پاک کلام سے متعلق سوالوجواب
اِنسان کا مستقبل کیسا ہوگا؟
یسوع مسیح کی قربانی کی بدولت ہم ایک ایسے مستقبل کی اُمید رکھ سکتے ہیں جب لوگ آپس میں پیار اور محبت سے رہیں گے۔
بِلاشُبہ اِنسان سائنسی میدان میں ترقی کرتے رہیں گے۔ لیکن کیا وہ ایک ایسا معاشرہ تعمیر کر پائیں گے جس میں لوگ ایک دوسرے سے محبت رکھیں گے؟ جی نہیں۔ آج کی دُنیا بہت ہی خودغرض اور لالچی ہے۔ لیکن خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ اِنسان کو ایک اچھا مستقبل دے گا۔—2-پطرس 3:13 کو پڑھیں۔
خدا کے کلام میں ایک ایسے معاشرے کا ذکر کِیا گیا ہے جس میں لوگ آپس میں محبت اور پیار سے رہیں گے۔ اُنہیں کسی سے کوئی خطرہ اور ڈر نہیں ہوگا۔—میکاہ 4:3، 4 کو پڑھیں۔
خودغرضی کا خاتمہ کیسے ہوگا؟
جب خدا نے آدم کو بنایا تو آدم بالکل بےعیب تھے۔ لیکن خدا کی نافرمانی کرنے سے وہ عیبدار ہو گئے۔ ہم نے خودغرضی کو آدم سے ورثے میں پایا ہے۔ لیکن یسوع مسیح کے ذریعے خدا اِنسانوں کو ہر طرح کے عیب سے پاک کر دے گا۔—رومیوں 7:21، 24، 25 کو پڑھیں۔
خدا کی مرضی تھی کہ یسوع مسیح اِنسانوں کی خاطر اپنی جان قربان کریں۔ اِس طرح اُنہوں نے آدم کی نافرمانی سے ہونے والے نقصان کو دُور کر دیا۔ (رومیوں 5:19) یسوع مسیح کی قربانی کی بدولت ہم ایک ایسے مستقبل کی اُمید رکھ سکتے ہیں جب لوگ خودغرضی سے پاک ہوں گے۔—زبور 37:9-11 کو پڑھیں۔