دوبارہ ملاقات کریں اور بائبل کا مطالعہ حاصل کریں
۱. اُن لوگوں سے دوبارہ ملنا کیوں ضروری ہے جو پاک کلام کی تعلیم حاصل کرنے کا شوق رکھتے ہیں؟
۱ یسوع مسیح نے حکم دیا تھا کہ ہم لوگوں کو ’شاگرد بنائیں اور اُن کو تعلیم دیں۔‘ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰) جس طرح ایک ٹیچر کی ذمہداری ہوتی ہے کہ وہ اپنے طالبعلموں کو کوئی مضمون اچھی طرح سے سمجھائے اُسی طرح ہماری بھی ذمہداری ہے کہ ہم لوگوں کو پاک کلام کی باتیں سمجھائیں۔ ہم ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ اِس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اُن لوگوں سے دوبارہ ملیں جو پاک کلام کی تعلیم حاصل کرنے کا شوق رکھتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے دوبارہ ملنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم اُن کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کر سکیں۔
۲. ہمیں کن لوگوں کے پاس دوبارہ جانا چاہئے؟
۲ ہمیں ایسے تمام لوگوں کے پاس دوبارہ جانا چاہئے جو خوشخبری سننے میں ذرا سی بھی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں یا پھر ہماری کتابیں یا رسالے پڑھنے کے لئے لیتے ہیں۔ شاید کہیں پر آپ کسی ایسے شخص سے ملیں جو بادشاہت کے متعلق جاننے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ لیکن وہ اُس وقت آپ کی بات نہیں سن سکتا۔ ایسی صورت میں آپ اُس کا پتہ یا ٹیلیفون نمبر لکھ لیں تاکہ آپ اُس سے دوبارہ مل سکیں۔ کبھی یہ نہ سوچیں کہ آپ کے لئے کسی کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کرنا مشکل ہے۔ اگر آپ ایسے لوگوں کو ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے جو بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں تو وہ آپ کو مل بھی جائیں گے۔—متی ۱۰:۱۱۔
۳. پہلی ملاقات میں آپ اگلی ملاقات کے لئے راہ کیسے ہموار کر سکتے ہیں؟
۳ دل سے لوگوں کی مدد کریں: جب آپ کسی شخص سے پہلی بار ملتے ہیں تو اگلی ملاقات کے لئے راہ ہموار کریں۔ یہ دیکھ لیں کہ وہ شخص کس موضوع پر گفتگو کرنا پسند کرتا ہے۔ پھر جب آپ اُس سے دوبارہ ملیں تو اُسی موضوع پر بات کریں۔ اپنی باتچیت کے آخر میں اُس سے کوئی سوال پوچھیں تاکہ آپ کو اُس کے پاس دوبارہ آنے کا موقع مل جائے۔ اگر ہم واقعی دل سے لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو ہم اُن کو بھولیں گے نہیں بلکہ جلد از جلد اُن سے دوبارہ ملنے کی کوشش کریں گے۔ اگر ممکن ہو تو ایک یا دو دن کے بعد ہی اُن سے ملنے کی کوشش کریں تاکہ اُن کی دلچسپی کم نہ ہو۔ جب آپ اُن سے دوبارہ ملیں تو اُسی سوال سے باتچیت شروع کرنے کی کوشش کریں جو آپ نے پچھلی مرتبہ اُن سے پوچھا تھا۔ جب بھی آپ اُن کے پاس جائیں تو پاک کلام میں سے کچھ نہ کچھ بات ضرور کریں اور اُن کی بات بھی غور سے سنیں۔ اِس طرح آپ کو پتہ چل جائے گا کہ اُن سے کونسی بات کرنی چاہئے اور کونسی بات نہیں کرنی چاہئے۔ پھر جب اگلی بار آپ اُن سے ملیں گے تو آپ کے لئے اُن کے مسائل یا اعتراضات پر پاک کلام میں سے باتچیت کرنا آسان ہو جائے گا۔
۴. بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کا آسان طریقہ کونسا ہے؟
۴ ہمارا مقصد بائبل کا مطالعہ شروع کرنا ہے: جب آپ کسی سے دوبارہ ملنے کے لئے جاتے ہیں تو آپ کا ارادہ یہ ہونا چاہئے کہ آپ اُس کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کریں گے۔ اِس لئے جب آپ اُس سے ملیں تو اُسے بتائیں کہ آپ ایک بہت ہی دلچسپ بات کرنا چاہتے ہیں۔ پھر پاک صحائف کی کتاب میں سے کوئی ایسا پیراگراف دکھائیں جو آپ کے خیال میں اُسے اچھا لگے گا۔ پیراگراف پڑھیں اور اُس پر دئے گئے سوال پر گفتگو کریں۔ اِس کے بعد ایک یا دو آیتوں پر بھی بات کریں۔ یہ سب شاید آپ دروازے پر کھڑےکھڑے پانچ سے دس منٹ میں کر سکتے ہیں۔ آخر میں آپ کوئی سوال پوچھ سکتے ہیں اور دوبارہ آکر اُس پر بات کرنے کا وقت طے کر سکتے ہیں۔
۵. یہ کیسے پتہ چلے گا کہ ہماری نظر میں اُن لوگوں سے ملنا اہم ہے جو خوشخبری سننے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہیں؟
۵ ایسے تمام لوگوں سے دوبارہ ملنا ہمارا فرض ہے جو بادشاہت کی خوشخبری سننے میں تھوڑی بہت دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔ لہٰذا ہر ہفتے اِس کام کے لئے وقت نکالیں۔ اگر ہم ایسا کریں گے تو ہمیں لوگوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کا زیادہ موقع ملے گا۔ نیز ہمیں اِس بات کی خوشی ہوگی کہ ہم نے یسوع مسیح کے حکم پر عمل کرنے کی کوشش کی ہے۔