آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟
عبادتگاہ کی دیکھبھال اور مرمت کے لیے
1 اپریل 2024ء
کولمبیا میں رہنے والی ایک جوان بہن نیکول کہتی ہیں: ”مجھے اپنی عبادتگاہ سے بہت پیار ہے۔ یہاں مَیں کلیسیا کے بہن بھائیوں کے ساتھ وقت گزار سکتی ہوں۔“ کیا آپ بھی نیکول کی طرح محسوس کرتے ہیں؟
پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کی تقریباً 63ہزار عبادتگاہیں ہیں۔ اِن عبادتگاہوں میں ہم نہ صرف آرام اور سکون سے خدا کی عبادت کر سکتے ہیں بلکہ یہ دوسروں پر بھی بہت اچھا اثر ڈالتی ہیں۔ ڈیوڈ نام کے ایک پہلکار بھائی جو کولمبیا سے ہیں، کہتے ہیں: ”ہماری عبادتگاہوں سے لوگ ہمارے پیغام کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں اور جو لوگ پہلی بار ہماری عبادتگاہ میں آتے ہیں، وہ یہ دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں کہ اِنہیں کتنی اچھی حالت میں رکھا گیا ہے۔“ یہ سب خودبخود نہیں ہو جاتا بلکہ ہم اپنی عبادتگاہوں کو صاف ستھرا اور اچھی حالت میں رکھنے کے لیے بہت محنت کرتے ہیں۔ ہم یہ سب کچھ کیسے کر پاتے ہیں؟
عبادتگاہوں کی دیکھبھال اور مرمت کے کام کو کیسے منظم کِیا جاتا ہے؟
جو کلیسیائیں عبادتگاہ کو اِستعمال کرتی ہیں، وہی اُس کی دیکھبھال اور مرمت کرتی ہیں۔ ایسا کرنے کے لیے بہن بھائی باقاعدگی سے عبادتگاہوں کی صفائی کرتے ہیں۔ وہ کسی بڑے نقصان سے بچنے کے لیے مرمت کے چھوٹے موٹے کام بھی کرتے ہیں۔
کلیسیاؤں کی مدد کرنے کے لیے ڈیزائن اور تعمیر کا مقامی شعبہ کچھ ایسے بھائیوں کو مقرر کرتا ہے جو بہن بھائیوں کو عبادتگاہ کو اچھی حالت میں رکھنے کی ٹریننگ دیتے ہیں۔ ٹریننگ دینے والا ہر بھائی چھ سے دس عبادتگاہوں کی نگرانی کرتا ہے۔ وہ عبادتگاہوں میں جاتا ہے اور مبشروں کو ٹریننگ دیتا ہے کہ وہ کیسے اپنی عبادتگاہوں کا خیال رکھ سکتے ہیں۔ ہر تین سال بعد، وہ عبادتگاہوں کی عمارتوں کا جائزہ لیتا ہے اور دیکھتا ہے کہ کہاں پر مرمت کی ضرورت ہے۔
ڈیزائن اور تعمیر کے مقامی شعبے کی طرف سے جن بھائیوں کو تربیت دینے کے لیے مقرر کِیا جاتا ہے، وہ ہمیں سکھاتے ہیں کہ ہم اپنی عبادتگاہ کو اچھی حالت میں کیسے رکھ سکتے ہیں۔
ہمارے بہن بھائی اِن بھائیوں کی طرف سے ملنے والی ٹریننگ کی بہت قدر کرتے ہیں۔ بھارت سے ہماری ایک بہن جن کا نام اِندھومتھی ہے، کہتی ہیں: ”یہ ٹریننگ بہت زبردست تھی۔ ہمیں یہ سیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ہم اپنی عبادتگاہوں کا اچھی طرح خیال کیسے رکھ سکتے ہیں۔“ کینیا میں رہنے والے بھائی ایونز کہتے ہیں: ”ہم نے سیکھا ہے کہ کیسے چھوٹے چھوٹے مسئلوں کو ساتھ ساتھ حل کر کے بڑے مسئلوں سے بچا جا سکتا ہے اور اِس طرح ہم بہت سے پیسے بھی بچا سکتے ہیں۔“
