۱۹۹۸ ”زندگی کی خدائی راہ“ ڈسٹرکٹ اور انٹرنیشنل کنونشنز
۱ امثال ۰۱:۲۹ ہمیں یاد دہانی کراتی ہے کہ ”خداوند کی راہ . . . پناہگاہ . . . ہے۔“ اس سال کے کنونشن کا موضوع کیا ہی موزوں ہے—”زندگی کی خدائی راہ“! اس موضوع کو سہروزہ پروگرام میں کس طرح پیش کِیا جائے گا؟ ہمارے لئے جو کچھ تیار کیا گیا ہے ہم سب اُسکے بےتابی سے منتظر ہیں۔ نیز اس میں اہم نکات کو اُجاگر کِیا جائے گا۔ کنونشن کے پروگرام میں رپورٹس پیش کی جائیں گی کہ کس طرح یہوواہ مختلف علاقوں میں کام کو برکت دے رہا ہے۔
۲ کیا اس سال کے کنونشن پر حاضر ہونے کیلئے آپ نے حتمی منصوبے بنا لئے ہیں؟ ضروری نہیں کہ آپکو بہت زیادہ پیدل چلنا پڑے، تاہم آپکو اور آپکے خاندان کو حاضر ہونے کیلئے کچھ کوشش اور قربانی کرنی پڑیگی۔ پروگرام کے شروع سے آخر تک حاضر رہنے کا بندوبست بنائیں۔ بہت سے بائبل طالبعلم مخصوصیت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ کنونشن پر اُنکی موجودگی اُنہیں صحیح فیصلہ کرنے میں مدد دیگی۔ کیا آپ نے اپنے بائبل طالبعلموں اور دلچسپی رکھنے والے دیگر اشخاص کو اپنے ساتھ حاضر ہونے کی دعوت دی ہے؟
۳ سہروزہ پروگرام: اس سال پاکستان میں یہ پروگرام ۲ کنونشنوں پر پیش کیا جائے گا۔ اب تک آپ کو اس کنونشن کی بابت مطلع کیا جا چکا ہے جس پر حاضر ہونے کیلئے آپ کی کلیسیا کو تفویض کِیا گیا ہے۔
۴ خاص ہدایت: یہ بات خصوصی اہمیت کی حامل ہے کہ آپ اُسی کنونشن پر حاضر ہوں جس پر حاضر ہونے کیلئے آپکی کلیسیا کو تفویض کِیا گیا ہے۔ ان انتظامات کیلئے آپکا ذاتی احترام اور تعاون اس بات کو یقینی بنا دیگا کہ ہر کام شایستگی اور قرینہ سے انجام پائے۔—۱-کر ۱۴:۳۳، ۴۰۔
۵ جمعے، ہفتے اور اتوار کی صبح پروگرام کا آغاز ۳۰:۹ پر ہوگا۔ جمعے اور ہفتے کو پروگرام ۰۰:۵ بجے اور اتوار کے دن ۰۰:۴ بجے ختم ہو گا۔
۶ جب ہم کنونشن پر آتے اور واپس جاتے ہیں تو ہمیں غیررسمی گواہی دینے کے مواقع کی تلاش میں رہنا چاہئے۔ پٹرول پمپ پر کام کرنے والے لوگ، دوکاندار بادشاہتی پیغام میں شاید دلچسپی لیں۔ اس کیلئے اپنے ساتھ اشتہار، تازہترین رسالے، بروشر اور دوسرا لٹریچر لانے سے تیار رہیں تاکہ آپ اُن لوگوں کو گواہی دینے کے مواقع سے فائدہ اُٹھا سکیں جن تک شاید بصورتِدیگر خوشخبری نہیں پہنچ سکتی۔—۲-تیم ۳:۱۷۔
۷ ”خبردار رہو کہ تم کس طرح سنتے ہو“: کنونشن کے مندوبین لوقا ۸:۱۸ میں پائی جانے والی مشورت پر دھیان دے کر دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ سب کی حوصلہافزائی کی جاتی ہے کہ اپنے ساتھ بائبل، گیت کی کتاب اور ایک نوٹبک لائیں۔ ہر پیشکش کے بنیادی نکات کو غور سے سنیں اور مختصر نوٹس لیں۔ خود سے پوچھیں کہ آپ اس مواد کا ذاتی طور پر کیسے اطلاق کر سکتے ہیں۔ کنونشن کی ہر رات سونے سے پہلے کیوں نہ اپنے نوٹس پر نظرثانی کریں اور تجزیہ کریں کہ آپ کس حد تک زندگی کی یہوواہ کی راہ پر چل رہے ہیں۔—امثا ۴:۱۰-۱۳۔
