یہوواہ کے گواہوں کی آن لائن لائبریری
یہوواہ کے گواہوں کی
آن لائن لائبریری
اُردو
  • بائبل
  • مطبوعات
  • اِجلاس
  • م99 1/‏7 ص.‏ 13-‏17
  • خاندان کے طور پر باقاعدگی سے خدا کے کلام کا مطالعہ کریں

اِس حصے میں کوئی ویڈیو دستیاب نہیں ہے۔

ہم معذرت خواہ ہیں کہ ویڈیو لوڈ نہیں ہو سکی۔

  • خاندان کے طور پر باقاعدگی سے خدا کے کلام کا مطالعہ کریں
  • مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • ذیلی عنوان
  • ملتا جلتا مواد
  • ذہن میں رکھنے والے نشانے
  • تعلیمی آلات کا دانشمندانہ استعمال
  • مطالعے کو اپنے خاندان کی ضروریات کے مطابق ڈھالیں
  • مستقل‌مزاجی کے اجر
  • خاندان کا شیڈول—‏خاندانی مطالعہ
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۰۵
  • خاندانو، خدا کی کلیسیا کے حصے کے طور پر اُسکی حمد کرو
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
  • خاندان کو روحانی طور پر مضبوط بنانا
    مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏2001ء
  • خاندانوں کے لئے ایک خاص بندوبست
    ہماری بادشاہتی خدمتگزاری ۲۰۱۱
مزید
مینارِنگہبانی یہوواہ کی بادشاہت کا اعلان کر رہا ہے—‏1999ء
م99 1/‏7 ص.‏ 13-‏17

خاندان کے طور پر باقاعدگی سے خدا کے کلام کا مطالعہ کریں

‏”‏آدمی صرف روٹی ہی سے جیتا نہ رہیگا بلکہ ہر بات سے جو خدا کے مُنہ سے نکلتی ہے۔“‏—‏متی ۴:‏۴‏۔‏

۱.‏ اپنے بچوں کو یہوواہ کی راہوں کی تعلیم دینے کے سلسلے میں خاندان کے سرداروں کی ذمہ‌داری کی بابت بائبل کیا کہتی ہے؟‏

یہوواہ خدا نے خاندان کے سرداروں کو بارہا یاددہانیاں کرائیں کہ اپنے بچوں کو تعلیم دینا اُن کی ذمہ‌داری ہے۔ ایسی تعلیم‌وتربیت بچوں کو موجودہ زندگی کے لئے لیس کرے گی اور آنے والی زندگی کے لئے بھی اُنہیں تیار کرنے میں مدد کرے گی۔ خدا کی نمائندگی کرنے والے ایک فرشتے نے ابرہام پر اس ذمہ‌داری کو واضح کِیا کہ اپنے گھرانے کو تعلیم دے تاکہ وہ ”‏خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ کی راہ میں قائم“‏ رہیں۔ (‏پیدایش ۱۸:‏۱۹‏)‏ اسرائیلی والدین کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو سکھائیں کہ خدا نے کیسے اسرائیل کو مصر سے چھڑایا تھا اور اُس نے حورب میں کوہِ‌سینا پر اپنی شریعت اُنہیں کیسے دی تھی۔ (‏خروج ۱۳:‏۸، ۹؛ استثنا ۴:‏۹، ۱۰؛ ۱۱:‏۱۸-‏۲۱)‏ مسیحی خاندان کے سرداروں کو نصیحت کی گئی ہے کہ وہ ”‏خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ کی طرف سے تربیت اور نصیحت دے دے کر“‏ اپنے بچوں کی پرورش کریں۔ (‏افسیوں ۶:‏۴‏)‏ اگر والدین میں سے کوئی ایک ہی یہوواہ کی خدمت کرتا ہے تو اُسے ہی بچوں کو یہوواہ کی راہوں کی تعلیم دینے کی کوشش کرنی چاہئے۔—‏۲-‏تیمتھیس ۱:‏۵؛‏ ۳:‏۱۴، ۱۵‏۔‏