اخراجات کیسے پورے کیے جاتے ہیں؟
ایک عبادتگاہ کی دیکھبھال اور مرمت کا سالانہ خرچہ کئی سو ڈالر سے لے کر کئی ہزار ڈالرa تک ہو سکتا ہے۔ اِن خرچوں کا تعلق اِس بات سے ہوتا ہے کہ عبادتگاہ کس علاقے میں ہے، کتنی پُرانی ہے اور کتنی کلیسیائیں اِسے اِستعمال کر رہی ہیں۔ لیکن یہ خرچے کیسے پورے کیے جاتے ہیں؟
عبادتگاہوں کی دیکھبھال کا کام عطیات کے ذریعے کِیا جاتا ہے۔ قازقستان میں رہنے والے بھائی الیگزینڈر نے اِس بارے میں بتایا: ”اِن میں سے کچھ عطیات کو اِنٹرنیٹ، پانی اور بجلی کے بِل وغیرہ بھرنے کے لیے اِستعمال کِیا جاتا ہے۔ کچھ عطیات کو ضروری چیزیں خریدنے کے لیے اِستعمال کِیا جاتا ہے جیسے کہ ٹشو پیپر، دستانے، صفائی کا سامان اور پینٹ وغیرہ۔“ اور کچھ عطیات کو پوری دُنیا میں ہونے والے تعمیر اور مرمت کے کام کے لیے بھیجا جاتا ہے تاکہ اُن عبادت گاہوں کی تعمیر اور مرمت کی جا سکے جن کے لیے زیادہ پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
تعمیر اور مرمت کے بڑے منصوبے
جب کسی عبادتگاہ میں کام ہونا ہوتا ہے تو بزرگ یہ اندازہ لگاتے ہیں کہ اُس میں کتنا خرچہ ہوگا۔ اگر وہ خرچہ عبادتگاہ میں ہونے والے دو یا تین مہینوں سے زیادہ کا ہوتا ہے تو بزرگ اُس بھائی سے باتچیت کرتے ہیں جو عبادتگاہ کو صحیح حالت میں رکھنے کی ٹریننگ دے رہا ہوتا ہے۔ اگر ڈیزائن اور تعمیر کا مقامی شعبہ اِس کام کو کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو اِس کا خرچہ اُن عطیات سے پورا کِیا جاتا ہے جو پوری دُنیا میں ہونے والے کام کے لیے دیے جاتے ہیں۔ 2023ء کے خدمتی سال میں اِس طرح کے 8793 منصوبوں پر کام کِیا گیا جس میں 7 کروڑ 66 لاکھ ڈالر [تقریباً 21 ارب روپے] خرچ ہوئے۔ آئیے اِن میں سے دو منصوبوں پر غور کریں۔
انگولا میں 15 سال پُرانی ایک عبادتگاہ تھی جس میں کئی مسئلے تھے۔ اُس میں بجلی کے نظام کو بدلنے کی ضرورت تھی۔ دیواروں میں دراڑیں آ گئی تھیں اور چھت سے پانی ٹپک کر پڑوسیوں کے گھر جا رہا تھا۔ ڈیزائن اور تعمیر کے مقامی شعبے نے اِن کاموں کو ٹھیک کرنے کا فیصلہ کِیا۔ اِس پر 9285 ڈالر [تقریباً 26 لاکھ روپے] کا خرچہ آیا۔ پڑوسی یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ اِس کے ساتھ ساتھ وہ یہ دیکھ کر بھی حیران ہوئے کہ کام کو کتنی اچھی طرح کِیا گیا ہے۔
انگولا میں ایک عبادتگاہ کی مرمت کی گئی ہے۔
پولینڈ میں ایک عبادتگاہ کی چھت سے پانی ٹپکنے لگ گیا اور اُس کا قالین بھی بہت زیادہ خراب ہو گیا۔ ڈیزائن اور تعمیر کے مقامی شعبے نے اِس کی چھت کی مرمت کرنے اور قالین کو بدلنے کا فیصلہ کِیا۔ اِس کام میں 9757 ڈالر [تقریباً 27 لاکھ روپے] لگے۔ اِس عبادتگاہ میں اب کئی سالوں تک مرمت کا کوئی بڑا کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
