یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م99 1/‏9 ص.‏ 4-‏7
  • کیا ابلیس ہمیں بیمار کرتا ہے؟‏

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • کیا ابلیس ہمیں بیمار کرتا ہے؟‏
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • شیطان کا کردار
  • شیطان کیسے کام کرتا ہے؟‏
  • بیماری کی مختلف وجوہات
  • دیرپا حل
  • بیماری کا راز
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • جب خاندان کا کوئی فرد بیمار ہے
    خاندانی خوشی کا راز
  • ایوب کی وفاداری
    پاک کلام کی سچی کہانیاں
  • اپنے چال‌چلن سے خدا کی خوشنودی حاصل کریں
    پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
م99 1/‏9 ص.‏ 4-‏7

کیا ابلیس ہمیں بیمار کرتا ہے؟‏

بیماری کا کبھی وجود ہی نہیں ہونا تھا۔ خدا نے تو ہمیں کامل صحت میں ہمیشہ زندہ رہنے کیلئے خلق کِیا تھا۔ روحانی مخلوق، شیطان، ہمارے پہلے والدین، آدم اور حوا سے گناہ میں پڑنے کا سبب بننے سے انسانی خاندان کی تکلیف بیماری، درد اور موت کا مؤجب بنا۔—‏پیدایش ۳:‏۱-‏۵،‏ ۱۷-‏۱۹؛‏ رومیوں ۵:‏۱۲‏۔‏

کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ تمام بیماریاں روحوں کے عالم سے مداخلت کا براہِ‌راست نتیجہ ہیں؟ جیساکہ پچھلے مضمون سے دیکھا گیا ہے کہ آجکل بہتیرے ایسا ہی سوچتے ہیں۔ ننھی اوماجی کی دادی ایسا سوچتی تھی۔ لیکن کیا اوماجی کے اسہال—‏بعض‌اوقات منطقۂ‌حارہ میں ایک مُہلک بیماری—‏کا سبب واقعی نادیدہ روحیں تھیں؟‏

شیطان کا کردار

بائبل اس سوال کا جواب بڑی وضاحت سے دیتی ہے۔ سب سے پہلے تو یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہمارے آباؤاجداد کی روحیں زندہ لوگوں پر اثرانداز نہیں ہو سکتیں۔ جب لوگ مر جاتے ہیں تو وہ ”‏کچھ بھی نہیں جانتے۔“‏ موت کے بعد انکی روحیں زندہ نہیں رہتیں۔ وہ قبر میں سوتے ہیں، جہاں ”‏نہ کام ہے نہ منصوبہ۔ نہ علم نہ حکمت۔“‏ (‏واعظ ۹:‏۵،‏ ۱۰‏)‏ مُردے کسی بھی طرح سے زندہ لوگوں کو بیمار نہیں کر سکتے!‏

تاہم، بائبل آشکارا کرتی ہے کہ بدروحیں واقعی وجود رکھتی ہیں۔ اس ساری کائنات کا پہلا باغی روحانی مخلوق، اب شیطان کے طور پر مشہور ہے۔ دیگر روحانی مخلوق بھی اس کے ساتھ مل گئے اور شیاطین کہلائے۔ کیا شیطان اور شیاطین بیمار کر سکتے ہیں؟ ایسا ہؤا ہے۔ یسوع کے بعض شفائیہ معجزوں میں بدروحوں کو نکالنا شامل تھا۔ (‏لوقا ۹:‏۳۷-‏۴۳؛‏ ۱۳:‏۱۰-‏۱۶‏)‏ تاہم، یسوع کی بیشتر شفائیں ایسی بیماریاں تھیں جن کا سبب براہِ‌راست شیاطین نہیں تھے۔ (‏متی ۱۲:‏۱۵؛‏ ۱۴:‏۱۴؛‏ ۱۹:‏۲‏)‏ اسی طرح آجکل، بالعموم، بیماری مافوق‌الفطرت کی بجائے قدرتی اسباب کا نتیجہ ہوتی ہے۔‏

