یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م13 1/‏10 ص.‏ 3-‏7
  • فحاشی کا زہر

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • فحاشی کا زہر
  • مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2013ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • فحش مواد دیکھنے سے لوگوں پر کیا اثر ہوتا ہے؟‏
  • فحش مواد دیکھنے سے ازدواجی زندگی پر کیا اثر ہوتا ہے؟‏
  • خدا فحش مواد کو کیسا خیال کرتا ہے؟‏
  • مَیں فحش مواد سے کیسے دُور رہ سکتا ہوں؟‏
    جاگو!‏—‏2008ء
  • فحش‌نگاری کا نقصان
    جاگو!‏—‏2003ء
  • فحش‌نگاری اسقدر عام کیوں ہے؟‏
    جاگو!‏—‏2003ء
  • شیطان کے ایک خطرناک پھندے سے خود کو بچائیں!‏
    مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے (‏مطالعے کا ایڈیشن)‏—2019ء
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ خدا کی بادشاہت کا اعلان کرتا ہے—2013ء
م13 1/‏10 ص.‏ 3-‏7

سرِورق کا موضوع

فحاشی کا زہر

اِس دُنیا میں فحش مواد کی بھرمار ہے۔‏aاِشتہار، فیشن، فلمیں، موسیقی، ویڈیو گیمز اور رسالے اِس سے بھرے پڑے ہیں۔ لوگ اِسے ٹی‌وی، کمپیوٹر، موبائل فون اور اِنٹرنیٹ پر دیکھتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ آج‌کل لوگ فحش مواد دیکھنے، پڑھنے یا سننے کو بہت معمولی خیال کرتے ہیں۔ پہلے کی نسبت اب فحش مواد جگہ‌جگہ دستیاب ہے اور اِسے پسند کرنے والوں کی تعداد میں بھی بہت اِضافہ ہو گیا ہے۔—‏بکس ”‏فحش مواد کے بارے میں چند حقائق“‏ کو دیکھیں۔‏

آج‌کل فحش مواد پہلے سے زیادہ بے‌ہودہ ہو گیا ہے۔ اِس سلسلے میں پروفیسر گیل ڈائنز نے لکھا:‏ ”‏جس طرح کی فحاشی کو چند سال پہلے نہایت ہی بے‌ہودہ خیال کِیا جاتا تھا، آج‌کل اُسے معمولی سی فحاشی خیال کِیا جاتا ہے۔“‏

آپ فحش مواد کے بارے میں اِس بدلتے ہوئے رُجحان کو کیسا خیال کرتے ہیں؟ آپ کے خیال میں کیا فحش مواد دیکھنے سے ایک شخص پر کوئی اثر نہیں ہوتا؟ یا کیا یہ ایک زہر کی طرح اُسے نقصان پہنچاتا ہے؟ غور کریں کہ یسوع مسیح نے کہا تھا:‏ ”‏ہر ایک اچھا درخت اچھا پھل لاتا ہے اور بُرا درخت بُرا پھل لاتا ہے۔“‏ (‏متی 7:‏17‏)‏ فحش مواد سے کون‌سا پھل پیدا ہوتا ہے؟ یہ جاننے کے لئے آئیں، فحش‌نگاری کے بارے میں کچھ سوالوں پر غور کرتے ہیں۔‏

فحش مواد دیکھنے سے لوگوں پر کیا اثر ہوتا ہے؟‏

ماہرین کا کہنا:‏ بعض ماہرین فحش مواد کو منشیات سے تشبیہ دیتے ہیں جو بہت جلد ایک شخص کو اپنا عادی بنا لیتی ہیں۔‏

