مسیحیوں کے طور پر زندگی
گواہی دینے کے کام میں اپنی مہارتوں کو نکھاریں—ویبسائٹ JW.ORG کو اِستعمال کرنا سیکھیں
یہ مہارت پیدا کرنا ضروری کیوں ہے؟ تعلیم دینے کے ہمارے ہر اوزار میں ویبسائٹ jw.org کا ذکر کِیا جاتا ہے۔ دراصل ہمارے رابطے کے کارڈ اور پرچے ”ہمیں زندگی کے اہم سوالوں کے جواب کہاں سے مل سکتے ہیں؟“ کا بنیادی مقصد لوگوں کی توجہ ہماری ویبسائٹ پر دِلانا ہے۔ آپ ویبسائٹ jw.org کو اِستعمال کر کے کسی شخص کو اُن مطبوعات کی الیکڑانک کاپی ایمیل کر سکتے ہیں یا لنک بھیج سکتے ہیں جو ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں شامل ہیں۔ یہ سہولت خاص طور پر اُس وقت فائدہمند ثابت ہو سکتی ہے جب آپ کسی ایسے شخص کو گواہی دیتے ہیں جو کوئی اَور زبان بولتا ہے۔ اِس کے علاوہ شاید لوگ ہم سے کوئی ایسا سوال پوچھیں جس کا جواب ایسی مطبوعات میں دیا گیا ہے جو ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں شامل نہیں ہیں۔ اگر ہمیں ویبسائٹ کو اِستعمال کرنا آتا ہے تو ہم لوگوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے گواہی دے سکیں گے۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
حصہ ”پاک کلام کی تعلیمات“ کو اِستعمال کریں۔ فرض کریں کہ آپ کسی ایسے ماں یا باپ کو گواہی دے رہے ہیں جو بچوں کی پرورش کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے۔ حصہ ”پاک کلام کی تعلیمات“ کے تحت ”شادی اور گھریلو زندگی“ پر جائیں۔
حصہ ”مطبوعات“ کو اِستعمال کریں۔ فرض کریں کہ آپ سکول میں غیرمنظم گواہی دے رہے ہیں اور آپ اپنے ہمجماعت کو کتاب ”نوجوانوں کے 10 سوال اور اُن کے جواب“ کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں۔ حصہ ”مطبوعات“ کے تحت ”کتابیں“ پر جائیں۔
حصہ ”ہمارے بارے میں“ کو اِستعمال کریں۔ فرض کریں کہ آپ اپنے ساتھ کام کرنے والے کسی ایسے شخص کو گواہی دے رہے ہیں جو ہمارے عقیدوں کے بارے میں سرسری سی معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے۔ حصہ ”ہمارے بارے میں“ کے تحت ”اکثر پوچھے جانے والے سوال“ پر جائیں۔
ویڈیو ”JW.ORG کو اِستعمال کرنا سیکھیں“ کو دیکھیں اور پھر غور کریں کہ آپ اُس وقت ویبسائٹ کے کس حصے پر جائیں گے جب آپ . . .
کسی ایسے شخص سے ملتے ہیں جو ہمارے کسی عقیدے پر اِعتراض کرتا ہے۔
کسی ایسے شخص سے ملتے ہیں جس پر کوئی مصیبت آن پڑی ہے۔
کسی ایسے بہن بھائی سے ملتے ہیں جو کلیسیا سے دُور چلا گیا ہے۔
کسی ایسے شخص سے واپسی ملاقات کرتے ہیں جو یہ جاننا چاہتا ہے کہ ہماری تنظیم کے اخراجات کیسے پورے ہوتے ہیں۔
کسی ایسے شخص سے ملتے ہیں جس کا تعلق کسی دوسرے ملک سے ہے اور وہ اپنے ملک میں ہمارے اِجلاس پر جانا چاہتا ہے۔