جادوگری کی بابت کیا ہے؟ امثال ۱۸:‏۱۰ ہمیں یقین‌دہانی کراتی ہے:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ کا نام محکم برج ہے۔ صادق اُس میں بھاگ جاتا ہے اور امن میں رہتا ہے۔“‏ یعقوب ۴:‏۷ بیان کرتی ہے:‏ ”‏ابلیس کا مقابلہ کرو تو وہ تم سے بھاگ جائیگا۔“‏ جی‌ہاں، خدا اپنے وفادار بندوں کو جادوٹونے اور دیگر پُراسرار طاقتوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ یسوع کے الفاظ کا ایک مفہوم یہ ہے:‏ ”‏سچائی تم کو آزاد کریگی۔“‏—‏یوحنا ۸:‏۳۲‏۔‏

‏’‏ایوب کی بابت کیا ہے؟‘‏ بعض شاید پوچھیں۔ ’‏کیا اُسے بیمار کرنے والی بدروح نہیں تھی؟‘‏ جی‌ہاں، بائبل کہتی ہے کہ ایوب کی بیماری کا سبب شیطان تھا۔ لیکن ایوب کا معاملہ غیرمعمولی تھا۔ ایوب کو کافی عرصہ تک براہِ‌راست شیاطینی حملے سے الہٰی تحفظ حاصل تھا۔ تاہم، شیطان نے یہوواہ کو چیلنج کر دیا کہ وہ ایوب کو ہاتھ لگائے اور بڑے متنازع مسائل کے اُلجھاؤ کی وجہ سے، یہوواہ نے اس واحد معاملے میں اپنے پرستار سے جزوی طور پر اپنا تحفظ ہٹا لیا۔‏

تاہم، خدا حدبندیاں رکھتا ہے۔ جب اس نے شیطان کو ایوب کو تکلیف پہنچانے کی اجازت دیدی تو شیطان ایوب کو کچھ وقت کیلئے بیمار کر سکتا تھا مگر اسے ہلاک نہیں کر سکتا تھا۔ (‏ایوب ۲:‏۵، ۶‏)‏ بالآخر ایوب کی تکلیف ختم ہو گئی اور یہوواہ نے اسے اس کی راستی کا کثرت سے اجر دیا۔ (‏ایوب ۴۲:‏۱۰-‏۱۷‏)‏ ایوب کی راستی سے ثابت کئے گئے اصول بہت دیر سے بائبل میں درج ہیں اور سب کیلئے واضح ہیں۔ ایسے کسی اَور آزمائشی معاملے کی ضرورت نہیں ہے۔‏

شیطان کیسے کام کرتا ہے؟‏

یہ حقیقت تقریباً ہر معاملے میں، شیطان اور انسانی بیماری کے درمیان واحد تعلق کے طور پر پائی جاتی ہے کہ شیطان نے پہلے انسانی جوڑے کو آزمایا اور وہ گناہ میں پڑ گئے۔ وہ اور اسکے شیاطین ہر ایک روگ کا براہِ‌راست سبب نہیں ہیں۔ تاہم، شیطان اتنا بھی بالاتر نہیں ہے کہ غیردانشمندانہ فیصلے کرنے اور ایمان پر سمجھوتہ کرنے کیلئے ہم پر اثر ڈالنے کی کوشش کرے جو ہماری صحت کو نقصان پہنچانے پر منتج ہو۔ وہ آدم اور حوا پر جادوٹونے، قتل یا بیماری کیساتھ مصیبت نہیں لایا تھا۔ اس نے خدا کی نافرمانی کرنے کیلئے حوا کو قائل کِیا تھا اور آدم نے اس کی نافرمان روش میں اس کا ساتھ دیا۔ بیماری اور موت نتیجے کا حصہ تھے۔—‏رومیوں ۵:‏۱۹‏۔‏

