ہم ایمان رکھنے والے ہیں
اٹلی میں تسلی کا پیغام پیش کرنا
یہوواہ ”ہر طرح کی تسلی کا خدا ہے۔“ اُس کی نقل کرتے ہوئے اُسکے خادم بھی یہ کوشش کرتے ہیں کہ ”اُنکو بھی تسلی دے سکیں جو کسی طرح کی مصیبت میں ہیں۔“ (۲-کرنتھیوں ۱:۳، ۴؛ افسیوں ۵:۱) یہوواہ کے گواہوں کے مُنادی کے کام کا بنیادی مقصد یہی ہے۔
ایک حاجتمند خاتون کی مدد کرنا
حالیہ برسوں میں غربت، جنگ اور خوشحال زندگی کی خواہش نے متعدد اشخاص کو زیادہ متموّل ممالک میں نقلمکانی کی تحریک دی ہے۔ لیکن نئے ماحول سے مطابقت پیدا کرنا آسان نہیں ہوتا۔ مینولا ساتھی البانیوں کیساتھ بورگومنرو میں رہتی تھی۔ اٹلی میں غیرقانونی طور پر رہنے کی وجہ سے اُس نے ایک یہوواہ کی گواہ، وینڈا سے باتچیت کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس کی۔ آخرکار، وینڈا، مینولا کیساتھ واپسی ملاقات کا بندوبست کرنے میں کامیاب ہو گئی جس نے جلد ہی فرق زبان کی مشکل کے باوجود خدا کے کلام کا مطالعہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ تاہم، چند ملاقاتوں کے بعد وینڈا کو کوئی بھی گھر پر نہیں ملتا تھا۔ کیا واقع ہوا تھا؟ وینڈا کو پتا چلا کہ مینولا کا بوائے فرینڈ قتل کے جُرم میں مطلوب تھا جسکی وجہ سے اس گھر میں رہنے والے تمام افراد فرار ہو چکے تھے!
اچانک چار ماہ بعد وینڈا کی مینولا سے پھر ملاقات ہوئی۔ وینڈا بیان کرتی ہے کہ ”اُسکی خستہحالی سے ظاہر تھا کہ اُس پر بڑی مصیبتیں گزری ہونگی۔“ مینولا نے اُسے بتایا کہ اُس کا بوائے فرینڈ جیل میں ہے اور جن دوستوں سے اُسے مدد کی توقع تھی اُنہوں نے بھی اُسے سخت مایوس کِیا ہے۔ لاچاری کی حالت میں اُس نے خدا سے دُعا مانگی۔ تب اُسے وینڈا کا خیال آیا جس نے اُسے بائبل مطالعہ کرایا تھا۔ وینڈا اس ملاقات سے کتنی خوش ہوئی!
بائبل مطالعہ پھر سے شروع ہو گیا اور جلد مینولا مسیحی اجلاسوں پر حاضر ہونے لگی۔ وہ قانونی طور پر اٹلی کی شہریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ ایک سال بعد، مینولا بپتسمہیافتہ گواہ بن گئی۔ اِلہٰی وعدوں سے تسلی پا کر وہ اپنے ہموطنوں کو بائبل کا تسلیبخش پیغام سنانے کیلئے البانیہ چلی گئی ہے۔
پناہگزینوں کے کیمپ میں گواہی دینا
اٹلی کی کئی کلیسیاؤں نے مینولا جیسے پناہگزینوں کو گواہی دینے کا بندوبست کِیا ہے۔ مثال کے طور پر فلورنس کی ایک کلیسیا نے باقاعدگی سے پناہگزین کیمپ میں جانے کا بندوبست بنایا۔ کیمپ میں رہنے والے—جن میں سے بیشتر مشرقی یورپ، مکدنیہ اور کوسوو سے آئے تھے—مختلف مشکلات کا تجربہ کر رہے تھے۔ ان میں سے چند منشیات اور شراب کے عادی ہو چکے تھے۔ بہتیرے چھوٹی چھوٹی چوریاں کرکے اپنا پیٹ پالتے تھے۔
