اپنے بیشقیمت روحانی خزانے سے دوسروں کو بھی دیں
۱ خدا کے کلام میں ایک ایسا روحانی خزانہ موجود ہے جو ہمیں بہت عزیز ہے۔(زبور ۱۲:۶؛ ۱۱۹:۱۱، ۱۴) ایک موقع پر، یسوع نے بادشاہت کے مختلف پہلوؤں کی تصویرکشی کرنے کے لئے تمثیلیں استعمال کیں اور پھر اپنے شاگردوں سے پوچھا:”کیا تُم یہ سب باتیں سمجھ گئے؟“ جب اُنہوں نے کہا کہ وہ سب کچھ سمجھ گئے ہیں تو یسوع نے اُن سے کہا: ”ہر فقیہ جو آسمان کی بادشاہی کا شاگرد بنا ہے اُس گھر کے مالک کی مانند ہے جو اپنے خزانہ میں سے نئی اور پُرانی چیزیں نکالتا ہے۔“—متی ۱۳:۱-۵۲۔
۲ بائبل کی وہ سچائیاں جو ہم نے اپنے مطالعے کے شروع میں سیکھی تھیں اُنہیں ہم پُرانا خزانہ خیال کر سکتے ہیں۔ خدا کے کلام کی گہری باتوں کے باقاعدہ ذاتی مطالعے کی بدولت ہم نے بائبل کی دیگر سچائیاں سیکھ لی ہیں جو ہمارے لئے نئے خزانوں کی مانند ہیں۔(۱-کر ۲:۷) اِسکےعلاوہ، ”دیانتدار اور عقلمند نوکر“ نے بھی بائبل سے بہت سے نئے خزانے دریافت کرنے میں ہماری مدد کی ہے۔—متی ۲۴:۴۵۔
۳ ہم اِن پُرانے اور نئے روحانی خزانوں یعنی بائبل تعلیمات کی بہت قدر کرتے ہیں۔ اِس سے ہمیں خدا کے کلام کے اُستادوں کے طور پر تربیت پانے، تجربہ حاصل کرنے اور اِن بیشقیمت سچائیوں کو جو ہم نے سیکھی ہیں کشادہ دلی سے دوسروں کو بتانے کی تحریک ملتی ہے۔
۴ یسوع مسیح کے نمونے سے سیکھیں: اِن بیشقیمت سچائیوں کے لئے اپنی قدردانی ظاہر کرتے ہوئے یسوع مسیح نے اِنہیں دو سروں تک پہنچایا۔تھکاماندہ ہونے کے باوجود بھی یسوع مسیح نے اپنے ”کھتے“ یا خزانے میں موجود بائبل سچائیوں کے بارے میں دوسروں کو بتایا۔—یوح ۴:۶-۱۴۔
۵ انسانوں کے لئے یسوع کی محبت نے اُسے اُن لوگوں کو خدا کی زندگیبخش سچائیوں کے خزانے میں شریک کرنے کی تحریک دی جو خدا اور اُس کے مقصد کی بابت صحیح علم نہیں رکھتے تھے۔(زبور ۷۲:۱۳) اُسے روحانی طور پر بھوکے اور پیاسے لوگوں پر بہت ترس آتا تھا۔ اِسی لئے وہ اُنہیں ”بہت سی باتوں کی تعلیم“ دیتا تھا۔—مر ۶:۳۴۔
۶ یسوع مسیح کی نقل کریں: جب ہم اُن بائبل سچائیوں کے خزانوں کی قدر کرتے ہیں جو ہمارے پاس ہیں تو ہم بھی یسوع کی طرح دوسروں کو اِن روحانی خزانوں سے کچھ دینے کے مشتاق ہوں گے۔(امثا۲:۱-۵) پس، تھکا ماندہ ہونے کے باوجود بھی ہم سرگرمی کے ساتھ صحیفائی سچائیوں کے بارے میں بیان کرنے کے لئے تیار ہوں گے۔(مر ۶:۳۴) اِن خزانوں کے لئے ہماری گہری قدردانی ہمیں اپنی خدمتگزاری کو بڑھانے اور اِس میں بھرپور شرکت کرنے کی تحریک دے گی۔