NASA Photo
چوکس رہیں!
کیا کوئی ایسی حکومت ہے جو ہمیشہ قائم رہے اور پوری زمین پر حکمرانی کرے؟—پاک کلام میں اِس بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
پوری دُنیا میں حکومتوں کو کئی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی ایسے ملک ہیں جن کے بارے میں لگتا ہے کہ وہاں سب کچھ ٹھیک ہے۔ لیکن اِن ملکوں میں بھی سیاسی رہنماؤں پر شرمناک اِلزام لگتے ہیں، سیاسی جماعتیں بس تھوڑے سے ووٹوں کے فرق سے جیت جاتی ہیں، مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے گروپوں کے درمیان سیاسی معاملوں کو لے کر سخت اِختلافات ہوتے ہیں اور لوگ پُرتشدد مظاہرے کرتے ہیں۔
بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ایک ایسی حکومت ہے جو ہمیشہ قائم رہے گی۔ ہو سکتا ہے کہ آپ نے بھی اِس حکومت کے بارے میں سنا ہو۔ جب یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو سکھایا کہ اُنہیں کیسے دُعا کرنی چاہیے تو اُنہوں نے اُس وقت اِس حکومت کا ذکر کِیا۔
”آپ اِس طرح سے دُعا کریں: ”اَے آسمانی باپ! تیرا نام پاک مانا جائے۔ تیری بادشاہت آئے۔ تیری مرضی جیسے آسمان پر ہو رہی ہے ویسے ہی زمین پر بھی ہو۔““—متی 6:9، 10۔
خدا کے کلام میں اِس بادشاہت یعنی حکومت کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے؟
خدا کی بادشاہت—ایک ایسی حکومت جو ہمیشہ قائم رہے گی
خدا کی بادشاہت آسمان پر حکومت کر رہی ہے۔
یسوع مسیح نے اِس بادشاہت کو ”آسمان کی بادشاہت“ کہا۔ (متی 4:17؛ 5:3، 10، 19، 20) اِسی وجہ سے اُنہوں نے یہ کہا تھا: ”میری بادشاہت کا اِس دُنیا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔“—یوحنا 18:36۔
یہ بادشاہت اِنسانی حکومتوں کی جگہ لے لے گی۔
خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”[یہ بادشاہت] اِن تمام [اِنسانی] مملکتوں کو ٹکڑےٹکڑے اور نیست کرے گی اور وہی ابد تک قائم رہے گی۔“—دانیایل 2:44۔
اِس بادشاہت کے بادشاہ یسوع مسیح ہیں اور یہ بادشاہت کبھی ختم نہیں ہوگی۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”اُس کی سلطنت ابدی سلطنت ہے جو جاتی نہ رہے گی اور اُس کی مملکت لازوال ہوگی۔“—دانیایل 7:13، 14۔
یہ بادشاہت پوری زمین پر امن اور سلامتی لائے گی۔
پاک کلام میں لکھا ہے: ”سب لوگ اپنے اپنے انگوروں کے باغ میں اور اِنجیر کے درختوں کے نیچے امن اور سلامتی سے رہیں گے اور اُنہیں کوئی نہیں ڈرائے گا۔“—میکاہ 4:4، گڈ نیوز ٹرانسلیشن۔
بادشاہت کے بارے میں اَور جانیں
جب یسوع مسیح زمین پر تھے اُنہوں نے اپنا زیادہتر وقت ”بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی“ کرنے میں گزارا۔ (متی 9:35) اُنہوں نے پہلے سے یہ بھی بتایا تھا:
”بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی ساری دُنیا میں کی جائے گی تاکہ سب قوموں کو گواہی ملے۔ پھر خاتمہ آئے گا۔“—متی 24:14۔
آج بادشاہت کی خوشخبری کی مُنادی 240 سے زیادہ ملکوں میں کی جا رہی ہے۔ ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں تاکہ آپ اِس بادشاہت کے بارے میں جان سکیں اور یہ بھی جان سکیں کہ آپ اِس بادشاہت کی حکمرانی سے کیسے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔
مہربانی سے اِس ویڈیو کو دیکھیں: خدا کی بادشاہت کیا ہے؟