خون کے بغیر علاج کے سلسلے میں آپ کیا فیصلہ کریں گے؟
پوری دُنیا میں خون کے بغیر آپریشن کرنے والے ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ خون کے بغیر علاج کے طریقے کونسے ہیں؟ آپ کو اِن طریقوں کے بارے میں پتہ ہونا چاہئے تاکہ جب بھی آپ کو علاج کی ضرورت ہو تو آپ سمجھداری سے فیصلہ کر سکیں۔ اِس کے لئے ویڈیو نو بلڈ—میڈیسن میٹس دی چیلنج کو دیکھیں۔ اِس کے بعد نیچے دئے گئے سوالوں پر غور کریں اور یہوواہ خدا کی رہنمائی کے لئے دُعا کریں۔—نوٹ: اِس ویڈیو میں کچھ آپریشن دکھائے گئے ہیں اِس لئے والدین کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ یہ ویڈیو دیکھیں گے یا نہیں۔
(۱) یہوواہ کے گواہ خون کیوں نہیں لیتے؟ (۲) جب یہوواہ کے گواہوں کو علاج کی ضرورت پڑتی ہے تو اُن کی خواہش کیا ہوتی ہے؟ (۳) مریضوں کو کونسا بنیادی حق حاصل ہے؟ (۴) خون کے بغیر علاج کرانا دانشمندی کی بات کیوں ہے؟ (۵) اگر مریض کا زیادہ خون بہہ جاتا ہے تو ڈاکٹروں کو فوراً کونسے دو اقدام اُٹھانے کی ضرورت ہوتی ہے؟ (۶) خون کے بغیر علاج کرنے کے لئے ڈاکٹروں کو کن چار باتوں کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے؟ (۷) (الف) ڈاکٹر خون کو ضائع ہونے سے کیسے روک سکتے ہیں؟ (ب) ڈاکٹر سُرخ خلیوں کی تعداد کو کیسے برقرار رکھ سکتے ہیں؟ (ج) ڈاکٹر خون کی مقدار کیسے بڑھا سکتے ہیں؟ (د) ڈاکٹر ضائع ہونے والے خون کو کیسے جمع کرکے دوبارہ سے استعمال کر سکتے ہیں؟ (۸) (الف) ہیموڈائیلوشن کیا ہے؟ (ب) سیل سالویج کیا ہے؟ (۹) خون کے بغیر علاج کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لئے آپ کو ڈاکٹر سے کونسی معلومات حاصل کرنی چاہئے؟ (۱۰) کیا مشکل اور پیچیدہ آپریشن بھی خون کے بغیر کئے جا سکتے ہیں؟ (۱۱) آجکل خون لگانے کے سلسلے میں ڈاکٹروں کی سوچ میں کیا تبدیلی آ رہی ہےع؟
ویڈیو میں بعض ایسے علاج دکھائے گئے ہیں جن کے بارے میں ہر شخص کو اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنا چاہئے کہ وہ اِنہیں قبول کرے گا یا نہیں۔ کیا آپ نے بائبل کے اصولوں کو مدِنظر رکھ کر اِس بات کا فیصلہ کر لیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر آپ اپنے اور اپنے بچوں کے لئے کونسے علاج قبول کریں گے؟ کیا آپ نے دستاویز خون سے میرے علاج کے سلسلے میں پیشگی ہدایات کو پُر کر لیا ہے؟ اِس سلسلے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لئے مینارِنگہبانی ۱۵ جون ۲۰۰۴ء اور ۱۵ اکتوبر ۲۰۰۰ء میں ”سوالات از قارئین“ کو دیکھیں۔ پھر نومبر ۲۰۰۶ء کی ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کے اِس مضمون کو پڑھیں: ”مجھے خون کے اجزا سے تیارشُدہ دوائیوں اور اُس علاج کے بارے کیا فیصلہ کرنا چاہئے جس میں میرا اپنا ہی خون استعمال کِیا جائے گا؟“ اِس مضمون میں دئے گئے سوالناموں پر غور کریں اور اُنہیں پُر کرنے سے پہلے یہ فیصلہ کریں کہ آپ کونسے علاج کو قبول کریں گے۔ اِس کے بعد اپنے فیصلے کو پیشگی ہدایات کی دستاویز پر لکھیں۔ برائےمہربانی اِس دستاویز کی ایک کاپی کلیسیا کے سیکریٹری کو دیں۔