۸ دیکھنے میں آیا ہے کہ اجلاس کے دوران بعض لوگ ہال سے باہر جا کر اپنی گاڑیوں میں بیٹھ جاتے ہیں اور یوں پروگرام کی پیشکش سے محروم رہتے ہیں۔ نوجوانوں کے گروہوں کو برآمدوں میں بےمقصد گھومتے پھرتے دیکھا گیا ہے جبکہ اُنہیں ہال کے اندر اپنی نشستوں پر بیٹھ کر سننا چاہئے۔ ماضی میں یہوواہ کے بعض خادموں نے اپنی زندگیوں میں سنگین غلطیاں کیں اسلئے کہ اُنہوں نے یہوواہ کی یاددہانیوں پر دھیان نہیں دیا تھا۔ یقینی طور پر ہم ویسی ہی غلطیاں کرنے سے گریز کرنا چاہینگے۔ (۲-سلا ۱۷:۱۳-۱۵) ”دیانتدار اور عقلمند نوکر“ نے ایسی ہدایات تیار کی ہیں جن کی ہم سب کو ضرورت ہے۔ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سہروزہ کنونشن پروگرام کے ہر سیشن کے دوران ”جو باتیں . . . سنیں ان پر اَور بھی دل لگا کر غور“ کریں۔ اُن معلومات سمیت جو یقینی طور پر مستقبل میں ہمارے طرزِزندگی پر صحتمندانہ اثرات چھوڑیں گی، ہر روز ہماری خصوصی دلچسپی کی حامل کوئی نہ کوئی چیز ضرور پیش کی جائیگی۔ یہوواہ نے آنے والی کنونشن سیریز پر ہمارے لئے جن روحانی فراہمیوں کا بندوبست کیا ہے اُن پر دھیان دینے اور اُن سے بھرپور فائدہ اُٹھانے سے ہماری اُمید اور بھی مضبوط ہو جائے گی تاکہ ہم زندگی کی خدائی راہ سے ”بہہ کر . . . دُور نہ چلے جائیں“۔—متی ۲۴:۴۵؛ عبر ۲:۱۔
۹ لباس جو یہوواہ کو تعظیم دیتا ہے: ان تشویشناک ایام میں، ہمیں معمول سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس دنیا کی روح سے متاثر نہ ہو جائیں۔ (۱-کر ۱۲۲) ہمارا لباسوآرائش حیادار ہونا چاہئے اور اسے اُس خدا کی عظمت کو منعکس کرنا چاہئے جسکی ہم عبادت کرتے ہیں۔ (۱-تیم ۲:۹، ۱۰) ”ہمارے مُنجی خدا کی تعلیم کو رونق“ والے لوگوں میں شامل ہونے کے لئے ہمارے لئے قیمتی لباس ضروری نہیں ہے۔ (ططس ۲:۱۰) جولائی ۱۹۹۷ کے مینارِنگہبانی کے شمارے کے صفحہ ۱۱ اور ۱۲ پر پیراگراف ۱۴-۱۸ میں دی گئی عمدہ عملی اور صحیفائی مشورت پر غور کریں۔ یہوواہ کو تعظیم دینے والی آرائشوزیبائش کے ذریعے جو گواہی ہم دے سکتے ہیں اُسے کبھی بھی کم اہم خیال نہ کریں۔
۱۰ چالچلن جس سے یہوواہ کی تمجید ہوتی ہے: ہم جانتے ہیں کہ ہمارا مسیحی چالچلن اس بات پر اثرانداز ہو سکتا ہے کہ دوسرے ہماری پرستش کو کیسا خیال کرتے ہیں۔ اس لئے، ہم ہر وقت ایسا چالچلن رکھنا چاہتے ہیں جو خوشخبری کے لائق ہے اور یہوواہ کیلئے تمجید کا باعث بنتا ہے۔—فل ۱:۲۷۔
۱۱ اس سال کنونشنوں پر ہمارا چالچلن اُن لوگوں کو کیسے متاثر کریگا جو شاید پہلی بار آئے ہیں؟ جب ہم رضاکاروں کے طور پر ملکر کام کرتے ہیں تو کیا وہ باہمی تعاون کی فضا کو دیکھنے کے قابل ہونگے؟ کیا وہ ہمارے گردونواح کی صفائی اور یہ دیکھ کر متاثر ہوں گے کہ ہم اور ہمارے بچے کنونشن کی جگہ کو چھوڑنے سے پہلے ایسے تمام کچرے کو اُٹھا لیتے ہیں جو شاید ہماری نشستوں کے آس پاس جمع ہو گیا ہے؟ جب ہم اپنے گھروں سے کنونشن پر جاتے اور وہاں سے واپس آتے ہیں تو کیا وہ ہمارے عمدہ چالچلن کا مشاہدہ کرنے کے قابل ہونگے؟ کیا یہ بات اُنکی توجہ میں آئیگی کہ بطور والدین ہم ہر وقت اپنے بچوں کی کڑی نگرانی کرتے ہیں؟ آئیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے تمام دیکھنے والوں پر جہاں تک ممکن ہو مثبت اثر چھوڑیں۔
۱۲ کنونشن کے اخراجات کو پورا کرنا: آج کی کاروباری دنیا میں کسی سٹیڈیم یا کنونشنہال میں کھیل کے پروگرام یا کوئی اور مظاہرے دیکھنے کیلئے نشست حاصل کرنے کیلئے داخلہ ٹکٹ کافی مہنگی ہو سکتی ہے۔ اس کی ایک وجہ میٹروپولٹن علاقوں کے بھاری کرائے ہیں۔ کنونشنوں پر سوسائٹی کی پالیسی ہمیشہ ”داخلہ مُفت، کوئی چندہ نہیں“ رہی ہے۔ تو پھر، کنونشن کے کرائے اور دیگر اخراجات کو کیسے پورا کیا جائے گا؟ حاضرین کے فیاضانہ عطیات کی بدولت۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ بھی فیاضی کا ویسا ہی جذبہ دکھائیں گے جیسا ماضی میں یہوواہ کے خادموں نے یہوواہ اور یسوع مسیح کی پیروی میں دکھایا تھا۔ (۲-کر ۸:۷) اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ تمام عطیات محفوظ ہیں، اُنکا ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور اُنہیں مطلوبہ مقصد کیلئے استعمال میں لایا جاتا ہے۔
۱۳ نشستیں: کئی سالوں سے جو ہدایات دی جا رہی ہیں اُنہی کا اطلاق ہوگا، یعنی نشستیں صرف اپنے قریبی خاندانی افراد اور آپ کیساتھ آپکی گاڑی میں سفر کرنے والے کسی شخص کیلئے محفوظ کی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں کافی بہتری دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور اس سے کنونشنوں پر ظاہر ہونے والی پُرمحبت فضا میں اضافہ ہوا ہے۔ اکثر جگہوں پر، بعض نشستوں تک رسائی نسبتاً زیادہ آسان ہوتی ہے۔ براہِمہربانی پاسولحاظ دکھائیں اور زیادہ آسانی سے قابلِرسائی نشستیں عمررسیدہ اور ایسے لوگوں کیلئے چھوڑ دیں جنہیں اپنے حالات کے باعث ان کی زیادہ ضرورت ہے۔ یاد رکھیں کہ ’محبت اپنی بہتری نہیں چاہتی‘۔—۱-کر ۱۳:۴، ۵؛ فل ۲:۴۔
۱۴ کیمرے، کیمکوڈرز اور آڈیوکیسٹ ریکارڈرز: کنونشن پر کیمرے اور ریکارڈنگ کے آلات استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ تاہم، جب آپ ان کا استعمال کرتے ہیں تو اسے دوسروں کیلئے انتشارِخیال کا باعث نہیں بننا چاہیے۔ اجلاسوں کے دوران گھوم پھر کر تصویریں اُتارنا اُن لوگوں کو پریشان کریگا جو پروگرام پر توجہ مرکوز رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریکارڈ کرنے کے کسی بھی قسم کے آلات کو برقی یا صوتی نظام کیساتھ نہیں جوڑا جانا چاہئے نیز ان آلات کو درمیانی راستوں یا گزرگاہوں کو روکنا چاہئے اور نہ ہی دوسروں کیلئے دیکھنے میں مشکل کا باعث بھی نہیں بننا چاہئے۔
۱۵ ابتدائی طبّی امداد: ابتدائی طبّی امداد کا شعبہ صرف ہنگامی صورتِحال کیلئے ہے۔ براہِمہربانی اپنی اَسپرین، ہاضمے کی ادویات، پٹیاں، سیفٹیپن اور ایسی ہی دیگر اشیاء ساتھ لے کر آئیں کیونکہ یہ کنونشن پر دستیاب نہیں ہوں گی۔ جن اشخاص کی بابت کسی خطرے کا امکان ہے اُنکے ساتھ اُنکے خاندان کا کوئی فرد یا کلیسیا کا کوئی ایسا رکن ہونا چاہئے جو اُنکی حالت کو سمجھتا ہو تاکہ ہنگامی صورتِحال پیدا ہونے کی صورت میں مدد فراہم کر سکے۔
