گورننگ باڈی کے دو نئے رُکن
پانچ اکتوبر 2024ء کو ہونے والے سالانہ اِجلاس میں یہ خاص اِعلان کِیا گیا کہ اب سے بھائی جوڈی جیڈلی اور بھائی جیکب رمف یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کا حصہ ہیں۔ یہ دونوں ہی بھائی کافی لمبے عرصے سے وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کر رہے ہیں۔
بھائی جوڈی جیڈلی اور اُن کی بیوی ڈیمرس
بھائی جوڈی جیڈلی امریکہ کی ریاست میسوری میں پیدا ہوئے اور اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے ایک گھرانے میں پرورش پائی۔ وہ لوگ ایک ایسے علاقے میں رہتے تھے جہاں چند ہی یہوواہ کے گواہ تھے۔ مگر وہاں مختلف علاقوں سے بہن بھائی مُنادی کرنے کے لیے آتے جاتے رہتے تھے جس کی وجہ سے بھائی جوڈی کی ملاقات فرق فرق بہن بھائیوں سے ہوئی۔ اُن کے پیار اور اِتحاد کو دیکھ کر بھائی جوڈی کے دل پر بہت گہرا اثر ہوا اور اُنہوں نے 15 اکتوبر 1983ء میں بپتسمہ لے لیا۔ بھائی جوڈی کو مُنادی کرنے میں بہت مزہ آتا تھا۔ اِس لیے سکول کی پڑھائی ختم کرنے کے بعد ستمبر 1989ء میں وہ پہلکار بن گئے۔
جب بھائی جوڈی چھوٹے تھے تو اُن کے امی ابو اُنہیں اور اُن کی چھوٹی بہن کو بیتایل دِکھانے کے لیے لے جاتے تھے۔ وہاں بہن بھائیوں کو خدمت کرتے ہوئے دیکھ کر بھائی جوڈی اور اُن کی بہن کے دل میں بھی بیتایل میں کر خدمت کرنے کی خواہش پیدا ہوئی جو کہ آگے چل کر پوری ہو گئی۔ بھائی جوڈی ستمبر 1990ء میں والکل بیتایل میں خدمت کرنے لگے۔ شروع شروع میں اُنہوں نے صفائی کے شعبے میں کام کِیا اور بعد میں اُنہیں اُس شعبے میں خدمت کرنے کا موقع ملا جو کُلوقتی خادموں کی صحت اور علاج کے معاملوں کو دیکھتا ہے۔
اُسی دوران سپینش زبان کی کلیسیاؤں میں بہت اِضافہ ہو رہا تھا اور اُنہیں اَور بھائیوں کی ضرورت تھی۔ اِس لیے بھائی جوڈی اِن میں سے ایک کلیسیا میں چلے گئے اور سپینش زبان سیکھنے لگے۔ پھر کچھ عرصے بعد اُن کی ملاقات ڈیمرس نام کی بہن سے ہوئی جو ایک پہلکار تھیں۔ کچھ وقت بعد اُن دونوں نے شادی کر لی اور بہن ڈیمرس بھائی جوڈی کے ساتھ بیتایل میں خدمت کرنے لگیں۔
لیکن پھر 2005ء میں وہ دونوں اپنے ماں باپ کی دیکھبھال کرنے کے لیے بیتایل سے چلے گئے۔ اِس عرصے کے دوران وہ پہلکاروں کے طور پر خدمت کرتے رہے۔ بھائی جوڈی نے پہلکاروں کے لیے سکول میں تربیت دینے میں بھی مدد کی اور مقامی ہسپتال رابطہ کمیٹی اور مقامی تعمیراتی کمیٹی میں بھی کام کِیا۔
سن 2013ء میں بھائی جوڈی اور بہن ڈیمرس کو واروِک میں ہونے والے تعمیراتی کام کے لیے پھر سے بیتایل بُلایا گیا۔ اُس وقت سے اُن دونوں نے پیٹرسن اور والکل بیتایل میں بھی خدمت کی ہے۔ بھائی جوڈی نے اِن شعبوں میں بھی کام کِیا ہے: ڈیزائن اور تعمیر کے مقامی شعبے میں اور مرکزی دفتر میں خون کے بغیر علاج کے متعلق معلومات فراہم کرنے والے شعبے میں۔ مارچ 2023ء میں اُنہیں خدمتی کمیٹی کے مددگار کے طور پر مقرر کِیا گیا۔ بھائی جوڈی نے اب تک جو بھی ذمےداریاں نبھائی ہیں، اُن کے بارے میں اُنہوں نے کہا: ”جب ہمیں کوئی نئی ذمےداری ملتی ہے تو کبھی کبھار ہم گھبرا جاتے ہیں۔ لیکن یہی وہ وقت ہوتا ہے جب ہمیں یہوواہ پر بھروسا کرنا چاہیے کیونکہ وہی ہمیں اُن سب کاموں کو کرنے کے قابل بنا سکتا ہے جو وہ ہم سے کروانا چاہتا ہے۔“
