵، ۶‏۔‏

▪ جب ابرہام ۹۹ سال کے تھے اور سارہ تقریباً ۹۰ سال کی تھیں تو یہوواہ خدا نے اُن سے وعدہ کِیا کہ اُن کے بیٹا پیدا ہوگا۔ انسانوں کی نظر سے تو یہ ناممکن تھا لیکن جلد ہی ابرہام اور سارہ نے دیکھ لیا کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ کے نزدیک کوئی بات مشکل“‏ نہیں ہے۔ (‏پیدایش ۱۸:‏۱۴‏)‏ اِس کے ایک سال بعد جب ابرہام کی عمر ۱۰۰ سال تھی تو اُن کے ہاں بیٹا ہوا جس کا نام اُنہوں نے اِضحاق رکھا۔ (‏پیدایش ۱۷:‏۲۱؛‏ ۲۱:‏۱-‏۵‏)‏ خدا نے واضح طور پر یہ بتایا کہ وہ اِضحاق کے ذریعے انسانوں کو بہت سی برکتیں دے گا۔‏

▪ اِس کے کئی سال بعد یہوواہ خدا نے ابرہام نبی کو ایک عجیب سا حکم دیا۔ اُس نے ابرہام سے کہا کہ وہ اپنے بیٹے اِضحاق کی قربانی چڑھائیں حالانکہ ابھی تک اِضحاق کی شادی نہیں ہوئی تھی اور اُن کے بچے نہیں تھے۔ لیکن ابرہام کو پکا یقین تھا کہ خدا اپنا یہ وعدہ پورا کرے گا کہ اُن کی اولاد سے ایک بڑی قوم پیدا ہوگی۔ وہ جانتے تھے کہ اگر ضروری ہوا تو خدا اِضحاق کو زندہ بھی کر دے گا۔ (‏عبرانیوں ۱۱:‏۱۹‏)‏ ظاہر ہے کہ ابرہام اپنے بیٹے کو کھونے کے خیال سے ہی بہت دُکھی ہوئے ہوں گے۔ لیکن پھر بھی وہ اپنے بیٹے کو قربان کرنے کو تیار ہو گئے۔ ابرہام اپنے بیٹے اِضحاق کو ذبح کرنے ہی والے تھے کہ خدا نے اُنہیں روک دیا اور یوں اِضحاق کی جان بچ گئی۔ یہوواہ خدا، ابرہام کی فرمانبرداری پر بہت خوش ہوا اور اُس نے اُن وعدوں کو پھر سے دہرایا جو اُس نے ابرہام نبی سے کئے تھے۔—‏پیدایش ۲۲:‏۱-‏۱۸‏۔‏

▪ ابرہام ۱۷۵ سال کی عمر میں فوت ہوئے۔ اُنہوں نے ”‏خوب بڑھاپے میں .‏ .‏ .‏ اور پوری عمر کا ہو کر وفات پائی۔“‏ (‏پیدایش ۲۵:‏۷، ۸‏)‏ اِس طرح ابرہام نبی کے ساتھ خدا کا یہ وعدہ پورا ہو گیا کہ وہ لمبی عمر پائیں گے اور سلامتی سے موت کی آغوش میں سو جائیں گے۔—‏پیدایش ۱۵:‏۱۵‏۔‏

اُن کی مثال

ابرہام نبی صرف پُرانے زمانے کی ایک اہم مذہبی شخصیت نہیں ہیں۔ آج بھی ہم اُن کی مثال سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ (‏عبرانیوں ۱۱:‏۸-‏۱۰،‏ ۱۷-‏۱۹‏)‏ اگلے مضامین میں ہم اُن کی کچھ خوبیوں پر غور کریں گے۔ سب سے پہلے ہم اُس خوبی پر غور کریں گے جس کے لئے ابرہام خاص طور پر مشہور ہیں، یعنی اُن کے ایمان پر۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

a ابرہام کا نام پہلے ابرام تھا اور اُن کی بیوی کا نام ساری تھا۔ لیکن پھر خدا نے ابرام کا نام بدل کر ابرہام رکھ دیا جس کا مطلب ہے:‏ ”‏قوموں کا باپ۔“‏ (‏ابرہام کو ابراہیم بھی کہا جاتا ہے۔)‏ خدا نے اُن کی بیوی کا نام بھی بدل دیا اور اُن کو سارہ کا نام دیا جس کا مطلب ”‏شہزادی“‏ ہے۔ (‏پیدایش ۱۷:‏۵،‏ ۱۵‏)‏ اِن مضامین میں ہم اُن کو ابرہام اور سارہ کہیں گے۔‏

b یہوواہ بائبل کے مطابق خدا کا ذاتی نام ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۴ پر بکس]‏

پاک صحیفوں کا ایک مرکزی کردار

توریت میں پیدایش کی کتاب کے پہلے دس ابواب میں کئی ایسے لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو خدا کے وفادار تھے۔ اِن میں ہابل، حنوک اور نوح شامل ہیں۔ لیکن اگلے ۱۵ ابواب میں صرف ابرہام کی زندگی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔‏

بائبل میں کئی اہم باتوں کا پہلا ذکر ابرہام کے سلسلے میں ہوا ہے۔ مثال کے طور پر ابرہام کی کہانی میں .‏ .‏ .‏

▪ خدا کو پہلی بار اپنے خادموں کی سپر یعنی حفاظت کرنے والا کہا گیا ہے۔—‏پیدایش ۱۵:‏۱‏؛ اِس کے علاوہ استثنا ۳۳:‏۲۹؛‏ زبور ۱۱۵:‏۹؛‏ امثال ۳۰:‏۵ کو بھی دیکھیں۔‏

▪ خدا پر ایمان لانے کا پہلی بار ذکر ہوا ہے۔—‏پیدایش ۱۵:‏۶‏۔‏

▪ پہلی بار لفظ نبی استعمال ہوا ہے۔—‏پیدایش ۲۰:‏۷‏۔‏

▪ ماں‌باپ کے پیار کا پہلی دفعہ ذکر ہوا ہے۔—‏پیدایش ۲۲:‏۲‏۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں