بائبل طالبعلموں کو خدا کی بادشاہت کے مُناد بننے میں مدد دیں
۱ یسوع مسیح نے متی ۲۸:۱۹، ۲۰ میں اپنے شاگردوں کو جو حکم دیا وہ صرف اُن ہی تک محدود نہیں تھا۔ یسوع مسیح نے یہاں اپنے شاگردوں کو یہ ہدایت دی تھی کہ وہ شاگرد بنائیں۔ جن لوگوں کو یسوع کے شاگردوں نے شاگرد بنانا تھا اُنہوں نے بھی اِس کام کو جاری رکھنا تھا۔ یوں خدا کی بادشاہی کی خوشخبری کو عالمگیر پیمانے پر سنانے کی بنیاد ڈالی جانی تھی۔ یہ وہ کام تھا جس نے خاتمے کے وقت یعنی ہمارے زمانے تک جاری رہنا تھا۔—متی ۲۴:۱۴۔
۲ ہمارے بائبل طالبعلموں میں ہمارے اپنے بچے یا پھر ایسے لوگ شامل ہو سکتے ہیں جو ہمارے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا چاہتے ہیں۔ واقعی ہم ایسے لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اِس طرح وہ بھی دوسروں کو یسوع مسیح کے شاگرد بنانے کی اپنی انفرادی ذمہداری اُٹھانے کے قابل ہوں گے۔—لو ۶:۴۰۔
۳ بائبل طالبعلموں کو گواہی دینے کے لئے تیار کریں: جن لوگوں کے ساتھ آپ بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں اُن کی حوصلہافزائی کریں کہ جوکچھ وہ سیکھتے ہیں اُسے دوسروں کو بتائیں۔ اُنہیں میدانی خدمت سے حاصل ہونے والے حوصلہافزا تجربات بھی سنائیں۔ چھوٹی عمر ہی سے اپنے بچوں کی خدمتگزاری میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تربیت کریں۔ (زبور ۱۴۸:۱۲، ۱۳) اپنی باتچیت اور اپنے نمونے سے ظاہر کریں کہ آپ اپنی زندگی میں خدمتگزاری کو کتنا اہم خیال کرتے ہیں۔—۱-تیم ۱:۱۲۔
۴ یہوواہ صرف اُن ہی لوگوں کو اپنی خدمت کے لئے استعمال کرتا ہے جو اُس کے راست معیاروں کو قبول کرتے اور اُن کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ سچ ہے کہ نئے مبشر تجربہکار، مخصوصشُدہ اور بپتسمہیافتہ خادموں جتنا علم نہیں رکھتے لیکن نئے اشخاص کو بائبل کی بنیادی تعلیمات پر ایمان رکھنا اور اِنہیں دوسروں کو سکھانے کے قابل ہونا چاہئے۔ (آرگنائزڈ ٹو ڈو جیہوواز وِل، ص. ۷۹-۸۲ کو دیکھیں۔) اُنہیں خود کو مکمل طور پر ’بڑے بابل‘ اور سیاسی معاملات سے دُور رکھنے کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے اجلاسوں پر حاضر ہونا چاہئے۔—مکا ۱۸:۲، ۴؛ یوح ۱۷:۱۶؛ عبر ۱۰:۲۴، ۲۵۔
۵ جب آپ کو اِس بات کا یقین ہو جاتا ہے کہ آپ کا کوئی بائبل طالبعلم غیربپتسمہیافتہ مبشر بننے کے لائق ہے تو صدارتی نگہبان سے بات کریں۔ اِس بات کا تعیّن کرنے کے لئے کہ آیا آپ کا بائبل طالبعلم غیربپتسمہیافتہ مبشر کے طور پر کلیسیا کے ساتھ مل کر منادی کرنے کے لائق ہے یا نہیں صدارتی نگہبان بندوبست بنائے گا کہ دو بزرگ آپ اور آپ کے بائبل طالبعلم کے ساتھ ملاقات کریں۔ اِس کے بعد، جب آپ کا بائبل طالبعلم میدانی خدمتگزاری میں آپ کے ساتھ جانا شروع کر دیتا ہے توپھر آپ کے پاس منادی کے سلسلے میں اُس کی تربیت کرنے کا موقع ہوگا۔