بھائی جیکب رمف اور اُن کی بیوی اِینگا
بھائی جیکب رمف امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے۔ جب بھائی جیکب چھوٹے تھے تو اُن کی امی نے عبادتوں اور مُنادی میں جانا چھوڑ دیا لیکن اُنہوں نے بھائی کو بائبل کی سچائیاں سکھانے کی پوری کوشش کی۔ بھائی جیکب ہر سال اپنی دادی سے ملنے جاتے تھے جو وفاداری سے یہوواہ کی خدمت کر رہی تھیں۔ اُن کی مدد سے بھائی جیکب کے دل میں بائبل کی سچائیوں کو سیکھنے کا شوق پیدا ہوا اور پھر 13 سال کی عمر میں بھائی جیکب نے بائبل کورس کرنا شروع کر دیا اور 27 ستمبر 1992ء میں بپتسمہ لے لیا۔ خوشی کی بات ہے کہ بھائی کی امی نے پھر سے عبادتوں میں جانا اور مُنادی میں حصہ لینا شروع کر دیا اور اُن کے ابو اور بہن بھائیوں نے بھی بپتسمہ لے لیا۔
جب بھائی جیکب نوجوان تھے تو اُنہوں نے دیکھا کہ پہلکار بہت خوش رہتے ہیں۔ اِس لیے سکول کی پڑھائی ختم کرنے کے بعد وہ ستمبر 1995ء میں پہلکار بن گئے۔ 2000ء میں وہ ایکواڈور چلے گئے جہاں مبشروں کی زیادہ ضرورت تھی۔ وہیں اُن کی ملاقات اِینگا نام کی بہن سے ہوئی جو کینیڈا سے تھیں اور ایک پہلکار کے طور پر خدمت کر رہی تھیں۔ کچھ وقت بعد اُن دونوں نے شادی کر لی اور پھر وہ مل کر ایکواڈور کے ایک شہر میں ایک چھوٹے گروپ میں خدمت کرنے لگے۔ اب یہ گروپ ایک بڑی کلیسیا بن گیا ہے۔
بعد میں بھائی جیکب اور بہن اِینگا خصوصی پہلکار بن گئے اور پھر بھائی جیکب نے حلقے کے نگہبان کے طور پر بھی کام کِیا۔ 2011ء میں وہ دونوں گلئیڈ سکول کی 132ویں کلاس کا حصہ بنے۔ اِس سکول سے تربیت حاصل کرنے کے بعد اُنہوں نے فرق فرق ملکوں میں اور فرق فرق طریقوں سے یہوواہ کی خدمت کی جیسے کہ اُنہوں نے بیتایل میں اور مشنریوں کے طور پر خدمت کی۔ بھائی جیکب کو حلقے کے نگہبان کے طور پر خدمت کرنے کا اور بادشاہت کے مُنادوں کے لیے سکول میں تربیت دینے کا بھی اعزاز ملا ہے۔
کورونا کی وبا کی وجہ سے بھائی جیکب اور بہن اِینگا واپس امریکہ چلے گئے تھے۔ وہاں اُنہیں والکل بیتایل میں خدمت کرنے کے لیے بُلایا گیا جہاں بھائی جیکب کو خدمتی شعبے میں کام کرنے کی تربیت دی گئی۔ بعد میں اُنہیں پھر ایکواڈور برانچ میں بھیجا گیا جہاں بھائی جیکب نے برانچ کی کمیٹی کے ایک رُکن کے طور پر خدمت کی۔ 2023ء میں اُنہیں واروِک بیتایل میں خدمت کرنے کے لیے بھیجا گیا۔ جنوری 2024ء میں بھائی جیکب کو خدمتی کمیٹی کے مدد گار کے طور پر مقرر کِیا گیا۔ بھائی جیکب نے اب تک جن جن طریقوں سے یہوواہ کی خدمت کی ہے، اُن کے بارے میں اُنہوں نے کہا: ”ہم جس جگہ یہوواہ کی خدمت کرتے ہیں، وہ جگہ خاص نہیں ہوتی بلکہ وہ لوگ خاص ہوتے ہیں جن کے ساتھ ہم خدمت کرتے ہیں۔“
ہم اپنے اِن بھائیوں کی محنت کے لیے دل سے اُن کے شکرگزار ہیں اور اُن کی بہت ’قدر کرتے ہیں۔‘—فِل 2:29، 30۔