اِس سلسلے میں ذرا برائن کی مثال پر غور کریں۔‏bوہ اِنٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھا کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں چاہ کر بھی خود کو فحش مواد دیکھنے سے روک نہیں پاتا تھا۔ مجھ پر بے‌خودی چھا جاتی تھی۔ فحش مواد دیکھنے کے بعد میرا ضمیر مجھے ملامت کرتا تھا اور اِس وجہ سے مَیں بُری طرح کانپنے لگتا تھا اور میرے سر میں شدید درد ہوتا تھا۔ مَیں نے اِس عادت کو چھوڑنے کی بہت کوشش کی لیکن سالوں بعد بھی مَیں اِس پر قابو نہیں پا سکا۔“‏

زیادہ‌تر لوگ چھپ کر فحش مواد دیکھتے ہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ کسی کو اِس بارے میں پتہ چلے۔ اِس وجہ سے ایسے بہت سے لوگ احساسِ‌تنہائی، احساسِ‌شرمندگی اور ڈپریشن کا شکار رہتے ہیں اور بہت غصیلے بن جاتے ہیں۔ بعض صورتوں میں تو کچھ لوگ خودکُشی کرنے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔ ذرا عاصم کی مثال پر غور کریں۔ وہ تقریباً ہر روز اپنے موبائل فون پر فحش مواد ڈاؤن‌لوڈ کرتے تھے۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏میرے سر پر ہر وقت فحش مواد سوار رہتا تھا اور مَیں اِسے دیکھنے کے لئے بے‌تاب رہتا تھا۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ مجھے اِس بات کا بھی احساس تھا کہ مَیں بہت گِری ہوئی حرکت کر رہا ہوں۔ مجھے بہت شرمندگی محسوس ہوتی تھی۔ مَیں خود کو بہت تنہا محسوس کرتا تھا۔ مجھے لگتا تھا جیسے مَیں کسی پھندے میں پھنس گیا ہوں۔ مَیں اپنی اِس عادت کو چھوڑنا چاہتا تھا لیکن مَیں کسی سے مدد مانگنے سے ڈرتا تھا۔“‏

اگر کوئی شخص فحش مواد کی ایک جھلک بھی دیکھ لے تو اِس کا اُس شخص پر بہت بُرا اثر پڑ سکتا ہے۔ اِس سلسلے میں جوڈِتھ رائزمن کے بیان پر غور کریں جو فحش‌نگاری کے اثرات پر تحقیق کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جب ایک شخص گندی تصویریں یا فلمیں دیکھتا ہے تو یہ اُس کے دماغ پر چھپ جاتی ہیں۔ اور اُس شخص کے لئے اِن کو اپنے ذہن سے مٹانا نہایت مشکل ہوتا ہے۔“‏ اِس سلسلے میں 19 سالہ سنبل کی مثال پر غور کریں جنہوں نے ایک مرتبہ غلطی سے فحش مواد والی ویب‌سائٹ کھول لی۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جو کچھ مَیں نے دیکھا، وہ میرے دماغ پر چھپ گیا۔ اکثر وہ تصویریں اور منظر اچانک سے میری آنکھوں کے سامنے آ جاتے ہیں۔ مجھے ایسے لگتا ہے جیسے مَیں اِن کو کبھی بھی اپنے ذہن سے مٹا نہیں پاؤں گی۔“‏

خلاصہ:‏ جو لوگ فحش مواد دیکھتے، پڑھتے یا سنتے ہیں، وہ اِس کے غلام بن جاتے ہیں اور اِس کا اُن کی زندگی پر بہت بُرا اثر پڑتا ہے۔—‏2-‏پطرس 2:‏19‏۔‏

فحش مواد دیکھنے سے ازدواجی زندگی پر کیا اثر ہوتا ہے؟‏

ماہرین کا کہنا:‏ ”‏فحش مواد دیکھنے کی وجہ سے اکثر شادیاں اور خاندان ٹوٹ جاتے ہیں۔“‏—‏کتاب فحاشی کا پھندا۔‏ (‏یہ کتاب انگریزی میں دستیاب ہے۔)‏

فحش مواد سے ازدواجی زندگی پر بہت بُرا اثر پڑتا ہے کیونکہ یہ .‏ .‏ .‏

  • میاں‌بیوی کے درمیان بھروسے، محبت اور جنسی کشش کو تباہ کر دیتا ہے۔—‏امثال 2:‏12-‏17‏۔‏

