یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • خدم 8/‏08
  • فلپیوں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • فلپیوں
  • ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۸۲۰۰
  • ذیلی عنوان
  • کیوں فائدہ‌مند
ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۸۲۰۰
خدم 8/‏08

فلپیوں

‏(‏ایس‌آئی ص.‏۲۲۳-‏۲۲۴ پ.‏۱-‏۷؛ ص.‏ ۲۲۵ پ.‏۱۲-‏۱۴)‏

فلپیوں کی تمہید

۱.‏ (‏ا)‏ فلپی کے لوگ خوشخبری سننے کے قابل کیسے ہوئے؟ (‏ب)‏ فلپی کے شہر کا کونسا تاریخی پس‌منظر دلچسپی کا حامل ہے؟‏

۱ جب پولس رسول کو رویا میں مکدنیہ میں خوشخبری سنانے کیلئے کہا گیا تو اُس نے اور اُسکے ساتھیوں لوقا، سیلاس اور نوجوان تیمتھیس نے فوراً تابعداری ظاہر کی۔ اُنہوں نے ایشیائے‌کوچک میں تروآس سے نیاپلس کا بحری سفر کِیا اور پھر کوہستانی راستے پر تقریباً ۵.‏۹ میل کا فاصلہ طے کرکے فلپی پہنچے۔ لوقا نے اِس شہر کے بارے میں بیان کِیا کہ یہ’‏مکدنیہ کا مرکزی شہر‘‏ہے۔ (‏اعما ۱۶:‏۱۲‏)‏ اِس کا نام فلپی مکدنیہ کے بادشاہ فلپ II (‏سکندرِاعظم کے والد)‏ کے نام پر رکھا گیا تھا جس نے اِس شہر کو ۳۵۶ قبل از مسیح میں فتح کِیا تھا۔ بعدازاں رومیوں نے اِس پر قبضہ کر لیا۔اِس جگہ۴۲ قبل از مسیح میں فیصلہ‌کُن جنگیں لڑی گئیں جن کے ذریعے اوکتاویان کی حکومت مستحکم ہوئی جو بعد میں قیصر اوگوستُس بن گیا۔ اپنی فتح کی یادگار میں اُس نے فلپی کو ایک رومی شہر بنا دیا۔‏

۲.‏ (‏۱)‏ فلپی میں پولس کی مُنادی کس حد تک کامیاب رہی؟ (‏ب)‏ فلپی میں کلیسیا کے قائم ہوتے ہی کونسے واقعات رونما ہوئے؟‏

۲ پولس رسول کا دستور تھا کہ وہ کسی نئے شہر میں جا کر سب سے پہلے یہودیوں میں مُنادی کرتا تھا۔ تاہم، تقریباً ۵۰ عیسوی میں جب وہ پہلی مرتبہ فلپی آیا تو وہاں یہودیوں کی تعداد بہت کم تھی۔ یہاں کوئی عبادتخانہ بھی نہیں تھا کیونکہ یہودی دُعا کیلئے شہر کے باہر ایک ندی کے کنارے جمع ہوا کرتے تھے۔ پولس کی منادی بہت کامیاب ثابت ہوئی۔ اُسکی مُنادی کے نتیجے میں سب سے پہلے قرمز بیچنے والی ایک نومرید یہودی عورت، لدیہ مسیحی بن گئی۔ سچائی قبول کرنے کے بعد وہ خوشی سے مسافروں کو اپنے گھر ٹھہراتی تھی۔ لوقا لکھتا ہے کہ ”‏اُس نے ہمیں مجبور کِیا۔“‏ تاہم کچھ ہی عرصہ بعد اُنہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا اور پولس اور سیلاس کو بینت لگوا کر قیدخانہ میں ڈال دیا گیا۔ جب وہ قیدخانہ میں تھے تو ایک بڑا بھونچال آیا۔ اِس واقعے کے بعد داروغہ اور اُسکا پورا خاندان پولس اور سیلاس کی باتیں سن کر ایمان لے آیا۔ اگلے دن پولس اور سیلاس کو قید سے رِہا کر دیا گیا۔ رِہا ہونے کے بعد وہ لدیہ کے گھر گئے اور بھائیوں سے مل کر اُنہیں تسلی دینے کے بعد فلپی سے روانہ ہوئے۔ تاہم، وہ اُن مشکلات کی یادیں بھی اپنے ساتھ لے گئے جنکا اُنہیں فلپی کی نئی کلیسیا میں سامنا کرنا پڑا تھا۔—‏اعما ۱۶:‏۹-‏۴۰‏۔‏

۳.‏ پولس نے فلپی کی کلیسیا کیساتھ رابطہ کیسے برقرار رکھا؟‏

۳ کچھ سال بعد اپنے تیسرے مشنری دورے پر پولس دوبارہ فلپیوں کی کلیسیا کا دورہ کرنے کے قابل ہوا۔ تاہم، فلپی کی کلیسیا کے قیام کے تقریباً دس سال بعد وہاں کے بھائیوں کی طرف سے محبت کے ایک پُرتپاک اظہار نے پولس کو فلپیوں کا الہامی خط قلمبند کرنے کی تحریک دی جو بائبل‌میں محفوظ ہے۔‏

۴.‏ فلپیوں کے خط کے مصنف کی شناخت کیسے ہوتی ہے، اور اِس خط کے مستند ہونے کا کیا ثبوت ہے؟‏

۴ بائبل تبصرہ‌نگار پہلی آیت کی مطابقت میں یہ حقیقت تسلیم کرتے ہیں کہ یہ خط پولس نے لکھا تھا۔ پولیکارپ (‏۶۹؟-‏۱۵۵؟ عیسوی)‏ فلپیوں کے نام اپنے خط میں اِس بات کا ذکر کرتا ہے کہ پولس نے اُنہیں خط لکھا تھا۔ اِگناتیئس، ارینیس، طرطلیان اور اسکندریہ کے کلیمنٹ نے اِس خط کا حوالہ دیتے ہوئے ظاہر کِیا کہ اِس کا مصنف پولس ہے۔ دوسری صدی عیسوی کے میوریٹوریئن فریگ‌منٹ اور تمام ابتدائی فہرستوں میں اِس خط کا حوالہ دیا گیا ہے۔ نیز، چیسٹر بی‌ایٹی پیپرس نمبر۲ ‏(‎46‎P)‏ جسکی بابت کہا جاتا ہے کہ یہ تقریباً ۲۰۰ عیسوی میں لکھا گیا تھا فلپیوں کا خط پولس کے دیگر آٹھ خطوط کیساتھ نظر آتا ہے۔‏

۵.‏ کونسے حقائق اِس بات کو واضح کرتے ہیں کہ یہ خط روم میں لکھا گیا تھا؟‏

۵ اِس خط کی تحریر کی جگہ اور وقت کا درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ تحریر کے وقت پولس ایک رومی شہنشاہ کے سپاہی کی نگرانی میں قید تھا اور اُسکے اردگرد مسیحی سرگرمیاں عام تھیں۔ اُس نے اپنے خط کے اختتام پر قیصر کے گھر کے ایمانداروں کی طرف سے سلام بھی لکھا۔ یہ تمام حقائق اِس بات کو واضح کرتے ہیں کہ اِس خط کو روم سے ارسال کِیا گیا تھا۔—‏فل ۱:‏۷،‏ ۱۳، ۱۴؛‏ ۴:‏۲۲؛‏ اعما ۲۸:‏۳۰ ،۳۱‏۔‏

