خاتمے کی نزدیکی کے پیشِنظر ہوشیار رہیں
۱ خدا کا کلام یہوواہ کے دن کا ”چور کی طرح“—یعنی اچانک، ناگہاں، خاموشی سے—آنے کا بارہا ذکر کرتا ہے۔ (۱-تھس ۵:۲؛ متی ۲۴:۴۳؛ ۲-پطر ۳:۱۰؛ مکا ۳:۳؛ ۱۶:۱۵) ”اِس لئے،“ یسوع نے بیان کِیا، ”تم بھی تیار رہو کیونکہ جس گھڑی تم کو گمان بھی نہ ہوگا ابنِآدم آ جائے گا۔“ (متی ۲۴:۴۴) ہم خاتمے کی نزدیکی کے پیشِنظر روحانی طور پر کیسے بیدار رہ سکتے ہیں؟ کامیابی سے ایسا کرنے کا راز اس الہامی نصیحت میں پنہاں ہے: ”ہوشیار رہو۔“—۱-پطر ۴:۷۔
۲ ہوشیار رہنے میں یہوواہ کے نقطۂنظر سے چیزوں کا جائزہ لینا شامل ہے۔ (افس ۵:۱۷) اس سے موجودہ نظاماُلعمل میں خود کو ”پردیسی اور مسافر“ سمجھنے میں ہماری مدد ہوتی ہے۔ (۱-پطر ۲:۱۱) یہ ہمیں زیادہ اہم باتوں پر توجہ دینے، ترجیحات قائم کرنے اور اچھے فیصلے کرنے کے قابل بناتا ہے۔—فل ۱:۱۰۔
۳ روحانی نشانے قائم کریں: روحانی نشانے قائم کرنے اور انہیں حاصل کرنے سے ہوشیار رہنے میں ہماری مدد ہوتی ہے۔ کیا آپ نے ایسے روحانی نشانے قائم کئے ہیں جنہیں آپ اس وقت حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں؟ کیا آپ ہر روز بائبل پڑھنے، مسیحی اجلاسوں پر حاضر ہونے، مینارِنگہبانی اور جاگو! کے ہر شمارے کو پڑھنے یا خدمتگزاری میں اپنی شرکت کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں؟ اگر آپ معقول نشانے قائم کرتے ہیں تو انہیں حاصل کرنے کی کوشش کریں اور اپنی کوششوں پر یہوواہ کی برکت کے طالب ہوں تو آپ نتائج سے حیران ہو سکتے ہیں۔
۴ ایک بزرگ نے ایک جوان جوڑے سے اُن کے روحانی نشانوں کی بابت پوچھا۔ اس سوال نے ان کی یہ سمجھنے میں مدد کی کہ وہ اپنی زندگی کو سادہ رکھنے اور قرض کے بوجھ سے چھٹکارا پانے سے پائنیر خدمت اختیار کر سکتے تھے۔ اُنہوں نے اسے اپنا نشانہ بنانے کا فیصلہ کِیا۔ اُنہوں نے مستعدی سے اپنا قرض چکایا اور وقت اور توانائی کو ضائع کرنے والی غیرضروری کارگزاریوں کو کم کرنے کے طریقے تلاش کئے۔ ایک سال بعد اُنہوں نے اپنا نشانہ حاصل کر لیا۔ اس کا نتیجہ کیا رہا؟ شوہر بیان کرتا ہے: ”نشانے قائم کئے بغیر ہم اِس جگہ نہ ہوتے جہاں آج کھڑے ہیں۔ ہم بہت خوش ہیں۔ ہماری زندگی مطمئن اور بہترین ہے۔ یہ واقعی بامقصد اور پُرمعنی بن گئی ہے۔“
۵ ہماری دُعا ہے کہ ہم یہوواہ کے دن کے انتظار میں خدا کی مرضی پوری کرنے پر توجہ دیں اور یوں روحانی جوش برقرار رکھتے ہوئے ہوشیار رہیں۔—طط ۲:۱۱-۱۳۔