  • خودغرضی کو ہوا دیتا ہے اور میاں‌بیوی کے رشتے میں دراڑ ڈالتا ہے۔—‏افسیوں 5:‏28، 29‏۔‏

  • جنسی ہوس اور شہوت کو بڑھاتا ہے۔—‏2-‏پطرس 2:‏14‏۔‏

  • بے‌ہودہ جنسی حرکتیں کرنے کی خواہش پیدا کرتا ہے۔—‏افسیوں 5:‏3، 4‏۔‏

  • بے‌وفائی کو ہوا دیتا ہے—‏متی 5:‏28‏۔‏

پاک کلام میں میاں‌بیوی سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ ’‏بے‌وفائی نہ کریں۔‘‏ (‏ملاکی 2:‏16)‏ جب ایک شخص اپنے جیون‌ساتھی کے ساتھ بے‌وفائی کرتا ہے تو اِس سے بات علیٰحدگی یا طلاق تک پہنچ سکتی ہے۔ اِس کے نتیجے میں اُن کے بچوں کی زندگی پر بھی بہت بُرا اثر پڑتا ہے۔‏

فحش مواد نہ صرف بڑوں پر بلکہ بچوں پر بھی بہت گہرا اثر ڈالتا ہے۔ برائن جن کا اِس مضمون میں پہلے ذکر کِیا گیا ہے، اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جب مَیں تقریباً دس سال کا تھا تو ایک دن چھپن چھپائی کھیلتے وقت اچانک مَیں نے گندی تصویروں والے رسالے دیکھے جو میرے ابو کے تھے۔ اِس کے بعد مَیں اکثر چھپ چھپ کر اِن رسالوں کو دیکھا کرتا تھا حالانکہ اُس وقت مجھے یہ نہیں پتہ تھا کہ مَیں اِن تصویروں کی طرف کیوں کھنچا چلا جا رہا ہوں۔ مَیں فحش مواد کو دیکھنے کی گندی عادت میں پڑ گیا اور مَیں بڑا ہو کر بھی کافی عرصے تک اِسے چھوڑ نہیں پایا۔“‏ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جو لوگ چھوٹی عمر سے فحش مواد دیکھنے لگتے ہیں، عموماً وہ نوجوان ہونے سے پہلے ہی جنسی تعلقات قائم کرنا شروع کر دیتے ہیں؛ فرق‌فرق لوگوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرتے ہیں؛ جنسی تعلقات کے دوران بے‌رحمی سے پیش آتے ہیں اور جذباتی اور نفسیاتی مسائل کا شکار رہتے ہیں۔‏

خلاصہ:‏ فحش مواد کی وجہ سے قریبی رشتوں میں دراڑ پڑ جاتی ہے اور یہ گھر والوں کے لئے بہت ہی دُکھ اور تکلیف کا باعث بنتا ہے۔—‏امثال 6:‏27‏۔‏

خدا فحش مواد کو کیسا خیال کرتا ہے؟‏

پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏تُم اپنی نفسانی خواہشوں کو مٹا دو یعنی حرامکاری، ناپاکی، شہوت‌پرستی، بُری خواہش اور لالچ کو جو بُت‌پرستی کے برابر ہے۔“‏—‏کلسیوں 3:‏5‏، نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

یہوواہ خداcکو فحش مواد سے نفرت ہے۔ اِس کی وجہ یہ نہیں کہ یہوواہ خدا جنسی تعلقات کو بُرا خیال کرتا ہے۔ اُسی نے اِنسانوں کو جنسی تعلقات قائم کرنے کی صلاحیت کے ساتھ پیدا کِیا ہے تاکہ شوہر اور بیوی کو اِس سے خوشی ملے، وہ ایک دوسرے کے قریب آئیں اور اولاد پیدا کر سکیں۔—‏یعقوب 1:‏17‏۔‏