۲.‏ اگر گھر میں بچے نہ ہوں تو کیا پھربھی خاندانی مطالعہ ضروری ہے؟ وضاحت کریں۔‏

۲ اسکا یہ مطلب نہیں کہ خدا کے کلام کا خاندانی مطالعہ صرف اُنہی گھرانوں کے لئے ہے جن کے بچے ہیں۔ اگر خاندان میں بچے نہ ہوں توبھی شوہر اور بیوی خاندانی مطالعہ کرنے سے روحانی چیزوں کے لئے گہری قدردانی ظاہر کرتے ہیں۔—‏افسیوں ۵:‏۲۵، ۲۶‏۔‏

۳.‏ خاندانی مطالعے میں باقاعدگی کیوں اہم ہے؟‏

۳ زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے کے لئے باقاعدہ تعلیم‌وتربیت ہونی چاہئے جو اس سبق کے عین مطابق ہے جو یہوواہ نے اسرائیل کو بیابان میں سکھایا تھا:‏ ”‏انسان صرف روٹی ہی سے جیتا نہیں رہتا بلکہ ہر اُس بات سے جو خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ کے مُنہ سے نکلتی ہے وہ جیتا رہتا ہے۔“‏ (‏استثنا ۸:‏۳)‏ خاندان کے حالات کے مطابق بعض گھرانے ہفتہ‌وار مطالعہ کا بندوبست کر سکتے ہیں؛ بعض روزانہ تھوڑے تھوڑے وقت کے لئے مطالعہ کر سکتے ہیں۔ آپ خواہ کسی بھی بندوبست کا انتخاب کریں مطالعے کو اتفاقیہ نہ بنائیں۔ اس کے لئے ’‏وقت نکالیں۔‘‏ ایسے وقت کے لئے درکار قیمت ادا کرنا نفع‌بخش سرمایہ‌کاری ہے۔ آپ کے خاندان کے افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔—‏افسیوں ۵:‏۱۵-‏۱۷؛‏ فلپیوں ۳:‏۱۶‏۔‏

ذہن میں رکھنے والے نشانے

۴، ۵.‏ (‏ا)‏ موسیٰ کے ذریعے یہوواہ نے والدین کے سامنے اپنے بچوں کو تعلیم دینے کے سلسلے میں کونسا اہم نشانہ رکھا تھا؟ (‏ب)‏ آجکل اس میں کیا کچھ شامل ہے؟‏

۴ خاندانی مطالعہ کراتے وقت اگر آپ کے ذہن میں واضح نشانے ہیں تو یہ زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔ چند ایک ممکنات پر غور کیجئے۔‏

