سبق نمبر 4
غصہ قتل کی وجہ بنا
جب آدم اور حوّا باغِعدن سے چلے گئے تو اُن کے بہت سے بچے ہوئے۔ اُن کے سب سے پہلے بیٹے کا نام قائن تھا۔ قائن ایک کسان تھا۔ اُن کے دوسرے بیٹے کا نام ہابل تھا۔ ہابل ایک چرواہے تھے۔
ایک دن قائن اور ہابل نے یہوواہ کے سامنے قربانی چڑھائی۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ قربانی کیا ہوتی ہے؟ یہ ایک خاص طرح کا تحفہ ہوتا ہے۔ یہوواہ ہابل کی قربانی سے بہت خوش تھا لیکن قائن کی قربانی سے خوش نہیں تھا۔ اِس وجہ سے قائن کو بہت غصہ آیا۔ یہوواہ نے قائن سے کہا تھا کہ اگر وہ غصہ کرنا نہیں چھوڑے گا تو وہ کچھ غلط کر بیٹھے گا۔ لیکن قائن نے یہوواہ کی بات نہیں مانی۔
قائن نے ہابل سے کہا: ”میرے ساتھ میدان میں چلو۔“ جب وہ میدان میں اکیلے تھے تو قائن نے اپنے بھائی پر حملہ کر کے اُسے مار ڈالا۔ یہوواہ نے قائن کے ساتھ کیا کِیا؟ یہوواہ نے اُسے اُس کے گھرانے سے بہت دُور بھیج دیا اور پھر کبھی واپس نہیں آنے دیا۔
اِس سے ہم کیا سیکھتے ہیں؟ جب سب کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا ہم چاہتے ہیں تو شاید ہمیں غصہ آنے لگے۔ اگر ہمیں لگتا ہے کہ ہمارے اندر غصہ بھر رہا ہے یا دوسرے ہمیں بتاتے ہیں کہ ہم بہت غصہ کرنے لگ گئے ہیں تو ہمیں فوراً خود کو بدلنا چاہیے ورنہ ہم کچھ غلط کر بیٹھیں گے۔
ہابل یہوواہ سے بہت پیار کرتے تھے اور اُنہوں نے ہمیشہ اچھے کام کیے۔ اِس لیے یہوواہ اُنہیں کبھی نہیں بھولے گا۔ جب وہ اِس زمین کو فردوس بنا دے گا تو وہ اُنہیں زندہ کر دے گا۔
”پہلے جا کر اپنے بھائی سے صلح کریں اور پھر واپس آ کر نذرانہ پیش کریں۔“—متی 5:24