یہوواہ کی بےمثال صفات کے لئے قدردانی کو بڑھائیں
۱ منادی کے دوران ہم لوگوں کو صرف بائبل کی بنیادی تعلیم ہی نہیں دیتے بلکہ یہوواہ کو ایک ہستی کے طور پر جاننے اور اُس کی بےمثال صفات کے لئے قدردانی پیدا کرنے میں بھی اُن کی مدد کرتے ہیں۔ جب خلوصدل لوگ خدا کی بابت سچائی سیکھ لیتے ہیں تو یہ اُن پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔ یہ اُنہیں اپنی زندگیوں میں تبدیلیاں لانے کی تحریک دیتی ہے تاکہ اُن کا ”چالچلن [یہوواہ] کے لائق ہو اور اُس کو ہر طرح سے پسند آئے۔“—کل ۱:۹، ۱۰؛ ۳:۹، ۱۰۔
۲ تعلیم دینے کی بنیادی کتاب: علم کی کتاب شروع ہی سے یہوواہ کی بےمثال صفات پر توجہ دلاتی ہے۔ تیسرا باب یہوواہ کی بنیادی صفات محبت، انصاف، حکمت اور قوت (پیرا. ۱۴-۱۶)، کے ساتھ ساتھ رحم اور مہربانی (پیرا. ۱۷-۱۹)، غیرجانبداری اور صبر (پیرا. ۲۰) کی بابت بیان کرتا ہے۔ پیراگراف ۲۳ اس کا خلاصہ ان الفاظ میں کرتا ہے: ”جب آپ اس بات پر غور کرتے ہیں کہ یہوواہ کسقدر حیرتانگیز کام کرنے والا ہے تو کیا آپ اس سے متفق نہیں کہ وہ آپ کی پرستش کا مستحق ہے؟“
۳ ہم اپنے بائبل طالبعلموں کو یہوواہ کے نزدیک لانے کے لئے علم کی کتاب کو کیسے استعمال کر سکتے ہیں؟ خدا کی صفات میں سے کسی ایک کو نمایاں کرنے والے پیراگراف پر غوروخوض کرنے کے بعد ہم طالبعلم سے پوچھ سکتے ہیں: ”یہ پیراگراف ایک ہستی کے طور پر یہوواہ کی بابت کیا بیان کرتا ہے؟“ یا ”یہ آپ میں یہوواہ خدا کی دلچسپی کو کیسے بیان کرتا ہے؟“ مطالعے کے دوران کبھیکبھار ایسے سوال پوچھنے سے ہم اپنے طالبعلم کو سیکھی ہوئی باتوں پر غوروخوض کرنے کی تربیت دیتے ہیں۔ اِس کے علاوہ، ہم اُن کی مدد کرتے ہیں کہ وہ بھی یہوواہ کی بےمثال صفات کی قدر کریں۔
۴ اعادے کے بکس کو استعمال کریں: ہر باب کے آخر پر طالبعلم کی حوصلہافزائی کریں کہ بکس ”اپنے علم کو پرکھیں“ کے تحت ہر سوال کا جواب اپنے الفاظ میں دے۔ طالبعلم کے دل کی بات جاننے کے لئے آپ پوچھ سکتے ہیں، ”جوکچھ بائبل اِس نکتے کی بابت بیان کرتی ہے آپ اُس کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں؟“ یوں آپ نہ صرف باب کے خاص نکات کو نمایاں کر رہے ہوں گے بلکہ طالبعلم کے اعتقاد کی بابت بھی جان جائیں گے۔ ایسا کرنے سے طالبعلم کو یہوواہ کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