اس علاقے میں مُنادی کرنا ایک چیلنج تھا۔ تاہم، پاؤلا نام کی کُلوقتی خادمہ نے مکدنیہ کی ایک خاتون جیکلینا سے رابطہ کِیا۔ کچھ ملاقاتوں کے بعد جیکلینا نے بائبل کا جائزہ لینے کیلئے اپنی سہیلی سوزانا کی بھی حوصلہافزائی کی۔ سوزانا نے ان باتوں کے متعلق اپنے دوسرے رشتےداروں سے گفتگو کی۔ بہت جلد اُس خاندان کے پانچ افراد نے باقاعدگی سے بائبل مطالعہ کرنا، اجلاسوں پر حاضر ہونا اور سیکھی ہوئی باتوں پر عمل کرنا شروع کر دیا۔ مشکلات کے باوجود وہ یہوواہ اور اُسکے کلام سے تسلی حاصل کرتے ہیں۔
ایک راہبہ یہوواہ سے تسلی حاصل کرتی ہے
فورمیہ کے قصبے میں کُلوقتی خادمہ اسنٹا نے ایک راہگیر خاتون سے گفتگو کی جو کچھ مشکل سے چل رہی تھی۔ وہ خاتون ایک راہبہ تھی اور اس کا تعلق ایک ایسی مذہبی تنظیم سے تھا جو ہسپتالوں اور نجی گھروں میں بیماروں اور معذوروں کی مدد کرتی تھی۔
اسنٹا نے راہبہ سے کہا: ”کیا آپ بھی تکلیف میں مبتلا ہیں؟ افسوس کہ ہم سب کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔“ یہ سنکر وہ راہبہ رو پڑی اور کہنے لگی کہ وہ صحت کے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ اسنٹا نے اُسکی حوصلہافزائی کرتے ہوئے کہا کہ بائبل کا خدا اُسے تسلی دے سکتا ہے۔ اس نے اسنٹا کے پیشکردہ بائبل پر مبنی رسالے قبول کر لے۔
اگلی باتچیت کے دوران پلمیرا نامی اُس راہبہ نے تسلیم کِیا کہ وہ سخت تکلیف میں مبتلا ہے۔ اُس نے ایک ایسے ادارے میں طویل عرصہ گزارا تھا جسے راہبائیں چلاتی تھیں۔ صحت کے مسائل کی وجہ سے اُس نے عارضی طور پر وہ ادارہ چھوڑ دیا مگر اُسے دوبارہ واپسی کی اجازت نہیں ملی۔ اسکے باوجود پلمیرا نے ایک راہبہ کے طور پر خدا سے کئے گئے وعدوں کی پابندی کی۔ اُس نے ”علاج“ کیلئے شفا دینے والوں سے رجوع کِیا مگر اس تجربے سے اسے شدید صدمہ پہنچا۔ پلمیرا بائبل مطالعہ کیلئے راضی ہو گئی اور ایک سال تک مسیحی اجلاسوں پر حاضر ہوتی رہی۔ مگر پھر وہ کسی دوسرے علاقہ میں چلی گئی اور گواہ اس سے رابطہ نہ رکھ سکے۔ دو سال کے بعد اسنٹا اسے دوبارہ ملی۔ پلمیرا کو اپنے خاندان اور مذہبی پیشواؤں کی طرف سے سخت مخالفت کا تجربہ ہوا۔ تاہم، اس نے بائبل مطالعہ دوبارہ شروع کر دیا، روحانی ترقی کی اور بپتسمہ کے بعد یہوواہ کی گواہ بن گئی۔
جیہاں، ’خدا جو تسلی بخشتا ہے‘ اُسکے پیغام سے بہتیرے حوصلہافزائی حاصل کرتے ہیں۔ (رومیوں ۱۵:۴، ۵) تاہم، اٹلی میں یہوواہ کے گواہ خدا کی نقل کرتے ہوئے اسکے شاندار تسلیبخش پیغام کو دوسروں تک پہنچانے کیلئے پُرعزم ہیں۔