اپنے ساتھ مُنادی کرنے والے مبشر کی مدد کریں
۱. مُنادی کے دوران کسی دوسرے مبشر کے ساتھ مل کر کام کرنا کیسے فائدہمند ہوتا ہے؟
۱ ایک موقع پر یسوع نے اپنے ۷۰ شاگردوں کو”دودو کرکے“ مُنادی کرنے کے لئے بھیجا۔ (لو ۱۰:۱) یقیناً اُس کے شاگرد اِس بندوبست سے مُنادی کے دوران ایک دوسرے کی مدد اور حوصلہافزائی کرنے کے قابل ہوئے ہوں گے۔ لہٰذا، جب ہم کسی دوسرے مبشر کے ساتھ مل کر مُنادی کرتے ہیں تو ہم اُس کے لئے کیسے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں؟
۲. جب ہمارا ساتھی مبشر بات کرتا ہے تو ہمیں کیسے اور کیوں سننا چاہئے؟
۲ غور سے سنیں: جب آپ کا ساتھی مبشر بات کر رہا ہو تو پوری توجہ کے ساتھ سنیں۔ (یعقو ۱:۱۹) اگر کوئی آیت پڑھی جاتی ہے تو اپنی بائبل کھول کر ساتھساتھ دیکھیں۔ جب آپ کا ساتھی مبشر یا پیغام سننے والا شخص بات کرتا ہے تو اُنہیں توجہ دیں۔ اگر آپ باتچیت پر دھیان دیں گے تو اِس سے پیغام سننے والے شخص کی حوصلہافزائی ہوگی کہ وہ بھی پوری توجہ سے سنے۔
۳. ہم کس صورت میں اپنے ساتھی مبشر کی باتچیت میں حصہ لے سکتے ہیں؟
۳ موقع دیکھ کر بات کریں: جب ہمارے ساتھ مُنادی کرنے والا مبشر پیغام دے رہا ہے تو اُسے بات جاری رکھنے کا موقع دیتے ہوئے ہمیں اُس کے لئے عزت ظاہر کرنی چاہئے۔ (روم ۱۲:۱۰) اُس کی بات کاٹنے یا بیچ میں بولنے سے گریز کریں۔ تاہم، جب مبشر بات کرتےکرتے رُک جاتا ہے یا پیغام سننے والا شخص کوئی اعتراض یاپھر سوال اُٹھاتا ہے تو کیا کِیا جا سکتا ہے؟ ایسی صورت میں اپنے ساتھی مبشر کے کہنے پر باتچیت کو آگے بڑھائیں۔ یاد رکھیں کہ ہم اپنے ساتھ کام کرنے والے مبشر کی مدد کرنا چاہتے ہیں اِس لئے ہمیں کسی نئے موضوع پر بات کرنے کی بجائے اُسی موضوع پر گفتگو جاری رکھنی چاہئے جو اُس نے شروع کِیا تھا۔ (امثا ۱۶:۲۳؛ واعظ ۳:۱، ۷) ہمارا مقصد یہی ہونا چاہئے کہ ہم اپنے ساتھی مبشر کی بات مکمل کریں۔—۱-کر ۱۴:۸۔
۴. ہمیں اپنی خدمت سے خوشی اور کامیابی کیسے حاصل ہوگی؟
۴ جب یسوع مسیح نے ۷۰ شاگردوں کو دودو کرکے مُنادی کرنے کے لئے بھیجا تو وہ ”خوش ہو کر“ لوٹے۔ (لو ۱۰:۱۷) پس، جب ہم بھی اپنے ساتھ مُنادی کرنے والے مبشر کی بات کو غور سے سنتے اور موقع دیکھ کر بات کرتے ہیں تو ہمیں اپنی خدمت سے خوشی اور کامیابی حاصل ہوگی۔