خاندانی عبادت—کیا آپ اِسے اَور دلچسپ بنا سکتے ہیں؟
مسیحی گھرانوں کے سربراہ یہ جانتے ہیں کہ اگر خاندانی عبادت خوشگوار ماحول میں ہوگی تو تبھی اُن کے گھر والے اِس سے لطفاندوز ہوں گے۔ بھائی رالف جن کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، وہ کہتے ہیں کہ اُن کی خاندانی عبادت میں بڑے سنجیدہ ماحول میں سوالوجواب نہیں کیے جاتے بلکہ وہ بےتکلف ہو کر آپس میں باتچیت کرتے ہیں۔ خاندانی عبادت میں گھر کے ہر فرد کی دلچسپی اور توجہ قائم رکھنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ ایک ماں نے کہا: ”کبھی کبھار مجھ میں اِتنی طاقت نہیں ہوتی کہ مَیں اپنی خاندانی عبادت کو اُتنا دلچسپ بنا سکوں جتنا کہ مَیں چاہتی ہوں۔“ اگر آپ کو بھی اِسی طرح کے مسئلے کا سامنا ہے تو کیا آپ اِس کا حل نکال سکتے ہیں؟—یسع 58:13، 14۔
ضروریات کے مطابق ڈھالیں اور مختلف طریقے اپنائیں۔ بعض خاندان اپنی عبادت کو دلچسپ بنانے کے لیے کون سے طریقے اِستعمال کرتے ہیں؟ کچھ خاندان اپنی عبادت کے شروع میں یہوواہ کے حضور گیت گاتے ہیں۔ بہت سے خاندان اپنی عبادت کے دوران بائبل کو پڑھتے ہیں۔ اِس پڑھائی کو دلچسپ بنانے کے لیے مختلف افراد بائبل کے کرداروں کے مکالمے پڑھتے ہیں۔ ملک جاپان سے دو بیٹوں کے باپ نے کہا: ”شروع شروع میں تو مجھے اِس طرح سے پڑھنا بہت عجیب لگا۔“ لیکن اِس بھائی کے بیٹوں کو یہ بات بہت اچھی لگتی تھی کہ اُن کے ماں باپ اُن کے ساتھ مل کر بائبل کو پڑھتے ہیں۔ کچھ خاندان اپنی عبادت میں بائبل کی مختلف کہانیوں پر مبنی ڈرامے کرتے ہیں۔ اپنی خاندانی عبادت کو دلچسپ بنانے کے لیے آپ اِس کے دوران نوح کی کشتی، سلیمان کی ہیکل یا ایسا ہی کوئی اَور ماڈل تیار کرنے کا منصوبہ بنا سکتے ہیں۔ اِس کے لیے تحقیق کرنے سے آپ کو بڑا مزہ آئے گا۔ کیا آپ کوئی ایسا ماڈل یا گیم وغیرہ بنا سکتے ہیں جس سے آپ کی خاندانی عبادت اَور زیادہ دلچسپ بن جائے؟
تیاری کرنا بےحد ضروری ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ خاندانی عبادت کے لیے مختلف طریقے اپنانے سے اور اِسے گھرانے کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے سے یہ بہت دلچسپ ہو جاتی ہے۔ لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ گھر کے سب افراد اِس سے کچھ نہ کچھ سیکھیں تو سب کو اچھی طرح تیاری کرنی چاہیے۔ بعض اوقات بچے خاندانی عبادت میں بیٹھے بیٹھے تھک جاتے ہیں۔ اِس لیے گھرانے کے سربراہوں کو اُس مواد کا پہلے سے اِنتخاب کرنا چاہیے جسے وہ عبادت میں اِستعمال کریں گے۔ اور اُنہیں اِس کی تیاری کرنے کے لیے وقت بھی نکالنا چاہیے۔ ایک باپ نے کہا: ”جب مَیں مواد کی اچھی طرح تیاری کرتا ہوں تو خاندانی عبادت سے سب لطفاندوز ہوتے ہیں۔“ جرمنی میں رہنے والا ایک باپ اپنے خاندان کو پہلے سے بتا دیتا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں وہ خاندانی عبادت میں کیا کیا کریں گے۔ ملک بینن میں چھ بچوں کا باپ بھی ایسا ہی کرتا ہے۔ جب وہ خاندانی عبادت میں ہماری کوئی ڈیویڈی دیکھنے کا پروگرام بناتا ہے تو وہ بچوں کو پہلے سے ہی سوالوں کی فہرست دے دیتا ہے جن پر وہ ڈیویڈی دیکھنے کے بعد بات کریں گے۔ واقعی اچھی طرح تیاری کرنے سے خاندانی عبادت سے سب کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔
خاندانی عبادت دراصل یہوواہ خدا کی بندگی کا ہی ایک پہلو ہے۔ اِس لیے ضروری ہے کہ آپ کے خاندان کے سب افراد ہر ہفتے یہوواہ کے حضور ”اپنے لبوں سے قربانیاں گذرانیں۔“ (ہوس 14:2) پوری کوشش کریں کہ خاندانی عبادت آپ کے گھرانے کے ہر فرد کے لیے خوشی کا موقع ہو کیونکہ ’یہوواہ کی شادمانی آپ کی پناہگاہ ہے۔‘—نحم 8:9، 10۔