کیا آپ مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کریں گے؟
۱. ہر سال جب یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب آتی ہے تو ہم مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ کیوں لے سکتے ہیں؟
۱ ہر سال جب یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب آتی ہے تو ہم مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لے سکتے ہیں۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب ہم یہوواہ خدا کی عظیم محبت پر غور کرتے ہیں جو اُس نے اپنے بیٹے کو قربان کرکے ہمارے لئے دِکھائی۔ (یوح ۳:۱۶) اِس وجہ سے ہم یہوواہ خدا کے شکرگزار ہوتے ہیں اور ہمارے دل میں یہ خواہش بڑھتی ہے کہ ہم دوسروں کو بتائیں کہ یہوواہ خدا انسانوں کے لئے کیا کچھ کر رہا ہے۔ (یسع ۱۲:۴، ۵؛ لو ۶:۴۵) اِس دوران ہم خاص مہم میں بھی حصہ لیتے ہیں اور اپنے جانپہچان والوں اور علاقے کے لوگوں کو یسوع مسیح کی یادگاری تقریب پر آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ پھر ہم پاک کلام میں اُن لوگوں کی دلچسپی کو بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں جو تقریب میں آتے ہیں۔ کیا آپ مارچ، اپریل یا مئی کے مہینوں میں مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کریں گے؟
۲. کن وجوہات کی بِنا پر مارچ کا مہینہ مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کے لئے اچھا ہے؟
۲ خاص مہینہ: مارچ کا مہینہ مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنے کے لئے بہت اچھا ہے۔ جو مبشر مددگار پہلکاروں کے طور پر خدمت کرنا چاہتے ہیں، اُن کے پاس یہ انتخاب کرنے کا موقع ہے کہ وہ ۳۰ گھنٹے مُنادی کا کام کریں گے یا پھر ۵۰ گھنٹے۔ اگر مارچ کے مہینے میں حلقے کے نگہبان کا دورہ ہو تو تمام مددگار پہلکار اُس پورے اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں جو حلقے کے نگہبان کے دورے میں خصوصی پہلکاروں اور پہلکاروں کے لئے منعقد کِیا جا تا ہے۔ اِس سال یسوع مسیح کی موت کی یادگاری تقریب ۲۶ مارچ ۲۰۱۳ء کو منگل کے دن ہوگی اور ہم یکم مارچ سے یادگاری تقریب کے دعوتنامے تقسیم کریں گے۔ پچھلے سال کی نسبت اِس سال ہمارے پاس دعوتنامے تقسیم کرنے کے لئے زیادہ دن ہوں گے۔ اِس کے علاوہ مارچ کے مہینے میں پانچ ہفتے اور پانچ اتوار ہوں گے۔ اِس لئے کیوں نہ اِس خاص مہینے میں مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لینے کے بارے میں سوچیں؟
۳. ہم مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لینے کے لئے کیا منصوبے بنا سکتے ہیں؟
۳ ابھی سے منصوبہ بنائیں: آپ ابھی سے اپنے شیڈول کا جائزہ لے سکتے ہیں اور اِس میں تبدیلی کر سکتے ہیں تاکہ آپ مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کر سکیں۔ اِس سلسلے میں گھر والوں کا تعاون بہت ضروری ہے۔ لہٰذا خاندانی عبادت کے دوران اِس بارے میں باتچیت کریں کہ آپ اور آپ کے گھر والے مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ کیسے لے سکتے ہیں اور پھر اِس کے حساب سے شیڈول بنائیں۔ (امثا ۱۵:۲۲) اگر آپ کے لئے مددگار پہلکار کے طور پر خدمت کرنا ممکن نہیں ہے تو بےحوصلہ نہ ہوں۔ کیا آپ اپنے شیڈول میں تبدیلی کر سکتے ہیں تاکہ جن دنوں میں آپ مُنادی کے لئے جائیں، آپ زیادہ گھنٹے صرف کر سکیں؟ یا کیا آپ ہفتے میں کسی اَور دن بھی منادی کے لئے جا سکتے ہیں؟
۴. جب ہم مارچ، اپریل اور مئی کے مہینوں میں مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لیں گے تو اِس سے کیا فائدے ہوں گے؟
۴ جب ہم مارچ، اپریل اور مئی کے مہینوں میں مُنادی کے کام میں زیادہ حصہ لیں گے تو یہوواہ خدا کی خدمت کرنے سے اور دوسروں کی مدد کرنے سے ہماری خوشی بڑھے گی اور ہمیں زیادہ اطمینان حاصل ہوگا۔ (یوح ۴:۳۴؛ اعما ۲۰:۳۵) سب سے بڑھ کر ہماری کوششوں اور قربانی کے جذبے سے یہوواہ خدا کا دل خوش ہوگا۔—امثا ۲۷:۱۱۔