۵ ہر مطالعہ پر یہوواہ خدا کیلئے محبت کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔‏ ملکِ‌موعود میں داخل ہونے سے پہلے، جب اسرائیل موآب کے میدانوں میں جمع تھا تو موسیٰ نے اُنکی توجہ اُس حکم پر دلائی جسے بعدازاں یسوع مسیح نے ”‏توریت“‏ کا سب سے ”‏بڑا“‏ حکم کہا۔ وہ کیا تھا؟ ”‏تُو اپنے سارے دل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت سے خداوند [‏”‏یہوواہ،“‏ این‌ڈبلیو]‏ اپنے خدا سے محبت رکھ۔“‏ (‏متی ۲۲:‏۳۶، ۳۷؛‏ استثنا ۶:‏۵)‏ موسیٰ نے اسرائیلیوں کو تاکید کی کہ اسے اپنے دلوں پر نقش کریں اور اپنے بچوں کو بھی سکھائیں۔ یہ یہوواہ سے محبت کرنے کی وجوہات پر توجہ دلانے، ایسی محبت کی راہ میں حائل ہونے والے رُجحانات اور طرزِعمل سے نپٹنے اور اُنکی اپنی زندگیوں میں یہوواہ کیلئے محبت کا مظاہرہ کرنے کیلئے دہرائی کا تقاضا کرتا ہے۔ کیا ہمارے بچوں کو ایسی ہی تعلیم‌وتربیت کی ضرورت ہے؟ جی‌ہاں!‏ اُنہیں بھی ’‏اپنے دل کا ختنہ‘‏ کرانے یعنی ایسی ہر چیز کو دُور کرنے کی ضرورت ہے جو خدا کیلئے اُنکی محبت کی راہ میں رکاوٹ ڈالیگی۔ (‏استثنا ۱۰:‏۱۲، ۱۶؛‏ یرمیاہ ۴:‏۴‏)‏ ایسی رکاوٹوں میں سے ایک دُنیا کی چیزوں اور اسکے کاموں میں مست ہو جانے کے مواقع سے فائدہ اُٹھانے کی خواہش ہو سکتی ہے۔ (‏۱-‏یوحنا ۲:‏۱۵، ۱۶‏)‏ یہوواہ کیلئے محبت فعال اور اسقدر واضح ہونی چاہئے کہ اس سے ہمیں اپنے آسمانی باپ کو خوش کرنے والے کام کرنے کی تحریک ملنی چاہئے۔ (‏۱-‏یوحنا ۵:‏۳‏)‏ خاندانی مطالعے سے طویل‌المیعاد فوائد حاصل کرنے کیلئے ہر مطالعہ ایسے طریقے سے کرایا جانا چاہئے جس سے ایسی محبت تقویت پائے۔‏

۶.‏ (‏ا)‏ صحیح علم فراہم کرنا کس چیز کا تقاضا کرتا ہے؟ (‏ب)‏ صحائف صحیح علم کی اہمیت پر کیسے زور دیتے ہیں؟‏

۶ خدائی تقاضوں کا صحیح علم دیں۔‏ اس میں کیا کچھ شامل ہے؟ اس میں کسی کتاب یا رسالے سے جواب پڑھنے سے زیادہ کچھ شامل ہے۔ یہ اکثر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے گفتگو کا تقاضا کرتا ہے کہ کلیدی الفاظ اور بنیادی خیالات کو واضح طور پر سمجھ لیا گیا ہے۔ صحیح علم نئی انسانیت کو پہننے کا بنیادی عنصر ہے جو زندگی کے مسائل کا سامنا کرتے وقت اہم باتوں پر توجہ مرکوز رکھنے اور یوں خدا کو واقعی خوش کرنے والے کام کرنے میں مدد کرتا ہے۔—‏فلپیوں ۱:‏۹-‏۱۱؛‏ کلسیوں ۱:‏۹، ۱۰؛‏ ۳:‏۱۰‏۔‏

۷.‏ (‏ا)‏ کن سوالات کا استعمال مطالعے کے مواد کا عملی اطلاق کرنے میں خاندان کی مدد کر سکتا ہے؟ (‏ب)‏ صحائف ایسے نشانوں کی قدروقیمت پر کیسے زور دیتے ہیں؟‏

۷ سیکھی ہوئی باتوں کا عملی اطلاق کرنے میں مدد دیں۔‏ اس نصب‌العین کے پیشِ‌نظر، ہر خاندانی مطالعے کے دوران پوچھیں:‏ ’‏اس مواد کو ہماری زندگیوں پر کیسے اثرانداز ہونا چاہئے؟ کیا یہ ہماری موجودہ کارگزاریوں میں کچھ تبدیلی پیدا کرنے کا تقاضا کرتا ہے؟ ہمیں ردوبدل کیوں کرنا چاہئے؟‘‏ (‏امثال ۲:‏۱۰-‏۱۵؛‏ ۹:‏۱۰؛‏ یسعیاہ ۴۸:‏۱۷، ۱۸‏)‏ سیکھی ہوئی باتوں کے عملی اطلاق پر کافی غوروفکر کرنا خاندانی ارکان کی روحانی ترقی کا اہم عنصر ہو سکتا ہے۔‏

