ساتویں حصے کا تعارف
اِس حصے میں بادشاہ ساؤل اور بادشاہ داؤد کی زندگی کے واقعات بتائے گئے ہیں یعنی تقریباً 80 سالوں کے واقعات۔ شروع شروع میں ساؤل خاکسار تھے اور خدا کا خوف رکھتے تھے۔ لیکن پھر وہ بدل گئے اور اُنہوں نے یہوواہ کی بات ماننا چھوڑ دی۔ یہوواہ نے ساؤل کو رد کر دیا اور سموئیل سے کہا کہ وہ داؤد کو اِسرائیل کے اگلے بادشاہ کے طور پر مسح کریں۔ ساؤل داؤد سے جلنے لگے اور اُنہوں نے کئی دفعہ داؤد کو جان سے مارنے کی کوشش کی۔ لیکن داؤد نے کبھی بھی اُن سے بدلہ نہیں لیا۔ ساؤل کے بیٹے یونتن کو پتہ تھا کہ یہوواہ نے داؤد کو چُنا ہے۔ اِس لیے وہ داؤد کا ساتھ دیتے تھے۔ داؤد نے کچھ بڑے گُناہ کیے۔ لیکن جب یہوواہ نے اُن کی اِصلاح کی تو اُنہوں نے یہوواہ کی بات مانی۔ اگر آپ کے بچے ہیں تو اُن کی یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ یہ کتنا ضروری ہے کہ ہم ہمیشہ یہوواہ کے بندوبست کی حمایت کریں۔