سبق نمبر 23
بپتسمہ لینا کیوں ضروری ہے؟
یسوع مسیح نے بتایا کہ مسیحیوں کے لیے بپتسمہ لینا لازمی ہے۔ (متی 28:19، 20 کو پڑھیں۔) لیکن بپتسمہ کیا ہے؟ اور ایک شخص کو کیا کرنا چاہیے تاکہ وہ بپتسمہ لینے کے لائق بن سکے؟
1. بپتسمہ کیا ہے؟
جس یونانی لفظ کا ترجمہ بپتسمہ کِیا گیا ہے، اُس کا لفظی مطلب ”ڈبکی دینا“ ہے۔ جب یسوع مسیح نے بپتسمہ لیا تو اُنہیں دریائےاُردن میں ڈبکی دی گئی اور پھر وہ ”پانی سے باہر آئے۔“ (مرقس 1:9، 10) اِسی طرح سچے مسیحیوں کو بھی بپتسمے کے وقت پانی میں ڈبکی دی جاتی ہے۔
2. بپتسمہ لینے سے ایک شخص کیا ظاہر کرتا ہے؟
بپتسمہ لینے سے ایک شخص ظاہر کرتا ہے کہ اُس نے اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لیے وقف کر دی ہے۔ ایک شخص یہوواہ خدا کے لیے اپنی زندگی کیسے وقف کرتا ہے؟ وہ بپتسمے سے پہلے دُعا میں یہوواہ کو بتاتا ہے کہ وہ ساری زندگی اُس کی خدمت کرنا چاہتا ہے۔ وہ یہوواہ سے وعدہ کرتا ہے کہ وہ صرف اُس کی عبادت کرے گا اور اُس کی مرضی کو اپنی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت دے گا۔ وہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ ’اپنے لیے جینا چھوڑ دے گا اور یسوع کی پیروی کرتا رہے گا‘ یعنی اُن کی تعلیمات اور مثال پر عمل کرتا رہے گا۔ (متی 16:24) جب ایک شخص یہوواہ کے لیے اپنی زندگی وقف کرتا ہے اور بپتسمہ لیتا ہے تو وہ یہوواہ کے ساتھ اور اپنے ہمایمانوں کے ساتھ قریبی دوستی قائم کر سکتا ہے۔
3. ایک شخص بپتسمہ لینے کے لائق کیسے بن سکتا ہے؟
بپتسمہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ یہوواہ خدا کو قریب سے جانیں اور اُس پر اپنا ایمان مضبوط کریں۔ (عبرانیوں 11:6 کو پڑھیں۔) جیسے جیسے آپ یہوواہ کے بارے میں سیکھیں گے اور اُس پر اپنا ایمان مضبوط کریں گے ویسے ویسے اُس کے لیے آپ کی محبت بڑھے گی۔ پھر آپ کے دل میں یہ خواہش پیدا ہوگی کہ آپ دوسروں کو یہوواہ خدا کے بارے میں بتائیں اور اُس کے معیاروں کے مطابق زندگی گزاریں۔ (2-تیمُتھیُس 4:2؛ 1-یوحنا 5:3) جب ایک شخص کا ”چالچلن یہوواہ کے لائق“ ہوتا ہے اور وہ ”ہر معاملے میں اُسے خوش“ کرتا ہے تو وہ اُس کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے اور بپتسمہ لینے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔—کُلسّیوں 1:9، 10۔a
موضوع کی گہرائی میں جائیں
دیکھیں کہ ہم یسوع مسیح کے بپتسمے سے کیا سیکھ سکتے ہیں اور ایک شخص بپتسمہ لینے کے لائق کیسے بن سکتا ہے۔
4. ہم یسوع مسیح کے بپتسمے سے اہم باتیں سیکھ سکتے ہیں
متی 3:13-17 کو پڑھیں اور یسوع کے بپتسمے کے بارے میں کچھ تفصیل جانیں۔ پھر اِن سوالوں پر باتچیت کریں:
جب یسوع کا بپتسمہ ہوا تو کیا وہ چھوٹے سے بچے تھے؟
اُن کا بپتسمہ کیسے ہوا؟ کیا اُن پر صرف پانی کا چھڑکاؤ کِیا گیا تھا؟
یسوع مسیح نے بپتسمہ لینے کے بعد وہ خاص کام شروع کِیا جو خدا نے اُنہیں دیا تھا۔ لُوقا 3:21-23 اور یوحنا 6:38 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
بپتسمہ لینے کے بعد یسوع مسیح نے کس کام کو سب سے زیادہ اہمیت دی؟
5. آپ بپتسمہ لینے کے لائق بن سکتے ہیں