تعلیمی آلات کا دانشمندانہ استعمال

۸.‏ نوکر جماعت نے بائبل مطالعے کیلئے کونسے آلات فراہم کئے ہیں؟‏

۸ ”‏دیانتدار اور عقلمند نوکر“‏ نے ایسے آلات بکثرت فراہم کئے ہیں جنہیں مطالعے کے لئے استعمال کِیا جا سکتا ہے۔ بائبل کیساتھ استعمال کرنے کیلئے مینارِنگہبانی رسالہ ۱۳۱ زبانوں میں دستیاب ہے۔ بائبل مطالعہ کیلئے کتابیں ۱۵۳ زبانوں میں، بروشر ۲۸۴ زبانوں میں، آڈیوکیسٹس ۶۱ زبانوں میں، ویڈیوکیسٹس ۴۱ زبانوں میں، حتیٰ‌کہ بائبل تحقیق کیلئے کمپیوٹر پروگرام بھی ۹ زبانوں میں دستیاب ہے!‏—‏متی ۲۴:‏۴۵-‏۴۷‏۔‏

۹.‏ مینارِنگہبانی کا خاندانی مطالعہ کرتے وقت ہم پیراگراف میں حوالہ‌شُدہ صحائف کی مشورت کا اطلاق کیسے کر سکتے ہیں؟‏

۹ بہتیرے گھرانے خاندانی مطالعے کے وقت کو کلیسیائی مینارِنگہبانی کا مطالعہ تیار کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ یہ کسقدر مفید ثابت ہو سکتا ہے!‏ مینارِنگہبانی میں ایسی بنیادی روحانی خوراک ہوتی ہے جو عالمگیر پیمانے پر یہوواہ کے لوگوں کو تقویت دینے کے لئے فراہم کی جاتی ہے۔ جب آپ بطور خاندان مینارِنگہبانی کا مطالعہ کرتے ہیں تو پیراگراف پڑھنے اور چھپے ہوئے سوالات کے جواب دینے سے زیادہ کچھ کریں۔ اشتیاق کیساتھ فہم کے طالب ہوں۔ ایسے صحائف دیکھنے کے لئے وقت نکالیں جنکا صرف حوالہ دیا گیا ہے مگر اقتباس پیش نہیں کِیا گیا۔ خاندان کے ارکان کو ان پر تبصرہ کرنے کی دعوت دیں کہ یہ زیرِغور پیراگراف کے بیان سے کیسے تعلق رکھتے ہیں۔ اس میں دلی شوق کا اظہار کریں۔—‏امثال ۴:‏۷،‏ ۲۳؛‏ اعمال ۱۷:‏۱۱‏۔‏

۱۰.‏ بچوں کو مطالعے میں شریک کرنے اور اُن کیلئے اسے پُرلطف موقع بنانے کی غرض سے ہم کیا کر سکتے ہیں؟‏

۱۰ اگر آپ کے گھرانے میں بچے ہیں تو اپنے مطالعے کو محض خاندانی معمول سے بڑھکر تقویت‌بخش، دلچسپ اور پُرلطف وقت بنانے کے لئے آپ کیا کر سکتے ہیں؟ ہر ایک کو موزوں طریقے سے شامل کرنے کی کوشش کریں تاکہ توجہ مطالعے کے مواد پر مُرتکز رہے۔ اگر ممکن ہو تو ہر بچے کے لئے اُس کی اپنی بائبل اور اپنے رسالے کا بندوبست کریں۔ یسوع کی طرف سے ظاہرکردہ محبت‌وتپاک کی نقل کرتے ہوئے، ایک ماں یا باپ چھوٹے بچے کو بازوؤں میں لیکر اپنے پاس بٹھا سکتا ہے۔ (‏مقابلہ کریں مرقس ۱۰:‏۱۳-‏۱۶‏۔)‏ خاندان کا سردار کسی بچے سے مطالعے کے مواد کے ساتھ دی گئی تصویر کی وضاحت کرنے کیلئے کہہ سکتا ہے۔ کسی چھوٹے بچے کو پہلے ہی سے کوئی صحیفہ پڑھنے کے لئے کہا جا سکتا ہے۔ کسی بڑے بچے کو مطالعے کے مواد کے عملی اطلاق کے مواقع کی نشاندہی کرنے کی تفویض دی جا سکتی ہے۔‏

