سوالی بکس
▪ موبائل فونز اور الیکٹرانک پےجرز استعمال کرتے وقت ہمیں کس بات کا خیال رکھنا چاہئے؟
ایسے آلات تقریباً ہر جگہ ہمیں دوسروں سے رابطہ رکھنے کے قابل بناتے ہیں۔ اسکی افادیت کے باوجود ہمیں نامناسب اوقات پر موبائل فونز یا پےجرز کے استعمال کی بابت محتاط رہنا چاہئے کیونکہ یہ ہماری خدمتگزاری یا مسیحی اجلاسوں سے توجہ ہٹانے کا باعث بن سکتے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے؟
غور کریں کہ اگر میدانی خدمتگزاری میں گواہی دیتے وقت ہمارے موبائل فون یا پےجر سے آواز سنائی دینے لگے تو اس کا کیا اثر ہوگا۔ صاحبِخانہ کیا سوچے گا؟ اگر ہم رُک کر فون کا جواب دینے لگ جائیں تو ہم کیا تاثر چھوڑینگے؟ ہم یقیناً بادشاہتی پیغام سننے میں دوسروں کیلئے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کرنا چاہتے۔ (۲-کر ۶:۳) لہٰذا، اگر ہمارے پاس موبائل فون یا پےجر ہے تو ہمیں اسے اس طرح ترتیب دینا چاہئے کہ میدانی خدمتگزاری میں حصہ لیتے وقت یہ ہمارے یا دوسروں کے لئے خلل کا باعث نہ بنے۔
اُس وقت کی بابت کیا ہے جب دوسرے گواہی دیتے ہیں اور ہم انکا انتظار کرتے ہیں؟ اگر ہم نے میدانی خدمت کیلئے کچھ وقت مخصوص کِیا ہے تو کیا ہمیں اس کارگزاری پر دھیان نہیں دینا چاہئے؟ اپنی پاک خدمت کیلئے احترام ظاہر کرتے ہوئے براہِمہربانی غیرضروری ذاتی معاملات یا سماجی کارگزاریوں کیلئے کوئی اَور وقت مختص کریں۔ (روم ۱۲:۷) تاہم اسکا یہ مطلب نہیں کہ آپ کو فون کے ذریعے مزید گواہی دینے یا ایسا کرنے کیلئے وقت اور جگہ کا تعیّن کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے۔
ہمیں بالخصوص ڈرائیونگ کرتے وقت موبائل فون استعمال کرنے کی بابت محتاط رہنا چاہئے کیونکہ تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ اس کا استعمال حادثے کے خطرے کو بہت بڑھا دیتا ہے۔ ہمیں ڈارئیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کرنے والے ہر قانون کی اطاعت کرنی چاہئے۔
ہم مسیحی اجلاسوں، اسمبلیوں اور کنونشنوں پر یہوواہ کی پرستش اور اُس سے تعلیم پانے کیلئے جمع ہوتے ہیں۔ کیا ان مواقع کے تقدس کی قدردانی ہمیں موبائل فونز اور پےجرز کو اس طرح ترتیب دینے کی تحریک نہیں دیتی کہ یہ ہماری اور دوسروں کی توجہ ہٹانے کا باعث نہ بنیں؟ اگر کوئی ضروری کام ہماری فوری توجہ کا تقاضا کرے تو ہمیں اجلاس کی جگہ سے باہر جاکر اسے کرنا چاہئے۔ تاہم ہمیں پرستش کے لئے مخصوص وقت کی بجائے دیگر اوقات پر ذاتی اور دُنیاوی معاملات نپٹانے کا بندوبست کرنا چاہئے۔—۱-کر ۱۰:۲۴۔
دُعا ہے کہ ہمارے موبائل فونز یا کوئی اَور الیکٹرانک آلے کا استعمال ہمیشہ دوسروں کے لئے فکر اور روحانی معاملات کیلئے گہری قدر ظاہر کرے۔