موآب کے بادشاہ نے موآب کی سرحدوں پر خیمہ‌زن اسرائیل کی اُمت پر لعنت کرنے کیلئے بلعام نامی ایک بے‌وفا نبی کو ایک مرتبہ اُجرت پر بلا‌یا جو انکے لئے امکانی خطرہ تھے۔ بلعام نے اسرائیل پر لعنت کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا کیونکہ اُمت کو یہوواہ کا تحفظ حاصل تھا۔ اس کے بعد موآبیوں نے بت‌پرستی اور جنسی بداخلاقی کرنے کیلئے اسرائیل کو ورغلانے کی کوشش کی۔ یہ چال کامیاب ہوئی اور اسرائیلی یہوواہ کا تحفظ کھو بیٹھے۔—‏گنتی ۲۲:‏۵، ۶، ۱۲، ۳۵؛ ۲۴:‏۱۰؛ ۲۵:‏۱-‏۹؛‏ مکاشفہ ۲:‏۱۴‏۔‏

ہم اس قدیم واقعہ سے ایک اہم سبق سیکھ سکتے ہیں۔ الہٰی مدد خدا کے وفادار پرستاروں کو بدروحوں کے براہِ‌راست حملے سے تحفظ دیتی ہے۔ تاہم، شیطان کوشش کر سکتا ہے کہ لوگ اپنے ایمان پر مصالحت کر لیں۔ وہ انہیں بداخلاقی کیلئے ورغلا سکتا ہے۔ یا شاید وہ گرجنے والے شیرببر کی مانند، اس طریقے سے ان سے عمل کرانے کی خاطر اُنہیں ڈرانے کی کوشش کرے جو ان سے خدا کا تحفظ چھین لے۔ (‏۱-‏پطرس ۵:‏۸‏)‏ اسی وجہ سے پولس رسول شیطان کی بابت بیان کرتا ہے کہ اُسے ”‏موت پر قدرت حاصل“‏ ہے۔—‏عبرانیوں ۲:‏۱۴‏۔‏

اوماجی کی دادی نے ہاوا کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ بیماری کے خلاف تحفظ کیلئے تعویذ گنڈے استعمال کرے۔ اگر ہاوا ایسا کرتی تو کیا واقع ہو سکتا تھا؟ اس نے یہوواہ خدا پر مکمل اعتماد کی کمی ظاہر کی ہوتی اور اسے اسکے تحفظ پر پھر کبھی اعتماد نہ رہا ہوتا۔—‏خروج ۲۰:‏۵؛‏ متی ۴:‏۱۰؛‏ ۱-‏کرنتھیوں ۱۰:‏۲۱‏۔‏

شیطان نے ایوب کو بھی قائل کرنے کی کوشش کی۔ اس سے اُس کا خاندان، اُس کی دولت اور اُس کی صحت چھین لینا کافی نہیں تھا۔ ایوب کی بیوی نے بھی اسے یہ کہتے ہوئے بہت ہی بُری مشورت دی:‏ ”‏خدا کی تکفیر کر اور مر جا“‏!‏ (‏ایوب ۲:‏۹‏)‏ اس کے بعد اس کے تین ”‏دوستوں“‏ نے اس سے ملاقات کی جنہوں نے اسے قائل کرنے کی متحدہ کوشش کی کہ اس کی بیماری کا الزام اسے ہی دیا جائے۔ (‏ایوب ۱۹:‏۱-‏۳‏)‏ اس طرح سے شیطان نے ایوب کی کمزور حالت سے فائدہ اُٹھانے کی کوشش کی کہ اسے بے‌حوصلہ کرے اور یہوواہ کی راستبازی پر اس کے اعتماد کو ڈانوانڈول کر دے۔ تاہم، ایوب نے یہوواہ پر اپنی واحد اُمید کے طور پر توکل برقرار رکھا۔—‏مقابلہ کریں زبور ۵۵:‏۲۲‏۔‏

