خاندان کے ارکان بائبل مطالعے میں بھرپور حصہ لینے کیلئے کیسے تعاون کرتے ہیں
۱ سچائی خاندانی زندگی کے حقیقی مقصد اور اہمیت میں اضافہ کرتی ہے لیکن یہوواہ کی خدمت میں کامیابی ازخود حاصل نہیں ہوتی۔ روحانی طور پر مضبوط گھرانے کو تشکیل دینے کیلئے کوشش اور وقت درکار ہوتا ہے۔ خاندان کے ارکان کو اس کوشش میں اکٹھے ملکر کام کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ تین حصوں پر مشتمل اس سلسلے کا یہ پہلا مضمون اس بات پر توجہ دلائے گا کہ خاندان مطالعے کی اچھی عادات کو فروغ دینے کیلئے کیسے تعاون کر سکتے ہیں۔
۲ روزانہ بائبل پڑھنے سے: امثال ۲۴:۵ بیان کرتی ہے کہ ”صاحبِعلم کا زور بڑھتا رہتا ہے۔“ خدا کے کلام کی باقاعدہ پڑھائی سے حاصل ہونے والا علم ایک شخص کو اُس کی روحانیت پر شیطان کے حملوں کی مزاحمت کرنے کیلئے درکار باطنی قوت فراہم کرتا ہے۔ (زبور ۱:۱، ۲) کیا آپ بطور خاندان اکٹھے ملکر روزانہ بائبل پڑھتے ہیں؟ تھیوکریٹک منسٹری سکول کے شیڈول میں سال کے ہر ہفتے کیلئے ”بائبل پڑھائی کا ضمنی شیڈول“ پیش کِیا جاتا ہے۔ اس کی پابندی کرنے کیلئے خاندان کو ہر روز محض دس منٹ صرف کرنے ہونگے۔ بائبل پڑھنے اور روزانہ صحائف کی تحقیق کرنا سے اُس دن کی آیت پر غور کرنے کیلئے موزوں وقت کا انتخاب کریں جیسے ناشتے کے وقت، شام کے کھانے کے بعد یا سونے سے پہلے۔ اسے اپنے خاندان کے روزمرّہ معمول کا حصہ بنا لیں۔
۳ ہر ہفتے اکٹھے ملکر مطالعہ کرنے سے: خاندانی بائبل مطالعے کو خاندان کے ہفتے کا نمایاں حصہ ہونا چاہئے۔ ہر رکن کو مطالعے کی حمایت کرنی چاہئے اور خوشی سے اس میں حصہ لینا چاہئے۔ خاندان کا سربراہ مطالعے کے مواد اور دن، وقت اور مطالعے کے دورانیے کا انتخاب کرتے وقت خاندان کی ضروریات کا لحاظ رکھے گا۔ ہفتے کیلئے مرتب شیڈول میں خاندانی مطالعے کو اوّلیت دیں۔ غیراہم معاملات کو مداخلت کرنے کی اجازت نہ دیں۔—فل ۱:۱۰، ۱۱۔
۴ ایک باپ جسے اکثر اپنے گھر پر کاروباری ٹیلیفون کالز آتی تھیں وہ خاندانی مطالعے کے دوران ٹیلیفون منقطع کر دیتا تھا۔ اگر گاہک گھر پر آ جاتے تو وہ اُنہیں مطالعے میں شامل ہونے یا مطالعہ ختم ہونے تک انتظار کرنے کی دعوت دیتا۔ باپ نے اس بات کا تہیہ کِیا ہوا تھا کہ کوئی بھی چیز خاندانی مطالعے میں مخل نہ ہو۔ اس چیز نے اُس کے بچوں پر گہرا اثر ڈالا اور اسے اپنے کاروبار میں بھی خاطرخواہ کامیابی ہوئی۔
۵ جب خاندانی ارکان روحانی کارگزاریوں میں تعاون کرتے ہیں تو کسقدر خوشی حاصل ہوتی ہے! خاندانی بائبل مطالعے میں بھرپور حصہ لینے کیلئے ہماری مخلصانہ کوششیں یہوواہ کی طرف سے برکات پر منتج ہونگی۔—زبور ۱:۳۔