۱۶ کنونشن پر کھانا: دوپہر کے وقفے میں کچھ خریدنے کیلئے کنونشن کی جگہ سے باہر جانے کی بجائے حاضرین میں سے ہر شخص کو کھانا اپنے ساتھ لانا چاہئے۔ ہلکیپھلکی اور غذائیتبخش اشیائے خوردونوش جنکو لانا آسان ہو مناسب رہیں گی۔ کھانے کے بیگ یا کولر چھوٹے ہونے چاہئیں تاکہ آپکی نشست کے نیچے آ سکیں۔ حاضرین میں سے بعض کو پروگرام کے دوران کھاتے پیتے دیکھا گیا ہے۔ اس سے موقع کیلئے بےادبی ظاہر ہوتی ہے۔
۱۷ ہم کتنے خوش ہیں کہ ۱۹۹۸ کا ”زندگی کی خدائی راہ“ کنونشن بہت جلد شروع ہو جائے گا! کیا آپ نے حاضر ہونے کیلئے منصوبہبندی کرلی ہے؟ دُعا ہے کہ آپ کا سفر محفوظ ہو اور آپ یہوواہ کی گراںبہا خدمت کو جاری رکھنے اور ابدی برکات حاصل کرنے کیلئے زندگی کی خدائی راہ پر چلتے رہنے کے عزمِمُصمم کیساتھ تازہ دم ہو کر گھر واپس لوٹیں۔
[Box on page 4]
کنونشن کی یاددہانیاں
◼ بپتسمہ: ہفتے کی صبح پروگرام شروع ہونے سے پہلے بپتسمے کے اُمیدواروں کو مُتعیّنہ حصے میں بیٹھ جانا چاہئے۔ بپتسمہ پانے کا منصوبہ بنانے والے ہر شخص کو اپنے ساتھ نہانے کا حیادار لباس اور تولیہ لانا چاہئے۔ ماضی میں بعض نے ایسا لباس پہنا ہے جو مناسب نہیں تھا اور جس نے اس موقع کی قدروقیمت کو گھٹا دیا تھا۔ بپتسمے کے اُمیدواروں کیساتھ بائبل کی بنیادی تعلیمات کے کتابچے سے سوالات پر باتچیت کرنے والے بزرگوں کو اس بات کا یقین کر لینا چاہئے کہ ہر ایک ان نکات کو سمجھتا ہے۔ بپتسمہ کسی شخص کی مخصوصیت کا اظہار ہے اور یہ اُس شخص اور یہوواہ کے مابین ایک قریبی اور ذاتی معاملہ ہے۔ اسلئے، بپتسمے کے دوران اُمیدواروں کا آپس میں گلے ملنا یا بپتسمہ لیتے وقت ہاتھ پکڑنا نامناسب ہو گا۔
▪ بیج کارڈ: براہِمہربانی کنونشن کے شہر میں اور کنونشن پر آنے جانے کے وقت سفر میں ۱۹۹۸ بیج کارڈ پہن کر رکھیں۔ یہ اکثر ہمارے لئے عمدہ گواہی دینے کے مواقع پیدا کرتا ہے۔ بیج کارڈ اور ہولڈر کنونشن پر دستیاب ہوں گے۔ اپنا تازہترین ایڈوانس میڈیکل ڈائریکٹو/ریلیز کارڈ ساتھ لانا یاد رکھیں۔
▪ رضاکارانہ خدمت: کیا آپ کنونشن پر کسی شعبے میں کام کرنے کیلئے کچھ وقت نکال سکتے میں؟ چند گھنٹوں کیلئے بھی اپنے بھائیوں کی خدمت کرنا، بہت معاون ثابت ہو گا اور بےانتہا ذاتی تسکین کا باعث بنے گا۔ اگر آپ مدد کر سکتے ہیں تو براہِمہربانی کنونشن پر رضاکارانہ خدمت کے شعبے کو مطلع کریں۔ جن بچوں کی عمر ۱۶ سال سے کم ہے وہ بھی اپنے والدین یا کسی دوسرے ذمہدار بالغ کے زیرِنگرانی کام کر کے عمدہ مدد فراہم کر سکتے ہیں۔
▪ انتباہ: اس بات کا یقین کر لیں کہ آپکی گاڑی ہمہوقت بند رہے اور کوئی بھی چیز سامنے نہ چھوڑیں جس سے کوئی شخص چوری کی آزمایش میں پڑ سکتا ہے۔ چور اور جیبکترے بڑے بڑے اجتماعات پر اپنی توجہ رکھتے ہیں۔ قیمتی اشیاء کو اپنی نشست پر چھوڑنا دانشمندی کی بات نہیں ہو گی۔ آپ وثوق سے نہیں کہہ سکتے کہ آپ کے اردگرد موجود ہر شخص مسیحی ہے۔ آزمائش کا موقع کیوں دیں؟ بعض اجنبی اشخاص کی بچوں کو ورغلا کر اپنے ساتھ لے جانے کی کوششیں کرنے کی رپورٹیں بھی ملی ہیں۔ اپنے بچوں کو ہر وقت اپنی نظروں کے سامنے رکھیں۔