بیماری کی حالت میں ہم بھی افسردہ ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں، شیطان ہم سے جلد ہی کوئی ایسا کام کرانے کی کوشش کرتا ہے کہ ہم اپنے ایمان کے سلسلے میں مصالحت کر لیں۔ لہٰذا، جب بیماری آ جاتی ہے تو یہ یاد رکھنا نہایت ضروری ہے کہ ہماری تکلیف کی بنیادی وجہ کسی پُراسرار اثر کی بجائے غالباً ہماری موروثی ناکاملیت ہی ہے۔ یاد رکھیں، وفادار اضحاق اپنی موت سے کافی سال پہلے نابینا ہو گیا تھا۔ (‏پیدایش ۲۷:‏۱‏)‏ اس کی وجہ بدروحیں نہیں بلکہ بڑھاپا تھا۔ راخل کی زچگی کے وقت وفات شیطان کی بجائے انسانی کمزوری کے باعث ہوئی تھی۔ (‏پیدایش ۳۵:‏۱۷-‏۱۹‏)‏ انجام‌کار قدیم زمانہ کے تمام وفادار لوگ—‏جادوٹونے یا بددعاؤں کی وجہ سے نہیں بلکہ موروثی ناکاملیت کی وجہ سے مر گئے تھے۔‏

یہ تصور کرنا ایک پھندا ہے کہ نادیدہ روحیں ہم پر آنے والی ہر بیماری پر براہِ‌راست اثر رکھتی ہیں۔ اس سے روحوں کا ناخوشگوار خوف حاوی ہو سکتا ہے۔ علاوہ‌ازیں، جب ہم بیمار پڑتے ہیں تو ہم شیاطین سے دُور رہنے کی بجائے انہیں خوش کرنے کی آزمائش میں پڑ سکتے ہیں۔ اگر شیطان ہمیں ارواح‌پرستی کے کاموں میں پڑنے کیلئے ڈرا سکتا ہے تو یہ سچے خدا یہوواہ سے بے‌وفائی ہوگی۔ (‏۲-‏کرنتھیوں ۶:‏۱۵‏)‏ ہمیں خدا کے دشمن کے توہم‌پرستانہ خوف سے متاثر ہونے کی بجائے خدا کا مؤدبانہ خوف رکھنا چاہئے۔—‏مکاشفہ ۱۴:‏۷‏۔‏

ننھی اوماجی کو پہلے ہی بدروحوں کے خلاف بہترین ممکنہ تحفظ حاصل ہے۔ پولس رسول کے مطابق، خدا اسے ”‏پاک“‏ خیال کرتا ہے کیونکہ اسکی ماں باایمان ہے اور اسکی ماں دعا کر سکتی ہے کہ خدا اپنی روح‌القدس کے ذریعے اس کی بیٹی کیساتھ ہو۔ (‏۱-‏کرنتھیوں ۷:‏۱۴‏)‏ ایسے درست علم کی برکت پانے سے، ہاوا تعویذوں پر بھروسا رکھنے کی بجائے اوماجی کیلئے مؤثر علاج کی تلاش کرنے کے قابل ہوئی۔‏

بیماری کی مختلف وجوہات

زیادہ‌تر لوگ روحوں کا یقین نہیں کرتے۔ جب وہ بیمار پڑتے ہیں تو وہ اپنی استطاعت کے مطابق ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں۔ بے‌شک، ایک بیمار شخص ڈاکٹر کے پاس جانے کے باوجود بھی ٹھیک نہ ہو۔ ڈاکٹر معجزے نہیں کر سکتے۔ تاہم بہتیرے توہم‌پرست لوگ جو شفا پا سکتے ہیں وہ ڈاکٹر کے پاس صرف اس وقت جاتے ہیں جب سر سے پانی گزر جاتا ہے۔ وہ پہلے توہم‌پرستانہ شفائیہ طریقۂ‌کار آزماتے ہیں اور جب یہ کام نہیں دیتے تو آخری حل کے طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرتے ہیں۔ بہتیرے غیرضروری طور پر مر جاتے ہیں۔‏