لیکن پھر ہم یہ کیوں کہہ سکتے ہیں کہ یہوواہ خدا فحش مواد سے اِتنی گھن کھاتا ہے؟ آئیں، اِس کی چند وجوہات پر غور کریں:‏

  • یہوواہ خدا جانتا ہے کہ فحش مواد کی وجہ سے لوگوں کی زندگیاں برباد ہو سکتی ہیں۔—‏افسیوں 4:‏17-‏19‏۔‏

  • وہ ہم سے پیار کرتا ہے اور یہ نہیں چاہتا کہ ہمیں کسی بھی قسم کا نقصان ہو۔—‏یسعیاہ 48:‏17، 18‏۔‏

  • یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ ازدواجی بندھن اور خاندانوں میں دراڑ نہ پڑے۔—‏متی 19:‏4-‏6‏۔‏

  • وہ چاہتا ہے کہ ہم گندے کاموں سے دُور رہیں اور دوسروں کا لحاظ رکھیں۔—‏1-‏تھسلنیکیوں 4:‏3-‏6‏۔‏

  • وہ چاہتا ہے کہ ہم جنسی تعلقات قائم کرنے کی صلاحیت کا غلط اِستعمال نہ کریں۔—‏عبرانیوں 13:‏4‏۔‏

  • یہوواہ خدا جانتا ہے کہ شیطان فحش مواد کے ذریعے اِنسانوں میں جنسی تعلقات کے بارے میں غلط سوچ پیدا کرتا ہے۔—‏پیدایش 6:‏2؛‏ یہوداہ 6، 7‏۔‏

خلاصہ:‏ فحش مواد دیکھنے سے ایک شخص خدا کی قربت سے محروم ہو جاتا ہے۔—‏رومیوں 1:‏24‏۔‏

یہوواہ خدا کو اُن لوگوں سے ہمدردی ہے جو فحش‌نگاری کے چنگل سے آزاد ہونا چاہتے ہیں۔ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ رحیم اور کریم ہے۔ قہر کرنے میں دھیما اور شفقت میں غنی۔ وہ ہماری سرِشت سے واقف ہے۔ اُسے یاد ہے کہ ہم خاک ہیں۔“‏ (‏زبور 103:‏8،‏ 14‏)‏ خدا چاہتا ہے کہ لوگ اُس کی طرف رُجوع کریں تاکہ ’‏اُن پر رحم ہو اور اُنہیں وہ فضل حاصل ہو جو ضرورت کے وقت اُن کی مدد کرے۔‘‏—‏عبرانیوں 4:‏16‏؛ بکس ”‏فحش‌نگاری سے چھٹکارا پانا ممکن ہے“‏ کو دیکھیں۔‏

بہت سے لوگوں نے مدد حاصل کرنے کے لئے خدا کی طرف رُجوع کِیا اور اِس کے نتیجے میں وہ فحش مواد کی گِرفت سے آزاد ہو گئے۔ غور کریں کہ پاک کلام میں اُن لوگوں سے کیا کہا گیا ہے جنہوں نے خدا کی مدد سے بُری عادتوں کو چھوڑ دیا:‏ ”‏تُم .‏ .‏ .‏ ہمارے خدا کے روح سے دُھل گئے اور پاک ہوئے اور راست‌باز بھی ٹھہرے۔“‏ (‏1-‏کرنتھیوں 6:‏11‏)‏ خدا کے ایک خادم پولسُ کی طرح یہ لوگ بھی کہہ سکتے ہیں کہ ’‏خدا مجھے جو طاقت بخشتا ہے، اُس میں مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں۔‘‏—‏فلپیوں 4:‏13‏۔‏

سنبل جن کا اِس مضمون میں پہلے ذکر کِیا گیا ہے، اُنہوں نے فحش مواد دیکھنے کی عادت پر قابو پا لیا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏صرف یہوواہ خدا ہی آپ کی مدد کر سکتا ہے تاکہ آپ فحش مواد کے پھندے سے آزاد ہو سکیں۔ اگر آپ اُس سے مدد اور رہنمائی مانگیں گے تو آپ کا ضمیر صاف ہو جائے گا۔ یہوواہ خدا کبھی بھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔“‏

