گورننگ باڈی کی طرف سے خط
عزیز بہنو اور بھائیو:
پولُس رسول نے اپنے مسیحی بہن بھائیوں کو لکھا: ”تُم سب کے بارے میں ہم خدا کا شکر ہمیشہ بجا لاتے ہیں اور اپنی دُعاؤں میں تمہیں یاد کرتے ہیں اور اپنے خدا اور باپ کے حضور تمہارے ایمان کے کام اور محبت کی محنت اور اُس اُمید کے صبر کو بِلاناغہ یاد کرتے ہیں جو ہمارے خداوند یسوؔع مسیح کی بابت ہے۔“ (1-تھس 1:2، 3) ہم آپ کے بارے میں بالکل ایسا ہی محسوس کرتے ہیں۔ ہم آپ کے لیے اور آپ کی محنت کے لیے یہوواہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اِس کی کیا وجوہات ہیں؟
پچھلے سال آپ ”ایمان کے کام“ اور ”محبت کی محنت“ میں بہت مصروف رہے۔ بہت سے بہن بھائیوں نے بادشاہت کی حمایت کرنے کی خاطر اپنی خدمت کو بڑھایا۔ کچھ بہن بھائی ایسے علاقوں یا ملکوں میں منتقل ہو گئے جہاں مبشروں کی زیادہ ضرورت ہے۔ دوسروں نے عوامی جگہوں پر گواہی دینا شروع کی۔ بہت سے مبشروں نے یادگاری تقریب کے لگ بھگ، حلقے کے نگہبان کے دورے کے مہینے میں یا اگست 2014ء کی خاص مہم کے دوران مددگار پہلکاروں کے طور پر خدمت کی۔ حالانکہ ہر ایک کے حالات فرق ہیں لیکن ہم جانتے ہیں کہ آپ سب جی سے یہوواہ کے لیے کام کرتے ہیں۔ (کل 3:23، 24) اِس ”ایمان کے کام“ کے لیے ہم آپ کو داد دینا چاہتے ہیں اور یہوواہ کا بھی شکر ادا کرتے ہیں۔
ہم تعمیراتی کام کے سلسلے میں آپ کی ”محبت کی محنت“ کی بھی بڑی قدر کرتے ہیں۔ پوری دُنیا میں مبشروں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ (یسع 60:22) پچھلے سال مبشروں کی اِنتہائی تعداد 82 لاکھ 1545 تھی اور بائبل کے مطالعوں کی اوسط تعداد 94 لاکھ 99 ہزار 933 تھی۔ مبشروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے کئی برانچ کے دفتروں کو بڑا کرنے یا اُن کی مرمت کرنے کی ضرورت ہے اور نئے کنگڈم ہالز بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ اِس کے علاوہ دُنیا کے بہت سے ملکوں میں ترجمے کے دفتروں کی ضرورت ہے تاکہ ترجمہ کرنے والے بہن بھائی اُس علاقے میں کام کر سکیں جہاں اُن کی زبان بولی جاتی ہے۔
آپ اِس تعمیراتی کام کی حمایت کیسے کر سکتے ہیں؟ کچھ بہن بھائی رضاکاروں کے طور پر اِس کام میں حصہ لیتے ہیں۔ چاہے ہم ایسا کر سکیں یا نہیں، ہم سب عطیات دے کر اِس اہم کام کو فروغ دے سکتے ہیں۔ (امثا 3:9، 10) جب خیمۂاِجتماع کو تعمیر کِیا گیا تو بنیاِسرائیل نے ضرورت سے کہیں زیادہ عطیات دیے۔ (خر 36:5-7) بِلاشُبہ اُن کی مثال ہمارے دل کو چُھو لیتی ہے اور ہمیں عطیات دینے کی ترغیب دیتی ہے۔ ہم آپ کی اِس ”محبت کی محنت“ کے لیے بھی یہوواہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
ہمیں یہ دیکھ کر بھی بڑی خوشی ہوتی ہے کہ پوری دُنیا میں ہمارے بہن بھائی مشکلات کے باوجود بھی ثابتقدم رہتے ہیں۔ ذرا جنوبی کوریا میں ہمارے بھائیوں کی مثال پر غور کریں۔ 1950ء سے اُس ملک میں جوان بھائیوں کو اِس لیے قید کِیا جاتا ہے کیونکہ وہ فوج میں بھرتی ہونے سے اِنکار کرتے ہیں۔ اب تک سینکڑوں بھائی اِسی وجہ سے کچھ سال قید میں رہے ہیں لیکن اُن سب نے بڑی وفاداری سے اِس مشکل کو برداشت کِیا۔ اُن کی ثابتقدمی دیکھ کر ہمارا ایمان اَور بھی مضبوط ہوتا ہے۔
ملک ایریٹریا میں ہمارے تین بھائی 20 سال سے زیادہ عرصے سے قید ہیں۔ اُس ملک میں کچھ اَور یہوواہ کے گواہ بھی کافی عرصے سے قید میں ہیں جن میں بہنیں اور اُن کے بچے بھی شامل ہیں۔ اُن کو رِہا کروانے کی بہت کوششیں کی گئی ہیں لیکن وہ سب ناکام رہی ہیں۔ ہمارے بہن بھائیوں نے کوئی سمجھوتا نہیں کِیا بلکہ وہ کٹھن صورتحال میں بھی یہوواہ خدا کے وفادار رہے ہیں۔ ہم اِن سب کو اپنی دُعاؤں میں یاد کرتے ہیں۔—روم 1:8، 9۔
سچ ہے کہ آپ میں سے زیادہتر بہن بھائی اپنے ایمان کی وجہ سے قید میں نہیں ہیں۔ لیکن شاید آپ بڑھاپے، بیماری یا کسی غیرایمان جیون ساتھی یا رشتےدار کی طرف سے مخالفت کی وجہ سے مشکلات برداشت کر رہے ہوں۔ آپ ہی جانتے ہیں کہ آپ پر کیا بیت رہی ہے۔ پھر بھی آپ وفاداری سے یہوواہ خدا کی خدمت کرتے ہیں۔ (یعقو 1:12) ہم آپ کو دل سے داد دیتے ہیں اور آپ کی ثابتقدمی کے لیے یہوواہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔
بہنو اور بھائیو، ہم آپ کے ”ایمان کے کام،“ آپ کی ”محبت کی محنت“ اور آپ کی ثابتقدمی کی وجہ سے ’یہوواہ کا شکر کرتے ہیں کیونکہ وہ بھلا ہے۔‘ (زبور 106:1) ہم آپ سب سے دل سے پیار کرتے ہیں اور ہماری دُعا ہے کہ یہوواہ خدا آپ کو قوت بخشے، آپ کو سنبھالے اور آپ کو برکت دے تاکہ آپ ہمیشہ تک اُس کی خدمت کر سکیں۔
آپ کے بھائی،
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی