اگر یہ نتیجہخیز ثابت ہوتی ہے تو اُسے استعمال کریں!
۱ ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ہمیں خدمتگزاری میں استعمال کرنے کیلئے مختلف مجوزہ پیشکشیں مسلسل فراہم کرتی ہے۔ اس سے ہمیں نئے نئے خیالات حاصل ہوتے ہیں کہ بادشاہتی پیغام میں دلچسپی کیسے پیدا کریں۔ شاید آپ ہر مہینے ان میں سے ایک یا زیادہ پیشکشوں کو سیکھنے کی کوشش کرتے ہوں۔ تاہم، بعض پبلشر محسوس کر سکتے ہیں کہ ابھی وہ اُن میں سے کسی ایک کو چند مرتبہ ہی استعمال کر پاتے ہیں کہ ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کا دوسرا شمارہ نئی پیشکشیں فراہم کر دیتا ہے۔ ظاہری طور پر پچھلی پیشکش میں ماہر بننے سے پہلے ایک نئی پیشکش سیکھنا ہر ایک کیلئے ممکن نہیں ہو سکتا۔
۲ بِلاشُبہ، ہزاروں ایسے پائنیر اور پبلشر ہیں جو میدانی خدمت میں کافی وقت صرف کرتے ہیں۔ مزیدبرآں، بہتیری کلیسیائیں چند ہفتوں کے اندر اندر اپنے پورے علاقے میں کام کرتی ہیں۔ ان حالات میں پبلشر پیغام پیش کرنے کیلئے نئے طریقوں اور خیالات کی قدر کرتے ہیں۔ اس سے اُنکی اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے میں مدد ہوتی ہے۔ یہ اُنکی خدمتگزاری کو بہت دلچسپ اور بااجر بناتا ہے اور درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی اُنکی مدد کرتا ہے۔
۳ تاہم، کسی بھی صورتحال میں اگر آپ نے کوئی ایسی پیشکش تیار کر رکھی ہے جو دلچسپی بڑھانے میں مؤثر ہے تو بصدشوق اسے استعمال کرنا جاری رکھیں! یہ ضروری نہیں ہے کہ کسی ایک مؤثر پیشکش کے استعمال کو بند کر دیا جائے جو نتیجہخیز ثابت ہو رہی ہے۔ اسے صرف رواں مہینے کے لئے لٹریچر پیشکش کے مطابق بنا لیں۔ ہماری بادشاہتی خدمتگزاری میں پیشکردہ تجاویز پر نظرثانی کرتے وقت ایسے دلچسپ نکات کو تلاش کریں جنہیں آپ اپنی پیشکش میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
۴ لہٰذا جب آپ ہماری بادشاہتی خدمتگزاری کا نیا شمارہ حاصل کرتے ہیں تو یاد رکھیں کہ اس میں شامل پیشکشیں محض تجاویز ہیں۔ اگر آپ اُنہیں استعمال کر سکتے ہیں تو ٹھیک ہے۔ تاہم اگر آپ نے پہلے ہی کسی ایسی پیشکش کو پا لیا ہے جو آپکے علاقے میں نتیجہخیز ثابت ہوئی ہے تو اسے استعمال کریں! اہم بات مستحق اشخاص کو تلاش کرنا اور شاگرد بننے میں اُنکی مدد کرتے ہوئے ایک عمدہ طریقے سے ”اپنی خدمت کو پورا“ کرنا ہے۔—۲-تیم ۴:۵۔