کیا آپ واپسی ملاقاتیں کرنے کی ذمہداری قبول کرتے ہیں؟
۱. یسوع مسیح نے یہ کیسے ظاہر کِیا کہ واپسی ملاقاتیں کرنا ہماری خدمتگزاری کا ایک اہم حصہ ہے؟
۱ یسوع مسیح نے آسمان پر جانے سے تھوڑی دیر پہلے اپنے شاگردوں کو یہ ہدایات دیں کہ ”شاگرد بناؤ . . . اور اُن کو یہ تعلیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جن کا مَیں نے تُم کو حکم دیا۔“ (متی ۲۸:۱۹، ۲۰) شاگرد بنانے کے لئے محض منادی کرنا کافی نہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کی یہ ذمہداری ہے کہ دلچسپی رکھنے والے لوگوں کے ساتھ واپسی ملاقاتیں کریں۔ تاہم، بہت سے مبشر واپسی ملاقاتیں کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔ اِس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ وہ خود کو واپسی ملاقاتیں کرنے کے لائق نہیں سمجھتے یاپھر صاحبِخانہ کے ردِعمل سے گھبراتے ہیں۔ ہم یسوع مسیح کے اِس حکم کو پورا کرنے کی راہ میں حائل مشکلات پر کیسے قابو پا سکتے ہیں؟
۲. ہمیں واپسی ملاقات کرنے کے سلسلے میں مثبت رجحان کیوں رکھنا چاہئے؟
۲ سب سے پہلے تو ہمیں واپسی ملاقات کے سلسلے میں مثبت رجحان رکھنے کی ضرورت ہے۔ درحقیقت، کسی شخص سے پہلی بار ملنے کی نسبت واپسی ملاقات کرنا زیادہ آسان ہوتا ہے۔ کیونکہ ہم اُس شخص کے ساتھ دوستانہ گفتگو کر چکے ہوتے ہیں اور کسی حد تک یہ جانتے ہیں وہ کونسے موضوعات میں دلچسپی رکھتا ہے۔ نیز واپسی ملاقات پر جانے سے پہلے ہم نے ایسی آیات تلاش کرلی ہوتی ہیں جن پر ہم اُس سے بات کرنا چاہیں گے۔ اِس کے علاوہ، وہ شخص بھی اِس بات سے بخوبی واقف ہوتا ہے کہ ہم اُس کے ساتھ بائبل میں سے باتچیت کرنے کے لئے آئے ہیں۔
۳. ہم پہلی ملاقات پر ہی کیسے واپسی ملاقات کی تیاری کر سکتے ہیں؟
۳ پہلی ملاقات پر ہی واپسی ملاقات کرنے کی تیاری شروع کر دینی چاہئے۔ ہم اپنی پہلی ملاقات کے آخر پر کوئی ایسا موضوع یا سوال اُٹھا سکتے ہیں جس پر باتچیت کرنے کے لئے ہم دوبارہ اُن کے پاس جا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر خدا کی نئی دُنیا کے بارے میں بتانے کے بعد ہم یہ سوال پوچھ سکتے ہیں، ”ہم یہ یقین کیسے رکھ سکتے ہیں کہ نئی دُنیا ہمارے ہی زمانے میں آئے گی؟“ اِس سوال پر باتچیت کرنے کے لئے واپسی ملاقات کا بندوبست بنائیں۔
۴. (ا) واپسی ملاقاتیں کرنے کے سلسلے میں کلیسیا کے اندر کونسی مدد دستیاب ہے؟ (ب) خدمتگزاری کے بارے میں یہوواہ خدا کا نظریہ کیسے واپسی ملاقاتیں کرنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے؟
۴ کلیسیا کے بزرگ واپسی ملاقاتیں کرنے کے سلسلے میں آپ سب کی مدد کرنا چاہیں گے۔ یہ بھائی آپ کے لئے کسی ایسے تجربہکار مبشر یا پائنیر کے ساتھ کام کرنے کا بندوبست بنا سکتے ہیں جو واپسی ملاقات کرنے میں ماہر ہے۔ لیکن یہ بہت اہم ہے کہ ہم اِس سلسلے میں دی جانے والی تربیت کو خوشی سے قبول کریں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ نجات حاصل کریں۔ لہٰذا، واپسی ملاقات کرنے میں ماہر بننے کے لئے یہوواہ خدا سے دانائی کی درخواست کریں تاکہ آپ دوسرے لوگوں کو بادشاہتی پیغام قبول کرنے میں مدد دے سکیں۔ جب ہم واپسی ملاقاتیں کرنے کی اپنی ذمہداری کو قبول کرتے ہیں تو ہم یہ یقین رکھ سکتے ہیں کہ یہوواہ ضرور ہمیں کامیابی بخشے گا۔—۱-کر ۳:۶؛ ۱-تیم ۲:۳، ۴۔