دیگر جہالت کی وجہ سے انجام‌کار موت کا سامنا کرتے ہیں۔ وہ علامات پر غور نہیں کرتے اور نہیں جانتے کہ بیماری کی روک‌تھام کرنے کیلئے انہیں کونسے عملی اقدام اُٹھانے چاہئیں۔ علم غیرضروری تکلیف کی روک‌تھام کرنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ بات قابلِ‌غور ہے کہ اَن‌پڑھ ماؤں کے برعکس پڑھی‌لکھی ماؤں کے بچے کم بیمار پڑتے ہیں۔ جی‌ہاں، جہالت جان‌لیوا ہو سکتی ہے۔‏

غفلت بیماری کا ایک اَور سبب ہے۔ مثال کے طور پر، بہتیرے اس وجہ سے بیمار پڑتے ہیں کیونکہ وہ کھانے پر مکھیوں کو بیٹھنے دیتے ہیں اور اس کے بعد اُسے کھا لیا جاتا ہے یا کھانا پکانے والے پکانے سے پہلے اپنے ہاتھ نہیں دھوتے۔ ملیریے سے متاثرہ علاقوں میں مچھردانی کے بغیر سونا بھی خطرناک ہے۔‏a صحت کے معاملے میں، اکثر یہ بات سچ ہے کہ ”‏پرہیز علاج سے بہتر ہے۔“‏

ایک غیردانشمندانہ طرزِزندگی لاکھوں لوگوں کے بیمار ہونے اور قبل‌ازوقت مر جانے کا سبب بنا ہے۔ شراب‌نوشی، جنسی بداخلاقی، منشیات کا غلط استعمال اور تمباکو کے استعمال نے بہتیرے لوگوں کی صحت برباد کر دی ہے۔ اگر کوئی شخص ان بُری عادات میں پڑنے سے بیمار پڑ جاتا ہے تو کیا یہ اس وجہ سے ہے کہ اس پر کسی نے جادوٹونہ کر دیا ہے یا اس پر ایک روح حملہ‌آور ہوئی ہے؟ ہرگز نہیں۔ وہ خود اپنی بیماری کا ذمہ‌دار ہے۔ روحوں پر الزام لگانا ایک غیردانشمندانہ طرزِزندگی کی ذمہ‌داری قبول کرنے سے انکار ہوگا۔‏

بِلاشُبہ، بعض چیزوں پر ہم قابو نہیں پا سکتے۔ مثال کے طور پر، ہم بیماری پیدا کرنے والے جراثیم یا آلودگی میں غیرمحفوظ ہو سکتے ہیں۔ اوماجی کیساتھ یہی ہؤا ہے۔ اس کی ماں نہیں جانتی تھی کہ کونسی چیز اسہال کا سبب بن رہی ہے۔ اس کے بچے اتنی مرتبہ بیمار نہیں پڑتے جیسے کہ دوسرے بچے پڑتے ہیں کیونکہ وہ اپنا گھر اور صحن صاف رکھتی ہے اور کھانا پکانے سے پہلے وہ ہمیشہ اپنے ہاتھ دھوتی ہے۔ مگر تمام بچے کبھی نہ کبھی بیمار پڑتے ہیں۔ تقریباً ۲۵ مختلف نامیاتی وبائی جراثیم اسہال کا سبب بنتے ہیں۔ غالباً، کوئی بھی شخص کبھی نہیں جان پائے گا کہ کونسے نامیاتی وبائی جراثیم اوماجی کے مسئلے کا سبب تھے۔‏

دیرپا حل

بیماری خدا کا قصور نہیں ہے۔ ”‏کیونکہ نہ تو خدا بدی سے آزمایا جا سکتا ہے اور نہ وہ کسی کو آزماتا ہے۔“‏ (‏یعقوب ۱:‏۱۳‏)‏ اگر اس کا کوئی پرستار بیمار پڑ جاتا ہے تو یہوواہ اسے روحانی طور پر سنبھالتا ہے۔ ”‏[‏یہوواہ]‏ اُسے بیماری کے بستر پر سنبھالیگا۔ تُو اُسکی بیماری میں اُسکے پورے بستر کو ٹھیک کرتا ہے۔“‏ ‏(‏زبور ۴۱:‏۳‏)‏ جی‌ہاں، خدا رحم دکھاتا ہے۔ وہ ہمیں نقصان پہنچانے کی بجائے ہماری مدد کرنا چاہتا ہے۔‏

