یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م16 نومبر ص.‏ 19-‏20
  • ‏”‏کام بڑا ہے“‏

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • ‏”‏کام بڑا ہے“‏
  • مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2016ء
  • ملتا جلتا مواد
  • یہوواہ کی فراخ‌دلی کے لیے قدر ظاہر کریں
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2015ء
  • یہوواہ خدا خوشی سے دینے والے کو برکتیں دیتا ہے
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2014ء
  • دوسروں کی ضروریات پوری کرنے کا ایک طریقہ
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2013ء
  • فیاضی کا جذبہ پیدا کریں
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2003ء
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2016ء
م16 نومبر ص.‏ 19-‏20
بادشاہ داؤد ایک آدمی کو ہیکل کا نقشہ دِکھا رہے ہیں؛ ایک بھائی عمارت کے نقشے کو دیکھ رہا ہے۔‏

‏”‏کام بڑا ہے“‏

ذرا اِس منظر کا تصور کریں:‏ بنی‌اِسرائیل کے تمام اثرورسوخ والے لوگ یروشلیم میں بادشاہ داؤد کے سامنے جمع ہیں۔ بادشاہ اُنہیں بتا رہے ہیں کہ یہوواہ نے اُن کے بیٹے سلیمان کو ایک شان‌دار عمارت بنانے کا حکم دیا ہے جس میں خدا کی عبادت کی جائے گی۔ خدا کے اِلہام سے اُنہیں اِس عمارت کا نقشہ دِکھایا گیا ہے اور اُنہوں نے یہ نقشہ سلیمان کو دے دیا ہے۔ آخر میں بادشاہ داؤد کہتے ہیں کہ ”‏کام بڑا ہے کیونکہ وہ محل [‏یعنی ہیکل]‏ اِنسان کے لئے نہیں بلکہ [‏یہوواہ]‏ خدا کے لئے ہے۔“‏—‏1-‏توا 28:‏1، 2،‏ 6،‏ 11، 12؛‏ 29:‏1‏۔‏

اِس کے بعد بادشاہ داؤد وہاں جمع لوگوں سے پوچھتے ہیں کہ ”‏آج کون میری طرح خوشی سے [‏یہوواہ]‏ کے کام کے لئے کچھ دینے کو تیار ہے؟“‏ (‏1-‏توا 29:‏5‏، اُردو جیو ورشن‏)‏ اگر آپ وہاں ہوتے تو آپ کا ردِعمل کیا ہوتا؟ کیا آپ اُس تعمیراتی کام کے لیے عطیات دیتے؟ بنی‌اِسرائیل نے بڑی فراخ‌دلی سے ہیکل کی تعمیر کے لیے نذرانے پیش کیے۔ وہ ”‏شادمان ہوئے اِس لئے کہ اُنہوں نے اپنی خوشی سے دیا کیونکہ اُنہوں نے پورے دل سے رضامندی سے [‏یہوواہ]‏ کے لئے دیا تھا۔“‏—‏1-‏توا 29:‏9‏۔‏

اِس واقعے کے صدیوں بعد یہوواہ خدا نے روحانی ہیکل کو وجود دیا جو زمینی ہیکل سے کہیں زیادہ شان‌دار ہے۔ دراصل روحانی ہیکل ایک ایسا اِنتظام ہے جس کے تحت اِنسان یسوع مسیح کی قربانی کی بِنا پر یہوواہ خدا کی قربت حاصل کر سکتے ہیں اور اُس کی عبادت کر سکتے ہیں۔ (‏عبر 9:‏11، 12‏)‏ لیکن یہوواہ اِنسانوں کی مدد کیسے کر رہا ہے تاکہ وہ اُس کی قربت میں آ سکیں؟ شاگرد بنانے کے کام کے ذریعے۔ (‏متی 28:‏19، 20‏)‏ اِس کام کی وجہ سے ہر سال لاکھوں لوگ بائبل کورس کر رہے ہیں، ہزاروں نئے شاگرد بپتسمہ لے رہے ہیں اور سینکڑوں نئی کلیسیائیں قائم کی جا رہی ہیں۔‏