۶.‏ فلپیوں کے خط کی تحریر کے وقت کی بابت کیا شہادت موجود ہے؟‏

۶ تاہم یہ خط کب تحریر کِیا گیا تھا؟ ایسا لگتا ہے کہ پولس اتنے عرصے سے روم میں تھا کہ ایک مسیحی کے طور پر اُسکی قید کی خبر اور وجوہات شہنشاہ کی پریتورین پلٹن اور باقی سب لوگوں میں مشہور ہو چکی تھیں۔ اِسکے علاوہ، پولس کو تحفہ پیش کرنے کیلئے اِپفردتس کو تقریباً ۱،۰۰۰ کلومیٹر (‏۶۰۰ میل)‏ کا سفر طے کرکے روم پہنچنے میں وقت لگا ہوگا۔ اِسکے بعد اِپفردتس وہاں بیمار ہو گیا اور اُسکی بیماری کی خبر فلپی پہنچی اِس پر وہاں کے بہن بھائیوں نے اُسے تسلی اور حوصلہ افزائی کے خط روانہ کئے، اِس میں بھی ضرور وقت لگا ہوگا۔ (‏فل ۲:‏۲۵-‏۳۰؛‏ ۴:‏۱۸‏)‏ چونکہ پولس روم میں پہلی بار تقریباً ۵۹-‏۶۱ عیسوی میں قید ہوا تھا اِسلئے شاید اُس نے یہ خط پہلی بار روم میں آنے کے تقریباً ایک سال بعد ۶۰ یا ۶۱ عیسوی میں لکھا تھا۔‏

۷.‏ (‏ا)‏ پولس اور فلپی کے بہن بھائیوں کے درمیان کونسا رشتہ تھا، اور کس بات نے اُسے یہ خط لکھنے کی تحریک دی؟ (‏ب)‏ فلپیوں کا خط کس نوعیت کا ہے؟‏

۷ پولس رسول کا سچائی کے کلام کے ذریعے فلپی کے مسیحیوں کی زندگیاں بچانے کیلئے بہت سی مشکلات اُٹھانا نیز، اُن کا پولس کے بہت سے دوروں اور مشکلات کے دوران اُس کیلئے محبت دکھانا، اُس کیلئے ضرورت کی چیزیں فراہم کرنا اور مکدنیہ میں مشنری خدمت پر یہوواہ کی برکات پولس اور فلپی کے بہن‌بھائیوں کے درمیان محبت کے بندھن کو مضبوط کرنے کا باعث بنی تھیں۔ اب فلپی کے بہن بھائیوں کے مہربانہ تحفے کیساتھ ساتھ اِپفردتس کی صحت اور روم میں خوشخبری کی ترقی کی بابت اُنکی فکرمندی نے پولس کو اُنکی حوصلہ‌افزائی کیلئے ایک پُرتپاک اور پُرجوش خط لکھنے کی تحریک دی۔‏

کیوں فائدہ‌مند

۱۲.‏ آجکل ہم فلپی کے بھائیوں کی طرح خدا کی خوشنودی کیسے حاصل کر سکتے ہیں، نیز ہم اپنے بھائیوں کیلئے خوشی کا باعث کیسے بن سکتے ہیں؟‏

۱۲ فلپیوں کی کتاب ہمارے لئے کس قدر فائدہ‌مند ہے!‏ واقعی ہم یہوواہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیساتھ ساتھ اپنے مسیحی نگہبانوں کی طرف سے ویسی ہی تعریف کے مشتاق ہیں جیسی فلپی کی کلیسیا نے پولس کی طرف سے حاصل کی تھی۔ اگر ہم فلپیوں کے عمدہ نمونے اور پولس کی مشفقانہ نصیحت پر دھیان دیں تو ہم اِسے حاصل کر سکتے ہیں۔ فلپی کے مسیحیوں کی طرح ہمیں بھی چاہئے کہ ہم فیاضی ظاہر کریں، مشکلات میں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کریں اور خوشخبری کی جوابدہی اور ثبوت کیلئے کام کریں۔ (‏۱:‏۳-‏۷‏)‏ ہمیں ٹیڑھے اور کجرو لوگوں میں ”‏چراغوں“‏ کی مانند اپنی روشنی چمکاتے ہوئے ’‏ایک روح میں قائم رہ کر اور انجیل کے ایمان کے لئے ایک جان ہوکر جانفشانی‘‏ کرنی چاہئے۔ جب ہم ایسا کرتے اور شرافت کی باتوں یعنی سنجیدہ نوعیت کی باتوں پر غور کرتے ہیں تو ہم اپنے بھائیوں کیلئے خوشی کا باعث بن سکتے ہیں جس طرح فلپی کے مسیحی پولس رسول کیلئے خوشی اور تاج بن گئے تھے۔—‏۱:‏۲۷؛‏ ۲:‏۱۵؛‏ ۴:‏۱،‏ ۸‏۔‏