۱۱.‏ دیگر کونسے تعلیمی آلات فراہم کئے گئے ہیں اور یہ کہاں دستیاب ہیں، خاندانی مطالعے کے سلسلے میں اُنہیں مفید طور پر کیسے استعمال کِیا جا سکتا ہے؟‏

۱۱ اگرچہ آپ مینارِنگہبانی کو اپنی گفتگو کی بنیاد کے طور پر استعمال کر رہے ہیں توبھی مطالعے کے دیگر آلات کو مت بھولیں جو بہتیری زبانوں میں دستیاب ہیں۔ اگر کسی بائبل اصطلا‌ح کا پس‌منظر یا وضاحت درکار ہو تو اسے انسائٹ آن دی سکرپچرز سے حاصل کِیا جا سکتا ہے۔ دیگر سوالات کے جواب واچ ٹاور پبلیکیشنز انڈیکس دیکھنے یا سوسائٹی کے مہیاکردہ کمپیوٹر ریسرچ پروگرام کو استعمال کرنے سے دئے جا سکتے ہیں۔ اگر یہ آلات آپکی زبان میں دستیاب ہیں تو انہیں استعمال کرنا سیکھنا آپ کے خاندانی مطالعے کا قابلِ‌قدر حصہ ہو سکتا ہے۔ نوجوانوں کی دلچسپی اُبھارنے کے پیشِ‌نظر، آپ اپنے مطالعے کے دوران سوسائٹی کی معلوماتی ویڈیوز میں سے کوئی دیکھنے یا آڈیوکیسٹ پر ڈرامے کا کچھ حصہ سننے اور پھر اُس پر گفتگو کرنے کیلئے کچھ وقت مختص کر سکتے ہیں۔ مطالعے کے ان آلات کا اچھا استعمال آپکے خاندانی مطالعے کو دلچسپ اور پورے خاندان کیلئے مفید بنا سکتا ہے۔‏

مطالعے کو اپنے خاندان کی ضروریات کے مطابق ڈھالیں

۱۲.‏ خاندان کی فوری ضروریات سے نپٹنے کیلئے خاندانی مطالعہ کیا کردار ادا کر سکتا ہے؟‏

۱۲ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کا خاندان اکثر ہفتے کیلئے مینارِنگہبانی کے سبق کا مطالعہ کرتا ہے۔ تاہم، خاندان کو درپیش مسائل سے باخبر رہیں۔ اگر ماں کوئی ملازمت نہیں کرتی تو جب بچے سکول سے گھر واپس آتے ہیں تو وہ ہر روز اُن کیساتھ وقت صرف کرنے کے قابل ہو سکتی ہے۔ بعض معاملات کو اُسی وقت حل کِیا جا سکتا ہے؛ دیگر شاید مزید توجہ کا تقاضا کریں۔ جب خاندانی ضروریات فوری نوعیت کی ہوں تو اُنہیں نظرانداز نہ کریں۔ (‏امثال ۲۷:‏۱۲‏)‏ ان میں صرف سکول کے مسائل ہی نہیں بلکہ دیگر حالتیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ موزوں مواد کا انتخاب کریں اور خاندان کو قبل‌ازوقت بتا دیں کہ مطالعے میں کیا کچھ زیرِبحث آئیگا۔‏

۱۳.‏ غربت کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں خاندانی گفتگو کیونکر مفید ثابت ہو سکتی ہے؟‏