اِس وجہ سے پہلے سے کہیں زیادہ مطبوعات چھاپنے اور عبادت‌گاہیں بنانے کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ بِلاشُبہ بادشاہت کی خوش‌خبری سنانے سے ہم سب کو خوشی ملتی ہے۔ کیا آپ خدا کے شکرگزار نہیں کہ اُس نے آپ کو اِس اہم کام میں حصہ لینے کا شرف دیا ہے؟—‏متی 24:‏14‏۔‏

ہم خدا اور پڑوسی سے محبت رکھتے ہیں اور مُنادی کے کام کی اہمیت سے واقف ہیں۔ اِس لیے ہم ”‏خوشی سے [‏یہوواہ]‏ کے کام کے لئے کچھ دینے کو تیار“‏ ہیں۔ ہم یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں کہ ہم جو عطیات دیتے ہیں، اِنہیں سمجھ‌داری سے اِستعمال کِیا جا رہا ہے اور اِن کے ذریعے اِنسانی تاریخ کا سب سے اہم کام انجام دیا جا رہا ہے۔ بے‌شک ’‏اپنے مال سے یہوواہ کی تعظیم‘‏ کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں!‏—‏امثا 3:‏9‏۔‏

عالم‌گیر کام کے فروغ کے لیے عطیات دینے کے طریقے

آج‌کل بہت سے سچے مسیحی اپنی آمدنی میں سے کچھ بچا کر رکھتے ہیں اور پھر اِسے اپنی کلیسیا میں اُس بکس میں ڈالتے ہیں جس پر لکھا ہے:‏ ”‏عالم‌گیر کام کے لیے عطیات۔“‏ (‏1-‏کُر 16:‏2‏)‏ ہر مہینے کلیسیائیں یہ عطیات اپنے ملک میں یہوواہ کے گواہوں کی برانچ کو بھیج دیتی ہیں۔ آپ اپنے عطیات براہِ‌راست بھی اُس قانونی تنظیم کو بھیج سکتے ہیں جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔ آپ اپنی برانچ سے اِس تنظیم کا نام پوچھ سکتے ہیں۔ برانچ کا پتہ معلوم کرنے کے لیے آپ ہماری ویب‌سائٹ www.jw.org کو دیکھ سکتے ہیں۔ نیچے کچھ ایسے طریقوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جن کے ذریعے آپ اپنے عطیات براہِ‌راست بھیج سکتے ہیں۔‏

بغیر شرط کے عطیات

  • آن‌لائن بینک، ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ یا موبائل فون کے ذریعے عطیات۔ کچھ برانچوں میں یہ jw.org یا اُن کی بتائی کسی اَور ویب‌سائٹ کے ذریعے بھی کِیا جا سکتا ہے۔‏

  • نقد رقم، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا۔ اِن اشیا کے ساتھ ایک خط بھی بھیجیں جس میں یہ بتائیں کہ نقدی اور دیگر چیزیں بِنا کسی شرط کے عطیات کے طور پر دی جا رہی ہیں۔‏

شرط والے عطیات

  • ایسے عطیات جن میں پیسہ اِس شرط پر دیا جاتا ہے کہ اگر عطیہ دینے والے کو ضرورت پڑی تو وہ اپنا پیسہ واپس لے سکتا ہے۔‏

  • ایک خط میں بتائیں کہ اِس عطیے کے ساتھ شرط بھی رکھی گئی ہے۔‏

عطیات دینے کی منصوبہ‌سازی کریں

نقد رقم اور قیمتی اشیا دینے کے علاوہ آپ عالم‌گیر کام کے فروغ کے لیے اَور بھی طریقوں سے عطیات دے سکتے ہیں۔ نیچے اِن کی فہرست دی گئی ہے۔ اگر آپ اِن میں سے کوئی طریقہ اِستعمال کرنا چاہتے ہیں تو مہربانی سے پہلے اپنی برانچ سے پوچھیں کہ آیا آپ کے ملک میں وہ طریقہ چلتا ہے یا نہیں۔ ہر ملک میں عطیات دینے اور ٹیکس ادا کرنے کے قوانین فرق ہوتے ہیں۔ اِس لیے عطیات دینے کا کوئی بھی طریقہ چُننے سے پہلے کسی وکیل سے صلاح مشورہ ضرور کر لیں۔‏

