والدین—اپنے بچوں کی منادی کرنے کیلئے تربیت کریں
۱ ہماری کلیسیائیں یہوواہ کی خدمت کرنے کی مخلصانہ خواہش رکھنے والے بہتیرے بچوں سے بھری پڑی ہیں۔ (واعظ ۱۲:۱) یہ اُن لوگوں میں شامل ہیں جنہیں یہوواہ اپنی حمدوستائش میں شریک ہونے کیلئے مدعو کرتا ہے۔ (زبور ۱۴۸:۱۲-۱۴) لہٰذا، والدین روزانہ اپنے بچوں کو جو تربیت دیتے ہیں اُس میں اس ہدایت کو شامل ہونا چاہئے کہ بادشاہتی منادی کے کام میں دوسروں کو اپنے ایمان میں کیسے شریک کریں۔—استثنا ۶:۶، ۷۔
۲ ترقیپسندانہ اقدام سے بچوں کی تربیت کریں: بچوں کی ابتدائی عمر ہی سے اپنے والدین کے ہمراہ خدمتگزاری میں جانے کے لئے تربیت کرنی چاہئے۔ خدمت میں جانے سے پہلے، اپنے بچوں کو معنیخیز شرکت کرنے کیلئے تیار کریں۔ قبلازوقت اس بات کا تعیّن کریں کہ آپ ان سے دروازے پر کیا کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ بہت چھوٹے بچے ٹریکٹ اور دستی اشتہار دے سکتے ہیں اور لوگوں کو کنگڈم ہال آنے کے لئے مدعو کر سکتے ہیں۔ جو نوجوان اچھی طرح پڑھ لیتے ہیں اُنہیں دروازے پر صحائف پڑھنے کی دعوت دی جا سکتی ہے۔ وہ ایک مختصر پیشکش استعمال کرتے ہوئے، رسالے پیش کر سکتے ہیں۔ جب وہ تجربہ حاصل کر لیتے ہیں تو اُنہیں اپنی پیشکش میں بائبل استعمال کرنے کی تربیت دیں۔ بہتیرے نوجوان پبلشروں نے اپنا ذاتی میگزین روٹ شروع کِیا ہے اور باقاعدگی سے واپسی ملاقاتیں کرتے ہیں۔ ایک بچے کے لئے بہتر ہے کہ وہ کسی دوسرے بچے کے ساتھ کام کرنے کی بجائے ایک بالغ کے ساتھ کام کرے۔ بالغ صاحبِخانہ کو بتا سکتا ہے کہ نوجوان کو خدمتگزاری کی تربیت دی جا رہی ہے۔
۳ ایک چھوٹی لڑکی نے بزرگوں سے مدد کے لئے درخواست کی تاکہ وہ ایک بادشاہتی پبلشر بننے کے لائق ٹھہر سکے۔ اگرچہ اُس وقت اُسکی عمر صرف پانچ سال تھی اور پڑھنا نہیں جانتی تھی پھربھی وہ دروازوں پر مؤثر طور پر بادشاہتی پیغام پیش کر سکتی تھی۔ وہ صحائف کی جگہ یاد کر لیتی، کتاب اُسی صفحے پر کھولتی، صاحبِخانہ سے اُنہیں پڑھنے کی درخواست کرتی اور پھر وہ اس کی وضاحت کرتی تھی۔
۴ بچوں کو والدین کے نمونے کے ذریعے خدمتگزاری میں باقاعدگی سے شرکت کرنے کیلئے ایک اچھا شیڈول رکھنے کی قدروقیمت کی بابت بھی سکھایا جانا چاہئے۔ والدین کو چاہئے کہ خدمت کیلئے ایک مستقل ہفتہوار معمول قائم کریں اور اُس پر کاربند رہیں تاکہ بچوں کو معلوم ہو کہ ہفتے کا کونسا حصہ ہمیشہ منادی کے کام کیلئے مخصوص ہے۔
۵ جب بچوں کو بچپن ہی سے خدمتگزاری سے محبت کرنے اور اُس سے لطف اُٹھانے کی تربیت دی جاتی ہے تو مستقبل میں وہ بڑے استحقاقات کیلئے آگے بڑھنے کی تحریک پائیں گے جن میں شاید پائنیر خدمت بھی شامل ہو۔ (۱-کرنتھیوں ۱۵:۵۸) ہم سب کو اپنے درمیان بچوں کی یہوواہ کے مدّاحین کے طور پر عمدہ ترقی کرنے کیلئے حوصلہافزائی کرنی چاہئے۔