ہو سکتا ہے کہ شروع شروع میں جب آپ خدا کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے اور بپتسمہ لینے کے بارے میں سوچیں تو آپ گھبرا جائیں۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ آپ اپنی گھبراہٹ پر قابو پا سکتے ہیں اور اِعتماد سے اپنی زندگی کا یہ اہم فیصلہ کر سکتے ہیں۔ کچھ ایسے لوگوں کے بارے میں جاننے کے لیے جن کی زندگی میں ایسا ہی ہوا، ویڈیو چلائیں۔
یوحنا 17:3 اور یعقوب 1:5 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
ایک شخص بپتسمہ لینے کے لائق کیسے بن سکتا ہے؟
(1) جب ہم دُعا میں یہوواہ خدا کو بتاتے ہیں کہ ہم ساری زندگی اُس کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو ہم اپنی زندگی اُس کے لیے وقف کرتے ہیں۔
(2)جب ہم بپتسمہ لیتے ہیں تو ہم دوسروں کے سامنے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہم نے اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لیے وقف کر دی ہے۔
6. بپتسمہ لینے سے ہم یہوواہ کے خاندان کا حصہ بن جاتے ہیں
جب ہم بپتسمہ لیتے ہیں تو ہم ایک ایسے خاندان کا حصہ بن جاتے ہیں جو پوری دُنیا میں پھیلا ہوا ہے اور جس میں اِتحاد پایا جاتا ہے۔ چاہے ہم کہیں بھی رہتے ہوں یا کسی بھی قوم یا نسل وغیرہ سے تعلق رکھتے ہوں، ہم ایک جیسے عقیدوں کو مانتے ہیں اور ایک جیسے معیاروں کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ زبور 25:14 اور 1-پطرس 2:17 کو پڑھیں اور پھر اِس سوال پر باتچیت کریں:
جب ایک شخص بپتسمہ لیتا ہے تو یہوواہ خدا اور اُس کے بندوں کے ساتھ اُس کی دوستی پر کیا اثر ہوتا ہے؟
کچھ لوگ کہتے ہیں: ”مَیں بپتسمہ لینے کے لیے تیار نہیں ہوں۔“
اگر آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے تو پھر بھی آپ کو بپتسمہ لینے کے بارے میں کیوں سوچنا چاہیے؟
خلاصہ
یسوع مسیح نے بتایا کہ مسیحیوں کے لیے بپتسمہ لینا لازمی ہے۔ بپتسمہ لینے کے لائق بننے کے لیے ایک شخص کو یہوواہ خدا پر اپنا ایمان مضبوط کرنا چاہیے، اُس کے معیاروں پر چلنا چاہیے اور اُس کے لیے اپنی زندگی وقف کرنی چاہیے۔
دُہرائی
بپتسمہ کیا ہے اور بپتسمہ لینا کیوں ضروری ہے؟
بپتسمہ لینے سے ایک شخص کیا ظاہر کرتا ہے؟
ایک شخص کو اپنی زندگی خدا کے لیے وقف کرنے اور بپتسمہ لینے کے لیے کون سے قدم اُٹھانے چاہئیں؟
مزید جانیں
اِس مضمون میں پڑھیں کہ بپتسمہ لینے کا کیا مطلب ہے اور کیا نہیں۔
اِس مضمون میں پڑھیں کہ ایک شخص بپتسمہ لینے کے لائق کیسے بن سکتا ہے۔
”بپتسمہ لینے کی بنیادی وجہ کیا ہونی چاہیے؟“ (مینارِنگہبانی، مارچ 2020ء)
اِس مضمون میں ایک ایسے شخص کے بارے میں پڑھیں جس نے جذبات میں آ کر نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر بپتسمہ لینے کا فیصلہ کِیا۔
”وہ چاہتے تھے کہ مَیں خود دیکھوں کہ سچائی کیا ہے“ (مینارِنگہبانی، اپریل-جون 2013ء)
اِس مضمون میں پڑھیں کہ آپ کو بپتسمہ لینے کے لائق بننے کی کوشش کیوں کرنی چاہیے اور آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔
”کیا مجھے بپتسمہ لینا چاہیے؟“ (نوجوانوں کے سوال اور اُن کے فائدہمند جواب، جِلد 2، باب 37)
a اگر کسی شخص نے پہلے کسی اَور مذہب میں بپتسمہ لیا ہو تو اُسے یہوواہ کے گواہ کے طور پر دوبارہ بپتسمہ لینا چاہیے۔ ایسا کیوں ہے؟ کیونکہ جس مذہب میں اُس نے پہلے بپتسمہ لیا تھا، اُس میں بائبل کی صحیح تعلیم نہیں دی جاتی تھی۔—اعمال 19:1-5 اور سبق نمبر 13 کو دیکھیں۔