لائف اِنشورنس:‏ آپ اپنی لائف اِنشورنس یا ریٹائرمنٹ کی رقم اُس قانونی تنظیم کے نام کر سکتے ہیں جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔‏

بینک میں جمع رقم:‏ آپ وصیت کر سکتے ہیں کہ آپ کی موت کے بعد آپ کے بینک میں جتنی بھی رقم ہے، وہ اُس قانونی تنظیم کو دے دی جائے جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔‏

سٹاک مارکیٹ کے شیئرز اور بانڈز:‏ آپ اپنے شیئرز اور بانڈز کو بھی اُس تنظیم کو دے سکتے ہیں جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔ آپ اِنہیں یا تو اپنی زندگی میں ہی عطیے کے طور پر دے سکتے ہیں یا پھر آپ یہ وصیت کر سکتے ہیں کہ آپ کی موت کے بعد یہ اِس تنظیم کو دے دیے جائیں۔‏

زمین جائیداد:‏ آپ اپنی زمین جائیداد کو بھی عطیے کے طور پر اُس تنظیم کو دے سکتے ہیں جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔ اگر آپ کا اپنا گھر ہے تو آپ یہ وصیت کر سکتے ہیں کہ یہ گھر آپ کی موت کے بعد اِس تنظیم کو دے دیا جائے۔‏

عطیات پر ملنے والی سالانہ رقم:‏ آپ اپنا پیسہ یا اثاثے اِس شرط پر عطیے کے طور پر دے سکتے ہیں کہ جب تک آپ زندہ ہیں، آپ کو ہر سال کچھ مخصوص رقم ملتی رہے۔ آپ جس سال اپنا پیسہ یا اثاثے اُس تنظیم کو دیں گے جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں، اُس سال آپ کو کم ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔‏

وصیتیں اور ٹرسٹ:‏ آپ اپنے وصیت‌نامے میں یہ لکھ سکتے ہیں کہ آپ کے مرنے کے بعد آپ کی جائیداد اور پیسہ اُس تنظیم کو مل جائے جسے یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔ یا پھر آپ ایک ٹرسٹ فنڈ قائم کر سکتے ہیں اور یہ طے کر سکتے ہیں کہ یہ فنڈ آپ کی موت کے بعد اِس تنظیم کو ملے۔ اِس ٹرسٹ سے آپ کو ٹیکس میں کٹوتی حاصل ہو سکتی ہے۔‏

اِن طریقوں سے عطیہ دینے سے پہلے منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ اِن طریقوں سے عطیہ دینا چاہتے ہیں، اُن کی رہنمائی کے لیے ایک خاص بروشر شائع کِیا گیا ہے جو انگریزی اور ہسپانوی زبان میں دستیاب ہے۔ اِس بروشر میں ایسے مختلف طریقے بتائے گئے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنے جیتے جی اپنا پیسہ یا جائیداد عطیے کے طور پر دے سکتے ہیں یا پھر کوئی ایسا بندوبست بنا سکتے ہیں کہ آپ کے مرنے کے بعد آپ کے اثاثے اُس تنظیم کو مل جائیں جو یہوواہ کے گواہ آپ کے ملک میں اِستعمال کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ اِس بروشر میں دی گئی تمام معلومات آپ کے ملک میں لاگو نہ ہوں کیونکہ آپ کے ملک میں عطیات دینے اور ٹیکس ادا کرنے کے قوانین فرق ہیں۔ بہت سے لوگ اِن طریقوں سے عطیات دے کر ہمارے مُنادی کے کام کو فروغ دیتے ہیں اور ہماری اِمدادی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ اِس طرح اُنہیں ٹیکس میں کٹوتی حاصل ہوتی ہے۔ اگر یہ بروشر آپ کے ملک میں دستیاب ہے تو آپ اِسے اپنی کلیسیا کے سیکریٹری سے مانگ سکتے ہیں۔‏

مزید معلومات کے لیے ہماری ویب‌سائٹ jw.org کے صفحۂ‌اوّل کے آخر میں ”‏ہمارے عالمگیر کام کے لیے عطیات دیں“‏ پر کلک کریں یا اپنی برانچ سے رابطہ کریں۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں