بادشاہت کی منادی ایک بیشقیمت شرف
۱ زمین پر رہنے والے تمام لوگ ہر روز یہوواہ خدا کی نعمتوں سے لطف اُٹھاتے ہیں۔ (متی ۵:۴۵) لیکن بہت کم لوگ ہیں جو ان برکات کیلئے اپنے خالق کی شکرگزاری کے اظہار میں خدا کی بادشاہت کی منادی کرتے ہیں۔ (متی ۲۴:۱۴) آپ اس بیشقیمت شرف کو کتنا اہم خیال کرتے ہیں؟
۲ بادشاہت کی منادی مشکلات سے دوچار لوگوں کو اُمید دیتی اور خدا کو جلال بخشتی ہے۔ (عبر ۱۳:۱۵) جو لوگ اس پیغام کو قبول کرتے ہیں اُن کیلئے یہ ہمیشہ کی زندگی کا باعث بنتا ہے۔ (یوح ۱۷:۳) کونسا دُنیاوی پیشہ ایسے فوائد پہنچا سکتا ہے؟ پولس رسول نے اپنی خدمت کو پورا کرنے سے اسکے لئے اپنی قدردانی کا اظہار کِیا۔ وہ اسے ایک بیشقیمت خزانہ سمجھتا تھا۔—اعما ۲۰:۲۰، ۲۱، ۲۴؛ ۲-کر ۴:۱، ۷۔
۳ بیشقیمت شرف کی قدر کریں: اس شرف کیلئے قدردانی ظاہر کرنے کا ایک طریقہ اپنی خدمت میں بہتری لانا ہے۔ کیا ہم اپنے سامعین کے دل کو چُھو لینے والی پیشکش تیار کرنے کیلئے وقت نکالتے ہیں؟ کیا ہم باتچیت میں صحائف اور دلیلیں استعمال کرنے میں مہارت پیدا کرتے ہیں؟ کیا ہم تفویضشُدہ علاقے میں اچھی طرح منادی کرتے ہیں؟ کیا ہم بائبل مطالعہ شروع کرانے اور جاری رکھنے کے قابل ہیں؟ ماضی اور حال کے ایماندار لوگوں کی طرح ہمیں بھی منادی کے بیشقیمت شرف کو عزیز رکھنا چاہئے۔—متی ۲۵:۱۴-۲۳۔
۴ جب ہم بڑھاپے، خراب صحت اور مشکل حالات میں اپنی خدمت کو سرگرمی سے جاری رکھتے ہیں تو خدا اسکی بہت زیادہ قدر کرتا ہے۔ خدا کا کلام ہمیں یقین دلاتا ہے کہ انسان چاہے ایسی کوششوں کی قدر نہ کریں لیکن یہوواہ کی نظر میں اِنکی بڑی اہمیت ہے۔—لو ۲۱:۱-۴۔
۵ بادشاہت کی منادی حقیقی تسلی کا ذریعہ ہے۔ ایک ۹۲ سالہ عمررسیدہ بہن کہتی ہے: ”یہ کتنا بڑا شرف ہے کہ مَیں نے اپنی زندگی کے ۸۰ سال یہوواہ کی خدمت میں صرف کئے ہیں۔ ان پر مجھے کوئی پچھتاوا نہیں! اگر مجھے دوبارہ بھی زندگی ملے تو مَیں یہی کام کرنا چاہوں گی کیونکہ خدا کی ”شفقت زندگی سے بہتر“ ہے۔ (زبور ۶۳:۳) دُعا ہے کہ ہم بھی منادی کے بیشقیمت شرف کو خدا کی طرف سے ایک خزانہ خیال کرتے رہیں۔