بائبل سے ایک دلچسپ بات
پُرانے زمانے میں مچھلیوں کو پکڑنے کے لیے اِستعمال ہونے والے جال
بائبل کو پڑھنے والے لوگوں کو شاید یاد ہوگا کہ یسوع مسیح کے کچھ شاگرد مچھیرے تھے۔ (مر 1:16-20) وہ گلیل کی جھیل میں مچھلیاں پکڑنے کے لیے جال اِستعمال کرتے تھے۔
جال بنانے کے لیے مضبوط رسیوں یا دھاگوں کو اِستعمال کِیا جاتا تھا جو عام طور پر سَن کے بنے ہوتے تھے۔ اِن رسیوں یا دھاگوں کو آپس میں جوڑ کر ایک جال بنایا جاتا تھا جس میں بہت سے سوراخ ہوتے تھے۔ چھوٹی مچھلیاں پکڑنے کے لیے چھوٹے سوراخوں والا جال اور بڑی مچھلیاں پکڑنے کے لیے بڑے سوراخوں والا جال اِستعمال کِیا جاتا تھا۔ چھوٹے جالوں میں اکثر پتھر یا کوئی وزنی چیز لگائی جاتی تھی تاکہ جال سمندر کے اندر چلا جائے لیکن بڑے جالوں کے نیچے وزنی چیز اور اِس کے اُوپر لکڑی کے ٹکڑے لگائے جاتے تھے تاکہ یہ پانی کے اُوپر تیرتے رہیں۔
مچھلی کو پکڑنے والے جال بہت مہنگے ہوتے تھے۔ یہ سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں سے یا پھر بہت زیادہ مچھلیوں کے وزن سے پھٹ سکتے تھے۔ (لُو 5:6) بائبل میں بتایا گیا ہے کہ یعقوب اور یوحنا اپنے ”جالوں کی مرمت کر رہے تھے۔“ شاید وہ ایسا سوئی دھاگے سے کر رہے تھے۔ (متی 4:21) مچھیرے غالباً ہر بار جال اِستعمال کرنے کے بعد اِس طرح سے اِس کی مرمت کرتے تھے۔ لُوقا نے بھی بتایا کہ کچھ مچھیرے ”اپنے جال صاف کر رہے“ تھے تاکہ وہ اِس پر لگے گند اور مٹی کو اُتار سکیں۔ (لُو 5:2) اپنے جالوں کو صاف کرنے کے بعد مچھیرے اِنہیں خشک ہونے کے لیے لٹکا دیتے تھے۔ شاید وہ ایسا اِس لیے کرتے تھے تاکہ یہ خراب نہ ہو جائیں۔—حِز 47:10۔
یسوع مسیح نے کچھ ایسے آدمیوں کو اپنی پیروی کرنے کے لیے کہا جو مچھلیاں پکڑنے والا جال اِستعمال کرنا جانتے تھے۔ یسوع نے اُنہیں دعوت دی کہ وہ ”مچھلیوں کی بجائے اِنسانوں کو جمع کریں۔“