فحش‌نگاری سے چھٹکارا پانا ممکن ہے

کیا آپ کسی ایسے شخص کو جانتے ہیں جو فحش مواد کو دیکھنے کی عادت پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے؟ نیچے کچھ ایسی باتیں بتائی گئی ہیں جن پر عمل کرکے بہت سے لوگوں نے فحش مواد کو دیکھنے کی عادت پر قابو پا لیا ہے۔‏

1.‏ خدا سے دُعا کرنا

‏”‏فحش مواد کے پھندے سے نکلنے کے لئے خدا سے مدد مانگنا سب سے ضروری ہے۔“‏—‏فرینک۔‏

جب ایک شخص خدا سے مدد مانگتا ہے تو خدا اُس کو طاقت دیتا ہے تاکہ وہ فحش‌نگاری کو چھوڑنے کے اِرادے پر قائم رہے اور اِس سے بچنے کی پوری کوشش کرے۔ (‏فلپیوں 2:‏13‏)‏ اگر ایک شخص خدا کی مدد قبول کرتا ہے تو وہ اپنی بُری ”‏رغبتوں اور خواہشوں“‏ پر غالب آ سکتا ہے۔—‏گلتیوں 5:‏16،‏ 24‏۔‏

2.‏ دوسروں سے مدد حاصل کرنا

‏”‏چونکہ لوگ فحش‌نگاری کو بہت بُرا خیال کرتے ہیں اِس لئے جو شخص اِس عادت میں پڑا ہوتا ہے اور اِسے چھوڑنا چاہتا ہے، اُسے دوسروں سے مدد مانگتے شرم آتی ہے۔ شاید وہ سوچے کہ وہ خود ہی اِس عادت پر قابو پا لے گا لیکن ایسا ممکن نہیں ہے۔ اِس لئے مَیں نے اپنی اَنا کو ایک طرف رکھا اور اپنی بیوی کو اِس عادت کے بارے میں بتایا۔ مَیں نے اپنے ایک قریبی دوست سے بھی اِس بارے میں بات کی۔ میرے لئے یہ نہایت مشکل تھا لیکن ایسا کرنے سے مَیں اِس عادت پر قابو پانے کے قابل ہو گیا۔“‏—‏آنند۔‏

سچ ہے کہ ایک شخص کے لئے دوسروں کو یہ بتانا آسان نہیں ہوتا کہ وہ فحش‌نگاری کی عادت میں پڑا ہوا ہے۔ لیکن اگر وہ اِس عادت پر قابو پانا چاہتا ہے اور دوبارہ سے اپنے گھر والوں کے قریب آنا چاہتا ہے تو ایسا کرنا لازمی ہے۔ سنبل جن کا اِس مضمون میں پہلے ذکر ہوا ہے، اُنہوں نے بھی اپنی عادت پر قابو پانے کے لئے کسی سے مدد مانگی۔ اِس سلسلے میں اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ایسا کرنے کے بعد مجھے لگا جیسے میرے سر سے بہت بڑا بوجھ اُتر گیا ہو۔ حالانکہ میرے لئے ایسا کرنا بہت مشکل تھا لیکن اِس سے میرا ضمیر صاف ہو گیا اور مجھے دلی سکون ملا۔“‏—‏یعقوب 5:‏16‏۔‏

3.‏ اُن باتوں سے بچنا جن کی وجہ سے فحاشی دیکھنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے

کون‌سی صورتحال، کون‌سے خیالات یا جذبات ایک شخص کو فحش مواد دیکھنے کی طرف مائل کرتے ہیں؟ شاید جب وہ اِنٹرنیٹ اِستعمال کرتا ہے، رات گئے ٹی‌وی دیکھتا ہے، کسی رسالے کو پڑھتا ہے یا سمندر پر جاتا ہے۔ یا شاید بھوک، غصے، تنہائی یا تھکاوٹ کی حالت میں اُس کے دل میں فحش مواد کو دیکھنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔ اِس سلسلے میں سلیم نے کہا:‏ ”‏ایک شخص کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ کون‌سی چیزیں اُس کو فحاشی دیکھنے کی طرف مائل کرتی ہیں اور پھر اُسے اِن کو ایک آفت کی طرح خیال کرنا چاہئے اور اِن سے دُور بھاگنا چاہئے۔“‏ غور کریں کہ یسوع مسیح نے کہا تھا:‏ ”‏اگر تیری دہنی آنکھ تجھے ٹھوکر کھلائے تو اُسے نکال کر اپنے پاس سے پھینک دے۔“‏—‏متی 5:‏29‏۔‏

فرینک نے کہا:‏ ”‏جب میں کسی عورت کو بُری نظر سے دیکھنے کی طرف مائل ہوتا ہوں تو مَیں فوراً یہوواہ خدا سے دُعا کرتا ہوں اور اپنی آنکھیں دوسری طرف کر لیتا ہوں۔“‏ پاک کلام میں خدا کے بندے ایوب نے کہا کہ ”‏مَیں نے اپنی آنکھوں سے عہد کِیا کہ کسی لڑکی کو بُری نگاہ سے نہ دیکھوں گا۔“‏—‏ایوب 31:‏1‏، نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

4.‏ خدا کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کرنا

فرینک نے یہ بھی کہا:‏ ”‏اپنے دل‌ودماغ کو اچھے خیالات سے بھریں اور ایسے کام کرتے رہیں جن سے آپ خدا کی قربت میں آ سکتے ہیں۔“‏

پاک کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏جتنی باتیں سچ ہیں اور جتنی باتیں شرافت کی ہیں اور جتنی باتیں واجب ہیں اور جتنی باتیں پاک ہیں اور جتنی باتیں پسندیدہ ہیں اور جتنی باتیں دلکش ہیں غرض جو نیکی اور تعریف کی باتیں ہیں اُن پر غور کِیا کرو۔ [‏یوں]‏ خدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے تمہارے ساتھ رہے گا۔“‏—‏فلپیوں 4:‏8، 9‏۔‏

a فحش مواد سے مُراد ایسا مواد ہے جس سے ایک شخص میں جنسی خواہشات بیدار ہو سکتی ہیں۔ اِس میں نہ صرف تصویریں اور ویڈیوز شامل ہیں بلکہ ایسا مواد بھی جو پڑھا یا سنا جاتا ہے۔‏

b اِس مضمون میں فرضی نام اِستعمال کئے گئے ہیں۔‏

c یہوواہ پاک کلام کے مطابق خدا کا ذاتی نام ہے۔‏

فحش مواد کے بارے میں چند حقائق

ہر سیکنڈ تقریباً 30 ہزار لوگ فحش ویب‌سائٹس کو دیکھتے ہیں۔‏

ہر منٹ تقریباً 17 لاکھ سے زیادہ فحش ای‌میلز بھیجی جاتی ہیں۔‏

ہر گھنٹے ریاستہائے متحدہ امریکہ میں تقریباً دو فحش فلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔‏

ہر دن ریاستہائے متحدہ امریکہ میں تقریباً 20 لاکھ فحش فلمیں کرائے پر لی جاتی ہیں۔‏

ہر مہینے ریاستہائے متحدہ امریکہ میں تقریباً ہر 10 میں سے 9 لڑکے اور 10 میں سے 3 لڑکیاں فحش مواد دیکھتی ہیں۔‏

ہر سال فحش مواد تیار کرنے والی کمپنیاں تقریباً ایک کھرب امریکی ڈالر [‏تقریباً 98 کھرب 48 ارب 50 کروڑ روپے]‏ کماتی ہیں۔‏

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں