چہرے کے تاثرات پر غور کرتے ہوئے دوسروں میں ذاتی دلچسپی دکھائیں
۱ ہم اکثر علانیہ اور گھرباگھر منادی کے دوران گفتگو شروع کرنے سے پہلے لوگوں کے چہروں کی طرف دیکھتے ہیں۔ اُن کے چہرے کے تاثرات دیکھ کر ہم فوراً یہ اندازہ لگا لیتے ہیں کہ وہ ہماری موجودگی کی بابت کیسا محسوس کرتے ہیں۔ نیز اِس وقت اُن کا موڈ کیسا ہے۔ اسی طرح، وہ بھی ہماری بابت بہت کچھ جان جاتے ہیں۔ ایک خاتون نے ملاقات کے لئے آنے والی گواہ کی بابت بیان کِیا: ”اُس کے مسکراتے چہرے پر جو اطمینان تھا وہ مجھے آج بھی یاد ہے۔ اِسی چیز نے میری دلچسپی کو اُبھارا تھا۔“ اس بات سے اُس عورت کو خوشخبری سننے کی تحریک ملی۔
۲ دوسرے شخص کے چہرے کے تاثرات پر غور کرتے ہوئے بات کرنا ایک ایسا مؤثر طریقہ ہے جو دفتروں، دُکانوں یا عوامی جگہوں پر گواہی دینے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ایک بھائی اپنی طرف آنے والے لوگوں کے چہروں کی طرف دیکھتا ہے اور جب دوسرا شخص بھی اُس کی طرف متوجہ ہوتا ہے تو وہ مسکراتے ہوئے اُنہیں رسالہ پیش کرتا ہے۔ ایسا کرنے سے وہ دوسروں کے ساتھ اچھی باتچیت کرنے اور بہت سے رسالے اور کتابیں پیش کرنے کے قابل ہوا ہے۔
۳ دوسروں کے احساسات کا لحاظ رکھیں: لوگوں کے چہروں کی طرف دیکھنا ہمیں اُن کے احساسات کو سمجھنے میں مدد دے گا۔ مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص ہمیں سمجھ نہیں پاتا یا ہماری کسی بات سے اتفاق نہیں کرتا تو یہ عموماً اُس کے چہرے کے تاثرات سے نظر آ جاتا ہے۔ اگر وہ مصروف ہے یا جلدی میں ہے تو ہمیں اُس کے چہرے کے تاثرات سے اس کا اندازہ ہو جائے گا۔ اس طرح ہم اپنی پیشکش میں ردوبدل کرنے یا اُسے مختصر بنانے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ پس دوسروں کے احساسات کا لحاظ رکھنا اُن میں ذاتی دلچسپی دکھانے کا عمدہ طریقہ ہے۔
۴ خلوص اور اعتماد ظاہر کریں: بہتیرے معاشروں میں جب کوئی شخص دوسرے کے چہرے کی جانب دیکھ کر بات کرتا ہے تو اُسے ایک مخلص شخص خیال کِیا جاتا ہے۔ غور کریں کہ جب یسوع کے شاگردوں نے اُس سے پوچھا کہ ”کون نجات پا سکتا ہے؟“ تو اُس کا ردِعمل کیسا تھا۔ بائبل بیان کرتی ہے: ”یسوؔع نے اُن کی طرف دیکھ کر کہا کہ یہ آدمیوں سے تو نہیں ہو سکتا لیکن خدا سے سب کچھ ہو سکتا ہے۔“ (متی ۱۹:۲۵، ۲۶) بِلاشُبہ، یسوع کی آنکھوں میں موجود اعتماد نے اُس کی بات کو اَور بھی پُرمعنی بنا دیا تھا۔ اسی طرح، دوسروں کے چہروں کے تاثرات پر غور کرتے ہوئے بات کرنا ہمیں خلوص اور اعتماد کے ساتھ بادشاہتی خوشخبری سنانے میں مدد دے گا۔—۲-کر ۲:۱۷؛ ۱-تھس ۱:۵۔