اپنے خوف پر قابو پائیں
۱. یرمیاہ کی طرح ہمیں کس خوف کا سامنا ہو سکتا ہے؟
۱ جب یرمیاہ کو نبی کے طور پر خدمت کرنے کا حکم دیا گیا تو اُنہیں لگا کہ وہ اِس کام کو انجام دینے کے لائق نہیں ہیں۔ لیکن یہوواہ خدا نے اُن کا حوصلہ بڑھایا اور اُن کی مدد کی تاکہ وہ اِس ذمہداری کو پورا کر سکیں۔ (یرم ۱:۶-۱۰) آج ہمیں مُنادی کرنے کی ذمہداری دی گئی ہے۔ شاید ہم بھی یرمیاہ کی طرح محسوس کرتے ہیں۔ شاید ہم اعتماد کی کمی یا شرمیلے ہونے کی وجہ سے مُنادی کے کام میں حصہ لینے سے گھبراتے ہیں۔ یا شاید ہمیں یہ خوف ہوتا ہے کہ لوگ ہمارے بارے میں کیا سوچیں گے یا ہماری بات سُن کر کیسا ردِعمل دِکھائیں گے۔ ہم اِس خوف پر کیسے قابو پا سکتے ہیں اور ایسا کرنے سے ہمیں کونسے فائدے ہوں گے؟
۲. پہلے سے تیاری کرنے سے ہم اپنے خوف پر قابو پانے کے قابل کیسے ہوں گے؟
۲ پہلے سے تیاری کریں: اگر ہم پہلے سے تیاری کرتے ہیں تو ہم بڑی حد تک اپنے خوف پر قابو پا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر ہم پہلے سے اِس بات پر غور کرتے ہیں کہ لوگ کونسے اعتراض یا سوال اُٹھا سکتے ہیں تو ہم اُنہیں جواب دینے کے لئے تیار ہوں گے۔ (امثا ۱۵:۲۸) کیوں نہ خاندانی عبادت کے دوران مشق کریں کہ اگر مُنادی میں یا سکول میں کوئی مشکل کھڑی ہوگی تو آپ اُس سے کیسے نپٹیں گے؟—۱-پطر ۳:۱۵۔
۳. یہوواہ خدا پر بھروسا رکھنے سے ہم اپنے خوف پر قابو پانے کے قابل کیسے ہوں گے؟
۳ یہوواہ خدا پر بھروسا رکھیں: اپنے خوف پر قابو پانے کے لئے ہمیں یہوواہ خدا پر بھروسا بھی رکھنا چاہئے۔ یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ ہماری مدد کرے گا۔ (یسع ۴۱:۱۰-۱۳) اور جب یہوواہ ہمارا مددگار ہے تو ہمیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یسوع مسیح نے بھی ہمیں یقین دِلایا کہ اگر اچانک سے کوئی مشکل صورتحال پیدا ہوگی تو خدا کی پاک روح ہماری مدد کرے گی تاکہ ہم اچھی طرح سے گواہی دے سکیں۔ (مر ۱۳:۱۱) اِس لئے ہمیں باقاعدگی سے یہوواہ خدا سے پاک روح مانگنی چاہئے۔—لو ۱۱:۱۳۔
۴. جب ہم مشکلات کے باوجود مُنادی کا کام کرتے رہتے ہیں تو ہمیں کونسے فائدے ہوتے ہیں؟
۴ فائدے: جب ہم مشکلات کے باوجود مُنادی کا کام کرتے رہتے ہیں تو ہم آئندہ کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ ہمیں خدا کی پاک روح بھی حاصل ہوتی ہے جس کے ذریعے ہمیں دلیری اور حوصلہ ملتا ہے۔ (اعما ۴:۳۱) اِس کے علاوہ جب یہوواہ خدا خوف پر قابو پانے میں ہماری مدد کرتا ہے تو ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے اور اِس بات پر ہمارا بھروسا پکاہوتا ہے کہ یہوواہ خدا اپنے بازو یعنی اپنی طاقت کے ذریعے اپنے بندوں کو بچاتا ہے۔ (یسع ۳۳:۲) ہمیں یہ جان کر خوشی اور اطمینان بھی ملتا ہے کہ ہم اپنے آسمانی باپ کا دل خوش کر رہے ہیں۔ (۱-پطر ۴:۱۳، ۱۴) آئیں، اپنے خوف پر قابو پائیں، یہوواہ خدا پر پورا بھروسا رکھیں اور دلیری سے بادشاہت کی خوشخبری سناتے رہیں۔