۱۳ مثال کے طور پر، دُنیا کا بیشتر حصہ غربت کی لپیٹ میں ہے؛ لہٰذا بہتیری جگہوں پر اس موضوع پر گفتگو ضروری ہو سکتی ہے کہ اس پر کیسے قابو پایا جا سکتا ہے۔ کیا زندگی کے حقیقی حالات اور بائبل اصولوں پر مبنی خاندانی مطالعہ آپکے گھرانے کیلئے مفید ہوگا؟—‏امثال ۲۱:‏۵؛‏ واعظ ۹:‏۱۱؛‏ عبرانیوں ۱۳:‏۵، ۶،‏ ۱۸‏۔‏

۱۴.‏ کونسی حالتیں تشدد، جنگ اور مسیحی غیرجانبداری کی بابت یہوواہ کے نظریے پر خاندانی گفتگو کو برمحل بنا سکتی ہیں؟‏

۱۴ تشدد ایک اَور موضوع ہے جس پر گفتگو کی جانی چاہئے۔ یہوواہ کا نقطۂ‌نظر ہم سب کے دل‌ودماغ پر اچھی طرح نقش ہونا چاہئے۔ (‏پیدایش ۶:‏۱۳؛‏ زبور ۱۱:‏۵‏)‏ اس موضوع پر خاندانی مطالعہ میں اجتماعی طور پر گفتگو کی جا سکتی ہے کہ سکول میں غنڈہ‌گردی سے کیسے نپٹا جائے، آیا مارشل آرٹس کی تربیت حاصل کی جائے اور موزوں تفریح کا انتخاب کیسے کِیا جائے۔ تشددآمیز فسادات بہت عام ہو گئے ہیں؛ تقریباً ہر ملک میں خانہ‌جنگی، سیاسی یا طبقاتی آویزش یا گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ نتیجتاً، آپ کے خاندان کو جھگڑالو فرقوں کے درمیان رہتے ہوئے مسیحی چال‌چلن برقرار رکھنے کی بابت گفتگو کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔—‏یسعیاہ ۲:‏۲-‏۴؛‏ یوحنا ۱۷:‏۱۶‏۔‏

۱۵.‏ بچوں کو جنس اور شادی کی بابت تعلیم کیسے دی جانی چاہئے؟‏

۱۵ جب بچے بڑے ہو جاتے ہیں تو اُنہیں اُن کی عمر کے مطابق جنس اور شادی کی بابت تعلیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ بعض ثقافتوں میں زیادہ‌تر والدین کبھی بھی اپنے بچوں کیساتھ جنس کی بابت گفتگو نہیں کرتے۔ لاعلم بچے دیگر نوجوانوں سے اسکی بابت اُلٹی سیدھی باتیں سنتے ہیں جسکا انجام تباہ‌کُن ہو سکتا ہے۔ کیا یہوواہ کی نقل کرنا اچھا نہیں ہوگا جو بائبل میں اس موضوع پر واضح مگر مہذب انداز میں مشورت پیش کرتا ہے؟ خدائی مشورت عزتِ‌نفس برقرار رکھنے اور مخالف جنس والوں کے ساتھ احترام سے پیش آنے میں ہمارے بچوں کی مدد کریگی۔ (‏امثال ۵:‏۱۸-‏۲۰؛‏ کلسیوں ۳:‏۵؛‏ ۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۳-‏۸‏)‏ اگر آپ ان معاملات پر پہلے گفتگو کر چکے ہیں توبھی ان پر دوبارہ بات کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ نئی صورتحال پیدا ہو جانے کی وجہ سے دہرائی اہم ہو جاتی ہے۔‏

۱۶.‏ (‏ا)‏ مختلف گھرانوں میں، خاندانی مطالعہ کب کِیا جاتا ہے؟ (‏ب)‏ باقاعدہ خاندانی مطالعہ کرنے کیلئے آپ نے رکاوٹوں پر کیسے قابو پایا ہے؟‏