واقعی، یہوواہ کے پاس بیماری کیلئے دیرپا حل ہے—‏یسوع کی موت اور قیامت۔ یسوع کی فدیہ والی قربانی کے ذریعے راستدل اشخاص اپنی گنہگارانہ حالت سے بازیاب کرائے گئے ہیں اور انجام‌کار فردوسی زمین میں کامل صحت اور ابدی زندگی حاصل کریں گے۔ (‏متی ۵:‏۵؛‏ یوحنا ۳:‏۱۶‏)‏ یسوع کے معجزات اس حقیقی شفا کا پیشگی نظارہ تھے جو خدا کی بادشاہت لائے گی۔ خدا شیطان اور اسکے شیاطین کو بھی ختم کر دیگا۔ (‏رومیوں ۱۶:‏۲۰‏)‏ واقعی، یہوواہ نے اپنے ایماندار بندوں کیلئے حیران‌کُن چیزیں رکھ چھوڑی ہیں۔ ہمیں صرف صبر اور برداشت کرنے کی ضرورت ہے۔‏

اس دوران، خدا بائبل اور وفادار پرستاروں کی عالمگیر برادری کے ذریعے عملی حکمت اور روحانی ہدایت فراہم کرتا ہے۔ وہ ہم پر ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح صحت کی مشکلات کا سبب بننے والی بُری عادات سے گریز کریں۔ نیز وہ ہمیں سچے دوست مہیا کرتا ہے جو مسائل میں ہماری مدد کریں گے۔‏

ایوب کی بابت پھر سوچیں۔ کسی عامل کے پاس جانے سے ایوب نے سب سے بڑی غلطی کی ہوتی!‏ اس چیز نے اسے خدا کے تحفظ سے محروم کر دیا ہوتا اور تمام برکات بھی اُسے حاصل نہ ہوئی ہوتیں جو اس کی کڑی آزمائش کے بعد اس کی منتظر تھیں۔ خدا ایوب کو نہیں بھولا تھا اور وہ ہمیں بھی نہیں بھولے گا۔ یعقوب شاگرد بیان کرتا ہے:‏ ”‏تم نے اؔیوب کے صبر کا حال تو سنا ہی ہے اور [‏یہوواہ]‏ کی طرف سے جو اسکا انجام ہؤا اُسے بھی معلوم کر لیا۔“‏ (‏یعقوب ۵:‏۱۱‏)‏ اگر ہم ہمت نہ ہاریں تو ہم بھی خدا کے مقررہ وقت پر حیران‌کُن برکات حاصل کریں گے۔‏

ننھی اوماجی کیساتھ کیا ہوا؟ اسکی ماں کو مینارِنگہبانی کے ساتھی رسالے جاگو!‏ میں مُنہ کے ذریعے جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے والے علاج کی بابت ایک مضمون یاد تھا۔‏b اس نے اسکی ہدایت پر عمل کِیا اور اوماجی کے پینے کیلئے ایک محلول تیار کِیا۔ اب ننھی لڑکی تندرست اور صحتمند ہے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

a تقریباً نصف ارب اشخاص ملیریا سے متاثر ہیں۔ ہر سال تقریباً بیس لاکھ کے قریب زیادہ‌تر افریقہ کے لوگ اس بیماری سے مر جاتے ہیں۔‏

b جاگو!‏ مارچ ۱۹۸۶، صفحات ۱۸، ۱۹ دیکھیں، ”‏ایک نمکین مشروب جو زندگیاں بچاتا ہے!‏“‏

‏[‏صفحہ 7 پر تصویریں]‏

یہوواہ نے بیماری کے مسئلے کیلئے ایک دائمی حل کا بندوبست کِیا ہؤا ہے

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں