گواہی دینے کے کام میں اپنی مہارتوں کو نکھاریں—نئے مبشروں کی تربیت کریں
یہ مہارت پیدا کرنا ضروری کیوں ہے؟ یہ بہت ضروری ہے کہ نئے شاگرد ”اُن سب باتوں پر عمل“ کرنا سیکھیں جن کا حکم یسوع مسیح نے دیا تھا اور اِس میں دوسروں کو پاک کلام کی تعلیم دینا بھی شامل ہے۔ (متی 28:19، 20) بہت سے ایسے نئے لوگ ہیں جو مسیحی خدمتی سکول میں تقریریں دیتے ہیں اور اپنے رشتےداروں اور دوستوں کو گواہی بھی دیتے ہیں۔ جب اُن کے دل میں بائبل کی سچائیوں کے لیے قدر بڑھتی ہے اور وہ یہ سمجھ جاتے ہیں کہ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ سب لوگ خوشخبری سنیں تو وہ بھی مُنادی کے کام میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔ (روم 10:13، 14) جب ایسے لوگ غیربپتسمہیافتہ مبشر بن جاتے ہیں تو ہمیں اُنہیں تربیت دینی چاہیے تاکہ وہ اِعتماد کے ساتھ مُنادی کر سکیں۔—لُو 6:40۔
اِس مہینے یہ کریں:
جس نئے مبشر کو آپ بائبل کورس کرا رہے ہیں اُس کے ساتھ گھر گھر مُنادی کریں۔ اُسے دلچسپی دِکھانے والے لوگوں کے ساتھ دوبارہ ملاقات کرنے یا بائبل کورس کرانے کے لیے اپنے ساتھ لے جائیں۔ اگر آپ کسی نئے مبشر کو بائبل کورس نہیں کرا رہے تو ایک کم تجربہکار مبشر کے ساتھ مُنادی کریں۔