۱۶ خاندانی مطالعہ کب کِیا جا سکتا ہے؟ پوری دُنیا میں بیت‌ایل خاندانوں کی نقل کرتے ہوئے، بہتیرے گھرانے اپنا خاندانی مطالعہ سوموار کی شب کرتے ہیں۔ دیگر کا بندوبست مختلف ہوتا ہے۔ ارجنٹینا میں ۱۱ افراد پر مشتمل ایک خاندان، جس میں ۹ بچے ہیں، باقاعدگی سے ہر صبح پانچ بجے اپنا خاندانی مطالعہ کرنے کیلئے جاگتا تھا۔ کام کے مختلف اوقات کی وجہ سے کسی اَور وقت پر مطالعہ کرنا ممکن نہیں تھا۔ یہ سہل تو نہیں تھا مگر اس سے بچوں کے دل‌ودماغ پر خاندانی مطالعے کی اہمیت نقش ہوگئی۔ فلپائن میں جب ایک بزرگ کے تین بچے بڑے ہو رہے تھے تو وہ اپنی بیوی اور بچوں کیساتھ باقاعدگی سے خاندانی مطالعہ کرتا تھا۔ ہفتے کے دوران والدین ہر بچے کیساتھ ذاتی مطالعہ بھی کرتے تھے تاکہ ہر ایک سچائی کو اپنا لے۔ ریاستہائے‌متحدہ میں، ایک بہن جسکا شوہر گواہ نہیں ہے ہر صبح اپنے بچوں کو سکول کی بس پر بٹھانے کیلئے پیدل جاتی ہے۔ بس کا انتظار کرتے ہوئے، وہ موزوں صحیفائی مطالعے کا مواد پڑھنے اور اس پر گفتگو کرنے میں تقریباً دس منٹ صرف کرتے ہیں اور پھر ماں بچوں کے بس میں سوار ہونے سے قبل چھوٹی سی دُعا کرتی ہے۔ عوامی جمہوریہ کانگو میں، ایک خاتون کو جسکا بے‌ایمان شوہر خاندان کو چھوڑ کر چلا گیا اپنی محدود تعلیم کی وجہ سے مطالعے کیلئے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔ اُسکا بڑا بیٹا مدد کرنے کیلئے ہر ہفتے خاندان کے پاس آتا ہے اور اپنی ماں اور اپنے چھوٹے بھائیوں کیساتھ مطالعے میں پیشوائی کرتا ہے۔ ماں مستعد تیاری سے عمدہ نمونہ قائم کرتی ہے۔ کیا کوئی ایسی صورتحال ہے جو آپکے گھرانے میں باقاعدہ خاندانی مطالعے کو مشکل بناتی ہے؟ دلبرداشتہ نہ ہوں۔ باقاعدہ بائبل مطالعہ کرنے کیلئے اپنی کوششوں پر یہوواہ کی برکت کے خلوصدلی سے خواہاں ہوں۔—‏مرقس ۱۱:‏۲۳، ۲۴‏۔‏

مستقل‌مزاجی کے اجر

۱۷.‏ (‏ا)‏ باقاعدہ خاندانی مطالعہ کرنے کے لئے کیا درکار ہے؟ (‏ب)‏ کونسے تجربات یہوواہ کی راہوں میں باقاعدہ خاندانی تعلیم‌وتربیت کی قدروقیمت کو نمایاں کرتے ہیں؟‏