پولینڈ میں ایک عبادتگاہ میں مرمت کا کام کِیا جا رہا ہے۔
عبادتگاہ کو اچھی حالت میں رکھنے سے یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے
اپنی عبادتگاہ کو اچھی حالت میں رکھنے سے نہ صرف عطیات ضائع ہونے سے بچ جاتے ہیں بلکہ یہوواہ کی بڑائی ہوتی ہے۔ بھائی شعون جن کا تعلق ٹونگا سے ہے، کہتے ہیں: ”اپنی عبادتگاہ کو اچھی حالت میں رکھنے کی وجہ سے ہم صاف ستھرے ماحول میں یہوواہ کی عبادت کر پاتے ہیں اور اِس طرح اُس کے نام کی بڑائی ہوتی ہے۔ ہم فخر سے دوسروں کو اپنی عبادتگاہ میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔“
آپ اِس کام میں کیسے مدد کر سکتے ہیں؟
ہم سب اپنی عبادتگاہ کو صاف کرنے اور اِسے اچھی حالت میں رکھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ بھائی مارینو جو آسٹریلیا میں عبادتگاہوں کی دیکھبھال کرنے کی ٹریننگ دیتے ہیں، کہتے ہیں: ”ہم سب کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ ہم عبادتگاہ کی صفائی کرنے اور اِسے اچھی حالت میں رکھنے کے لیے کوئی نہ کوئی کام کر سکتے ہیں۔ جب ہم ایسا کرتے ہیں تو ہم عطیات کو ضائع ہونے سے بچاتے ہیں تاکہ یہ ایسی جگہ اِستعمال ہو سکیں جہاں زیادہ ضرورت ہے۔“
بھارت میں رہنے والے بھائی جوئیل کو عبادتگاہ میں کام کر کے بہت مزہ آتا ہے۔ وہ کہتے ہیں: ” جب مَیں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ مل کر کوئی کام کرتا ہوں تو مَیں یہ سوچ پاتا ہوں کہ نئی دُنیا میں زندگی کیسی ہوگی۔“ بہن نیکول جن کا ذکر مضمون کے شروع میں ہوا تھا، کہتی ہیں: ”کچھ عرصہ پہلے ہماری عبادتگاہ کے باتھ روم میں پانی لیک ہو رہا تھا لیکن بھائیوں نے اُسے ٹھیک کر دیا۔ مَیں نے اُن کی مدد کرنے کے لیے باتھ روم کا فرش صاف کِیا۔ حالانکہ مَیں نے بھائیوں کے ساتھ مل کر اِس مسئلے کو حل تو نہیں کِیا تھا لیکن مجھے خوشی تھی کہ مَیں نے جو کام کِیا، اُس کی وجہ سے کوئی گِرنے سے بچ گیا۔“
اگر آپ بھی عبادتگاہ میں کوئی کام کرنا چاہتے ہیں تو اپنی کلیسیا کے بزرگوں سے بات کریں۔ اِس کے علاوہ آپ عطیات دے سکتے ہیں۔ اِس سے نہ صرف آپ کی عبادتگاہ اچھی حالت میں رہتی ہے بلکہ پوری دُنیا میں ہونے والے تعمیر اور مرمت کا کام بھی کِیا جاتا ہے۔ آپ اپنے عطیات عبادتگاہ کے ڈبے میں ڈال سکتے ہیں یا پھر donate.jw.org کے ذریعے دے سکتے ہیں۔ ہم آپ کے اُن عطیات کی بہت قدر کرتے ہیں جو آپ کُھلے دل سے دیتے ہیں۔
ہم سب اپنی عبادتگاہ کی صفائی کرنے اور اِسے صحیح حالت میں رکھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
a یہاں ڈالر کا مطلب امریکی ڈالر ہیں۔