کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟
۱. ہم بروشر کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟ کا مطالعہ کب شروع کریں گے اور اِس سے ہمیں کیا فائدہ ہوگا؟
۱ ہم ۱۱ نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے سے بروشر کون لوگ یہوواہ خدا کی مرضی پر چلتے ہیں؟ سے کلیسیائی بائبل مطالعہ کریں گے۔ یہ بروشر ہمیں صوبائی اِجتماع ”دل کی حفاظت کریں“ پر ملا تھا۔ اِس بروشر کو اِس لئے تیار کِیا گیا ہے تاکہ بائبل کا مطالعہ کرنے والے لوگوں کو یہوواہ خدا کی تنظیم کی طرف لایا جا سکے۔ اِس بروشر کا مطالعہ کرنے سے ہمارے دل میں نہ صرف اِس بات کی قدر بڑھے گی کہ ہم یہوواہ خدا کی تنظیم کا حصہ ہیں بلکہ ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ ہم مُنادی کے دوران اِس بروشر کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کیسے کر سکتے ہیں۔—زبور ۴۸:۱۳۔
۲. کلیسیا میں اِس بروشر کا مطالعہ کیسے کِیا جائے گا؟
۲ اِس بروشر کا مطالعہ کیسے کِیا جائے گا؟ ہر ہفتے ایک سے زیادہ ابواب کا مطالعہ کِیا جائے گا۔ مطالعہ کرانے والے بھائی کو ہر باب پر ایک جتنا وقت صرف کرنا چاہئے۔ وہ ہر باب کے مطالعے سے پہلے اِس کا عنوان پڑھے۔ پھر وہ اُس بھائی کو پہلا پیراگراف پڑھنے کے لئے کہے جسے اُس ہفتے ابواب کو پڑھنے کے لئے مقرر کِیا گیا ہے۔ اِس کے بعد مطالعہ کرانے والا بھائی سامعین سے وہ سوال پوچھے جو اُس نے اِس پیراگراف کے لئے تیار کِیا ہے۔ پھر وہ اُن حصوں کو باریباری پڑھائے جن کا پہلا جملہ موٹی لکھائی میں لکھا ہوا ہے۔ ہر حصے کو پڑھنے کے بعد وہ اِس پر سامعین سے سوال کرے۔ جب ایک حصہ پڑھ لیا جاتا ہے تو بھائی سامعین سے پوچھے کہ اِس حصے کا عنوان سے کیا تعلق ہے۔ بروشر میں بہت سی تصویریں بھی دی گئی ہیں جن پر بات کی جا سکتی ہے۔ اگر وقت ہو تو پیراگراف میں دی گئی کچھ آیتوں کو بھی پڑھا جا سکتا ہے۔ اگلے باب کو شروع کرنے سے پہلے بھائی کو چاہئے کہ وہ دُہرائی کے لئے باب کے آخر میں دئے گئے سوالوں کو پوچھے۔ کچھ ابواب میں بکس ”مزید جاننے کے لئے یہ کریں“ دیا گیا ہے۔ بھائی کو چاہئے کہ وہ اِس بکس کو بھی پڑھنے کے لئے کہے اور اِس کے بعد سامعین سے پوچھے کہ بائبل کا مطالعہ کرنے والے شخص کو بکس میں دی گئی تجویز پر عمل کرنے سے کیا فائدہ ہوگا۔ اگر وقت ہو تو مطالعے کے آخر میں بھائی باب کے عنوان کو دُہرائی کے لئے اِستعمال کر سکتا ہے۔ یاد رکھیں کہ جب آپ اِس بروشر کو بائبل کا مطالعہ کرنے والے شخص کے ساتھ پڑھتے ہیں تو ضروری نہیں کہ آپ وہی طریقہ اِستعمال کریں جو کلیسیائی بائبل مطالعے میں اِستعمال کِیا جائے گا۔
۳. ہمیں کیا کرنا چاہئے تاکہ ہمیں اِس بروشر کا مطالعہ کرنے سے فائدہ ہو؟
۳ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو اِس بروشر کا مطالعہ کرنے سے بھرپور فائدہ ہو تو اِس کی اچھی تیاری کرکے اِجلاس پر آئیں۔ مطالعے کے دوران تبصرے دینے کی کوشش بھی کریں۔ اِس دوران یہ بھی سوچیں کہ اِس معلومات سے بائبل کا مطالعہ کرنے والے شخص کو کیا فائدہ ہوگا۔ دُعا ہے کہ اِس بروشر کا مطالعہ کرنے کے بعد ہم اَور اچھی طرح سے دوسروں کی مدد کر سکیں تاکہ وہ بھی یہوواہ خدا کی مرضی پر چل سکیں اور ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کی اُمید رکھ سکیں۔—۱-یوح ۲:۱۷۔