۱۳.‏ ہم سب کن طریقوں سے پولس کی مانند بن سکتے ہیں؟‏

۱۳ پولس نے بیان کِیا، ”‏تم سب مل کر میری مانند بنو۔“‏ ہم کن طریقوں سے اُسکی مانند بن سکتے ہیں؟ ایک طریقہ تمام حالات میں قناعت‌پسندی سے کام لینا ہے۔ خواہ پولس کے پاس چیزوں کی بہتات ہوتی تھی یا کمی، اُس نے ہمیشہ اپنے حالات سے مطابقت پیدا کرنا سیکھا تاکہ سرگرمی اور خوشی سے خدا کی خدمت جاری رکھ سکے۔ وفادار بہن‌بھائیوں کیلئے محبت ظاہر کرنے میں بھی ہم سب کو پولس کی مانند بننا چاہئے۔ اُس نے کتنی محبت اور خوشی کیساتھ تیمتھیس اور اِپفردتس کی خدمت کا ذکر کِیا!‏ نیز اُس نے خود کو اپنے فلپی بہن‌بھائیوں کے اتنا قریب محسوس کِیا کہ اُس نے اُنہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا، ”‏اَے میرے پیارے بھائیو!‏ جنکا مَیں مشتاق ہوں جو میری خوشی اور تاج ہو۔“‏‏—‏۳:‏۱۷؛‏ ۴:‏۱ ،‏۱۱، ۱۲؛‏ ۲:‏۱۹-‏۳۰‏۔‏

۱۴.‏ فلپیوں کا خط زندگی کے نشانے اور بادشاہت کے سلسلے میں کونسی عمدہ مشورت دیتا ہے، اور یہ بالخصوص کن کو لکھا گیا؟‏

۱۴ ہم اَور کن طریقوں سے پولس کی نقل کر سکتے ہیں؟ ’‏نشان کی طرف دوڑنے‘‏ سے ایسا کِیا جا سکتا ہے!‏ ’‏شرافت کی باتوں‘‏ پر دھیان دینے والے تمام لوگ آسمان‌وزمین کی بابت یہوواہ کے اُس شاندار بندوبست میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں جب ’‏خدا باپ کے جلال کیلئے ہر ایک زبان اقرار کریگی کہ یسوع مسیح خداوند ہے۔‘‏ جو لوگ خدا کی بادشاہت میں ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کی اُمید رکھتے ہیں، فلپیوں کا خط اُن سب کی اِس نشانے کو حاصل کرنے کیلئے حوصلہ‌افزائی کرتا ہے۔ تاہم، فلپیوں کا خط بنیادی طور پر اُن لوگوں کیلئے ہے جنکا ”‏وطن آسمان پر“‏ ہے اور جو مسیح کیساتھ ”‏جلال کے بدن کی صورت“‏ پانے کا اشتیاق رکھتے ہیں۔ اِن تمام اشخاص کو چاہئے کہ ”‏جو چیزیں پیچھے رہ گئیں اُنکو بھول کر آگے کی چیزوں کی طرف“‏ بڑھیں اور پولس رسول کی مانند ’‏نشان کی طرف دوڑتے ہوئے اُس انعام [‏آسمانی بادشاہت میں اپنی میراث]‏ کو حاصل کریں جسکے لئے اُنہیں اُوپر بلا‌یا گیا ہے۔‘‏‏—‏۴:‏۸؛‏ ۲:‏۱۰، ۱۱؛‏ ۳:‏۱۳، ۱۴،‏ ۲۰، ۲۱‏۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں