اپنے چالچلن سے یہوواہ خدا کو جلال دیں
۱. لوگ کیوں آسانی سے پہچان جاتے ہیں کہ یہوواہ کے گواہ صوبائی اِجتماع کے لئے اُن کے علاقے میں آئے ہوئے ہیں؟
۱ جب ہم صوبائی اِجتماع پر جاتے ہیں تو لوگ دیکھ سکتے ہیں کہ ہم اُن کے علاقے میں کیوں آئے ہوئے ہیں۔ اِس کی کیا وجہ ہے؟ دراصل جس علاقے میں اِجتماع ہوتا ہے، وہاں لوگ یہ دیکھتے ہیں کہ بہت سے لوگوں نے اِجتماع کے بیج لگائے ہوئے ہیں۔ اِس کے علاوہ اِجتماع پر آنے والے کچھ بہنبھائی ہوٹلوں میں ٹھہرتے ہیں اور اکثر کچھ بہنبھائی کھانا کھانے کے لئے باہر جاتے ہیں۔ بہت سے شہروں میں میڈیا والے بھی لوگوں کو بتا دیتے ہیں کہ اُن کے علاقے میں یہوواہ کے گواہوں کا اِجتماع ہو رہا ہے۔ چونکہ اِس موقعے پر ہم بہت سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوتے ہیں اِس لئے ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے چالچلن سے یہوواہ خدا کو جلال ملے۔ آئیں، اِس سلسلے میں کچھ یاددہانیوں پر غور کریں۔—۱-پطر ۲:۱۲۔
۲. ہم اِجتماع کے دنوں میں اپنے لباس سے یہوواہ خدا کو کیسے جلال دے سکتے ہیں؟
۲ حیادار لباس پہنیں: بِلاشُبہ ہمیں صوبائی اِجتماع پر حیادار کپڑے پہن کر جانا چاہئے۔ لیکن باقی موقعوں پر بھی ہمیں اپنے لباس اور بناؤسنگھار کا خیال رکھنا چاہئے جیسے کہ جب ہم رہائش کے لئے ہوٹل میں جاتے ہیں، باہر کھانا کھانے جاتے ہیں، خریداری کرتے ہیں وغیرہ۔ جب ہم ایسے موقعوں پر بھی حیادار کپڑے پہنتے ہیں تو اِس سے بھی لوگوں کو ہمارے بارے میں اچھا تاثر مل سکتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہم ہر موقعے پر ویسے ہی کپڑے پہنیں جیسے ہم اِجلاسوں پر پہنتے ہیں۔ لیکن ہم دیگر موقعوں پر جو کپڑے پہنتے ہیں، اُنہیں بھی حیادار ہونا چاہئے۔ ہمارے لباس اور بناؤسنگھار سے لوگوں کو نظر آنا چاہئے کہ ہم دُنیا کے لوگوں سے فرق ہیں۔ (روم ۱۲:۲) اِس کے علاوہ ہمیں اِجتماع کا بیج بھی لگا کر رکھنا چاہئے تاکہ دوسرے لوگوں کو اِجتماع کے بارے میں پتہ چلے؛ ہمیں گواہی دینے کا موقع ملے اور اِجتماع پر آئے دوسرے بہنبھائی ہمیں پہچان سکیں۔
۳. ہم صبر سے کام کیسے لے سکتے ہیں اور دوسروں کا لحاظ کیسے رکھ سکتے ہیں؟
۳ صبر سے کام لیں اور دوسروں کا لحاظ رکھیں: آجکل دُنیا میں بہت سے لوگ خودغرض اور ناشکر ہیں۔ اِس لئے جب ہم ہوٹل میں یا ریسٹورنٹ میں کام کرنے والوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں اور صبر سے کام لیتے ہیں تو یقیناً اُن کو بہت اچھا لگتا ہے۔ (۲-تیم ۳:۱-۵) جب ہم اِجتماع پر اپنے لئے سیٹیں رکھتے ہیں یا نئی مطبوعات لینے کے لئے لائن میں کھڑے ہوتے ہیں تو اُس وقت ہمیں صرف اپنے بارے میں نہیں بلکہ دوسروں کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے۔ (۱-کر ۱۰:۲۳، ۲۴) ایک شخص نے پہلی بار ہمارے اِجتماع پر آنے کے بعد کہا: ”مجھے یہ تو یاد نہیں کہ تقریروں میں کیا بتایا گیا تھا لیکن مجھے اِتنا ضرور یاد ہے کہ یہوواہ کے گواہ آپس میں اور دوسروں کے ساتھ بہت اچھی طرح سے پیش آ رہے تھے۔“
۴. اپنے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہمیں اِجتماع پر کام کرنے کے لئے خود کو خوشی سے کیوں پیش کرنا چاہئے؟
۴ اِجتماع پر کام کرنے کے لئے خوشی سے خود کو پیش کریں: اِجتماع پر بہت زیادہ رضاکاروں کی ضرورت ہوتی ہے اور سچے مسیحی اِس کے لئے خود کو خوشی سے پیش کرتے ہیں۔ (زبور ۱۱۰:۳) کیا آپ بھی اِجتماع پر رضاکار کے طور پر کام کر سکتے ہیں؟ ایک اِجتماع پر تقریباً ۶۰۰ بہنبھائیوں نے اِجتماع سے پہلے ہال کی صفائی کی۔ ہال کی اِنتظامیہ اِس بات سے بہت متاثر ہوئی۔ اُس نے کہا: ”ہم نے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ ہمیں یقین نہیں ہو رہا ہے کہ یہ سب لوگ رضاکارانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔“ ہم یقیناً ۲۰۱۳ء کے صوبائی اِجتماع پر جانے کے مشتاق ہیں کیونکہ وہاں جا کر ہمیں نہ صرف سننے اور سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ ہم یہوواہ خدا کو جلال بھی دے سکیں گے۔