دوسروں کو یہوواہ خدا سے محبت کرنا سکھائیں
۱. کون سی چیز بعض لوگوں کو یہوواہ کے قریب لانے کا باعث بنی ہے؟
۱ کیا آپ کو یاد ہے کہ آپ نے پہلی بار کب یہوواہ کے بارے میں سنا تھا؟ کون سی چیز آپ کو یہوواہ کے قریب لے آئی تھی؟ بہتیرے خلوص دل لوگ آپ سے یہی کہیں گئے کہ اپنے خالق کی بےمثال خوبیوں، خاص طور پر اُس کے رحم اور محبت کے بارے میں جاننے کے بعد وہ اُس کے قریب آ گئے تھے۔—۱-یوح ۴:۸۔
۲، ۳. ہم کتاب پاک صحائف کی تعلیم کی مدد سے بائبل طالبعلموں کو اپنے اندر خدا کے لئے محبت کو بڑھانا کیسے سکھا سکتے ہیں؟
۲ ”یہ ہمارا خدا ہے“: کتاب پاک صحائف کی تعلیم یہوواہ خدا کی محبت اور اُس کے ساتھ ذاتی رشتہ قائم کرنے پر زور دیتی ہے۔ اِس کتاب کو استعمال کرتے ہوئے ہم دوسروں کو خدا کے لئے اپنی محبت کو بڑھانا کیسے سکھا سکتے ہیں؟ جب ہم لوگوں کو کوئی نئی بات سکھاتے ہیں تو اُن کے دل کو پرکھنے کے لئے کچھ اِس طرح کے سوال پوچھے جا سکتے ہیں: ”یہ سچائی آپ کو یہوواہ کے بارے میں کیا بتاتی ہے؟“ یا ”اِس سچائی سے کیسے یہ ثابت ہوتا ہے کہ صرف یہوواہ ہی ایسا باپ ہے جس کی مانند کوئی نہیں؟“ اِس طرح تعلیم دینا بائبل طالبعلم کو یہوواہ خدا کے ساتھ ایک دائمی رشتہ قائم رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
۳ جب ہم بائبل طالبعلموں کو یہ سمجھنے میں مدد دیں گے کہ واحد خدائےبرحق کے بارے میں علم حاصل کرنا ایک بہت بڑا شرف ہے تو وہ بھی یسعیاہ نبی کی طرح یہ کہنے کے قابل ہوں گے: ”یہ ہمارا خدا ہے۔“ (یسع ۲۵:۹) پاک کلام کی تعلیم دیتے وقت ہمیں اِس بات پر زوردینا چاہئے کہ یہوواہ خدا اپنی بادشاہی کے ذریعے جس کا بادشاہ یسوع مسیح ہے اپنے تمام مقاصد کو پورا کرے گا اور انسانوں کو بےشمار برکات سے نوازے گا۔—یسع ۹:۶، ۷۔
۴، ۵. یہوواہ خدا سے محبت رکھنے کا کیا مطلب ہے؟
۴ یہوواہ کے لئے محبت کا ثبوت: ہم جانتے ہیں کہ یہوواہ سے اپنے سارے دل، اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل سے محبت رکھنے میں خدا کے لئے محض ایسا جذبہ رکھنے سے زیادہ کچھ شامل ہے۔ ہمیں اُس کی سوچ کو اپنانے اور اُس کے مطابق چلنے کی ضرورت ہے۔ ہم خدا کے لئے محبت صرف اُسی صورت میں دکھا سکتے ہیں جب ہم مختلف آزمائشوں اور مخالفت کے باوجود اُس کے حکموں پر عمل کرتے اور ”پاک چال چلن اور دینداری“ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔—۲-پطر ۳:۱۱؛ ۲-یوح ۶۔
۵ محبت کی بِنا پر خدا کی مرضی بجا لانا خوشی بخشتا ہے۔ (زبور ۴۰:۸) بائبل طالب علم کو یہ سمجھنا چاہئے کہ خدا کے تمام تر حکم اُس کے خادموں کی بھلائی کے لئے ہیں۔ (است ۱۰:۱۲، ۱۳) یہوواہ کی ہدایات کے مطابق زندگی بسر کرنے سے ایک شخص خدا کے شاندار کاموں کے لئے بہت زیادہ قدردانی ظاہر کرتا ہے۔ پس بائبل طالب علم کو یہ سمجھنے میں مدد دیں کہ یہوواہ کی راست راہوں پر چلنے سے ایک شخص بہت سی مشکلات اور پریشانیوں سے بچ سکتا ہے۔
۶. یہوواہ خدا سے محبت رکھنے والا شخص کونسی برکات حاصل کر سکتا ہے؟
۶ یہوواہ سے محبت رکھنے والوں کے لئے برکات: یہوواہ اُن لوگوں کی بہت فکر رکھتا ہے جو نہ صرف اُس سے محبت رکھتے ہیں بلکہ فروتن بھی ہیں۔ خدا اُن پر اپنی ”تہ کی باتیں“ بھی آشکارا کرتا ہے۔ (۱-کر ۲:۹ ،۱۰) خدا کے مقاصد کے ایسے علم کی بدولت یہ لوگ مستقبل کے بارے میں واضح سمجھ رکھتے اور پُر اُمید رہتے ہیں۔ (یرم ۲۹:۱۱) یہوواہ سے محبت رکھنے والے لوگ اُس کے رحم سے مستفید ہوتے ہیں۔ (خر ۲۰:۶) خدا کی عظیم محبت کی بدولت اُنہیں ہمیشہ کی زندگی کی اُمید حاصل ہے۔—یوح ۳:۱۶۔
۷. جب آپ دوسروں کو یہوواہ خدا سے محبت رکھنے کی تعلیم دیتے ہیں تو آپ کو کیسا محسوس ہوتا ہے؟
۷ ہم اپنے آسمانی باپ کے بارے میں جتنا زیادہ جانتے ہیں اُتنی ہی زیادہ ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ دوسروں کو اُس کے بارے میں بتائیں۔ (متی ۱۳:۵۲) ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ دوسروں کو اور خاص طور پر اپنے بچوں کو یہوواہ خدا سے محبت رکھنے کی تعلیم دینا کتنا بڑا شرف ہے! (است ۶:۵-۷) جب ہم ’یہوواہ کی بےحد مہربانیوں‘ کا تجربہ کرتے ہیں تو نہ صرف ہم بلکہ ہمارے بائبل طالبعلم بھی خوشی سے اُس کی حمد کرنے کی تحریک پاتے ہیں۔—زبور ۱۴۵:۷۔