۱۷ منصوبہ‌سازی کی ضرورت ہے۔ مستقل‌مزاجی درکار ہے۔ تاہم، باقاعدہ خاندانی مطالعہ سے حاصل ہونے والے فوائد ایسی جدوجہد کے مستحق ہیں۔ (‏امثال ۲۲:‏۶؛‏ ۳-‏یوحنا ۴‏)‏ جرمنی میں فرینز اور ہلڈا نے ۱۱ بچوں پر مشتمل خاندان کی پرورش کی تھی۔ سالوں بعد اُنکی بیٹی میگڈلینا نے بیان کِیا:‏ ”‏آج میرے نزدیک نہایت اہم بات یہ ہے کہ ایسا کوئی بھی دن نہیں تھا جب ہمیں روحانی تعلیم‌وتربیت نہ ملی ہو۔“‏ جب اڈولف ہٹلر کے زمانے میں قوم‌پرستی کا جذبہ شدت اختیار کر گیا تو میگڈلینا کے والد نے اپنے خاندان کو آنے والی آزمائشوں کیلئے تیار کرنے کی غرض سے بائبل استعمال کی۔ ایک وقت آیا کہ خاندان کے نوعمر افراد کو پکڑ کر اصلاحی سکول میں ڈال دیا گیا؛ خاندان کے دیگر افراد کو گرفتار کرکے جیلوں اور مراکزِاسیران میں رکھا گیا۔ بعض کو ہلاک کر دیا گیا۔ اُن سب کا ایمان مضبوط رہا—‏نہ صرف اُس شدید اذیت کے وقت میں بلکہ بچ جانے والوں کیلئے آئندہ سالوں میں بھی۔‏

۱۸.‏ سنگل پیرنٹس کی کاوشیں کیسے بااجر ثابت ہوئی ہیں؟‏

۱۸ بہت سے سنگل پیرنٹس اور فرق ایمان رکھنے والے بیاہتا ساتھیوں کے ساتھ رہنے والے لوگوں نے بھی اسی طرح اپنے بچوں کو بائبل سے باقاعدہ تعلیم‌وتربیت فراہم کی ہے۔ انڈیا میں ایک تنہا بیوہ ماں نے اپنے دو بچوں کے دلوں میں یہوواہ کی محبت جاگزیں کرنے کے لئے بہت محنت کی۔ تاہم، جب اُس کے بیٹے نے یہوواہ کے لوگوں کی رفاقت ترک کر دی تو اُسے دلی صدمہ پہنچا۔ اُس نے یہوواہ سے التجا کی کہ اگر اپنے بیٹے کی تربیت میں اُس سے کوئی خطا ہو گئی ہے تو وہ اُسے معاف فرمائے۔ تاہم، بیٹے نے جوکچھ سیکھا تھا اُسے بالکل فراموش نہیں کِیا تھا۔ ایک عشرے سے کچھ زیادہ وقت کے بعد وہ واپس آ گیا، عمدہ روحانی ترقی کی اور کلیسیا میں بزرگ بن گیا۔ اب وہ اور اُس کی اہلیہ کُل‌وقتی پائنیر خادموں کے طور پر خدمت انجام دیتے ہیں۔ خاندانی دائرے میں بائبل سے باقاعدہ تعلیم‌وتربیت فراہم کرنے کے لئے یہوواہ اور اُس کی تنظیم کی مشورت کو دلنشین کرنے والے والدین کتنے شکرگزار ہیں!‏ کیا آپ اپنے گھرانے میں اس مشورت کا اطلاق کر رہے ہیں؟‏

کیا آپ وضاحت کر سکتے ہیں؟‏

◻باقاعدہ خاندانی مطالعہ کیوں اہم ہے؟‏

◻ہر خاندانی مطالعے میں ہمارے نشانے کیا ہونے چاہئیں؟‏

◻تعلیم دینے کیلئے کونسے آلات ہمارے لئے دستیاب ہیں؟‏

◻مطالعے کو خاندانی ضروریات کے مطابق کیسے ڈھالا جا سکتا ہے؟‏

‏[‏صفحہ 15 پر تصویر]‏

قطعی نصب‌العین آپکے خاندانی مطالعے کو بہتر بنائیں گے

    اُردو زبان میں مطبوعات (‏2026-‏2000)‏
    لاگ آؤٹ
    لاگ اِن
    • اُردو
    • شیئر کریں
    • ترجیحات
    • Copyright © 2026 Watch Tower Bible and Tract Society of Pennsylvania
    • اِستعمال کی شرائط
    • رازداری کی پالیسی
    • رازداری کی سیٹنگز
    • JW.ORG
    • لاگ اِن
    شیئر کریں