صبر سے دوڑنے کیلئے منادی کے کام میں لگے رہیں
۱ خدا کا کلام ہمیں نصیحت کرتا ہے کہ ”اُس دوڑ میں صبر سے دوڑیں جو ہمیں درپیش ہے۔“ (عبر ۱۲:۱) یہ کونسی دوڑ ہے؟ یہ وہ دوڑ ہے جس میں کامیاب ہونے سے ہم ہمیشہ کی زندگی کا انعام پائیں گے۔ مگر اِس دوڑ میں کامیاب ہونے کیلئے ہمیں صبر اور طاقت کی ضرورت ہے۔ (عبر ۱۰:۳۶) یہ طاقت ہمیں کہاں سے مل سکتی ہے؟ ہم صبر کی خوبی کیسے پیدا کر سکتے ہیں؟ منادی کے کام میں لگے رہنے سے۔—متی ۲۴:۱۳۔
۲ منادی کے کام میں لگے رہنے سے ایمان مضبوط ہوتا ہے: جب ہم دوسروں کو نئی دُنیا کی بابت بتاتے ہیں تو نئی دُنیا پر ہمارا ایمان اَور مضبوط ہو جاتا ہے۔ (۱-تھس ۵:۸) منادی میں باقاعدہ حصہ لینے سے ہم سب لوگوں کو سچائی سکھا سکیں گے۔ جب وہ ہمارے ایمان کی بابت ہم سے سوال کرتے ہیں تو ہمیں اُنہیں جواب دینے کا موقع ملتا ہے۔ اِس سے بھی ہمارا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔
۳ مگر لوگوں کو سکھانے کیلئے ہمیں پہلے خود بائبل کی سچائیوں کو اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے ہمیں بائبل اور اس پر مبنی کتابوں کو دھیان سے پڑھنا اور مواد کی تحقیق کرنی چاہئے۔ اپنے علم کو بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوشش کرنے سے ہمارا ایمان اَور مضبوط ہوگا اور ہم یہوواہ کے کام میں سرگرم ہو جائیں گے۔ (امثا ۲:۳-۵) جیہاں، دوسروں کو سکھانے سے ہم خود بھی روحانی طور پر مضبوط ہوں گے۔—۱-تیم ۴:۱۵، ۱۶۔
۴ جب ہم سرگرمی سے منادی کرتے ہیں تو ہم گویا ”خدا کے ہتھیار“ باندھ لیتے ہیں۔ اِس طرح ہم ابلیس اور شیاطین کا مقابلہ کر سکیں گے۔ (افس ۶:۱۰-۱۳، ۱۵) اِس کام میں مصروف رہنے سے ہمارا دھیان ہمیشہ روحانی باتوں پر لگا رہتا ہے۔ اس سے ہم شیطان کی دُنیا سے بچنے کے قابل ہوں گے۔ (کل ۳:۲) جب ہم دوسروں کو پاک چالچلن کے بارے میں سکھاتے ہیں تو ہمیں اپنے چالچلن کو پاک رکھنے کی بھی طاقت ملے گی۔—۱-پطر ۲:۱۲۔
۵ منادی کے کام میں لگے رہنے سے خدا سے قوت ملتی ہے: منادی کرنے سے ہم یہوواہ کی قوت پر بھروسا کرنا سیکھتے ہیں۔ (۲-کر ۴:۱، ۷) اِسطرح ہم نہ صرف منادی کی اپنی ذمہداری پوری کر سکیں گے بلکہ زندگی میں آنے والی ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تیار ہوں گے۔ (فل ۴:۱۱-۱۳) جب ہم یہوواہ پر بھروسا کرنا سیکھتے ہیں تو ہم زندگی کی دوڑ میں صبر سے دوڑنے کے قابل ہوں گے۔ (زبور ۵۵:۲۲) جیہاں، منادی کے کام میں لگے رہیں اور یہوواہ سے طاقت پاتے رہیں۔